نیوز ڈیسک
جموں//پولیس نے کشمیر سے پنجاب جا رہے ایک ٹرک کو ادھم پور کے مقام پر روک کر اسکی تلاشی لی، جس دوران بھاری مقدار میں منشیات کو بر آمد کر کے گاڑی کے ڈارئیور کو گرفتار کیا گیا ۔ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس (اے ڈی جی پی) مکیش سنگھ نے کہا، “چنینی کے نزدیک ہائی وے پر زیرو پوائنٹ پر گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران، کشمیر سے آنے والے اور پنجاب کے نواں شہر کے کلوندر سنگھ کے ذریعے چلائے جانے والے ٹرک کو روکا گیا”۔انہوں نے کہا کہ گاڑی کی تلاشی لینے پر ہیروئن کے 18 پیکٹ جن کا وزن تقریباً 21.5 کلوگرام تھا، قبضے میں لے لیا گیا۔مکیش سنگھ نے بتایا کہ ضبط شدہ ممنوعہ اشیاء کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت کروڑوںمیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔پولیس نے مزید بتایا کہ وہ اس کیس کو ہر ایک زاویہ سے دیکھ رہی ہے کہ اس میں کس کس قسم کے لوگ ملوث ہو سکتے ہیں۔
سرینگر سے جموں جانے والی ٹرک کی تلاشی | ادہم پور میں21کلو ہیروئن بر آمد،ڈرائیور گرفتار