سری نگر// جموں کی ایک عدالت نے بدھ کے روز جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے سربراہ محمد یاسین ملک کے خلاف پروڈکشن وارنٹ جاری کرتے ہوئے تہاڑ جیل حکام کو ہدایت دی کہ وہ انہیں روبیہ سعید اغوا معاملے کی سماعت کی اگلی تاریخ پر عدالت کے سامنے جسمانی طور پر پیش کریں۔
خبر رساں ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) سے بات کرتے ہوئے، سی بی آئی کے وکیل، ایڈوکیٹ مونیکا کوہلی نے کہا کہ ٹاڈا عدالت نے ملک کے خلاف پروڈکشن وارنٹ جاری کیا ہے اور تہاڑ جیل کے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ انہیں اگلی تاریخ کو اس کے سامنے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے سماعت کی اگلی تاریخ 20 اکتوبر کو مقرر ہے۔
یاد رہے کہ ملک نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ وہ انہیں کیس میں گواہوں پر جرح کے لیے جسمانی طور پر پیش ہونے کی اجازت دے۔
سی بی آئی کے وکیل نے کہا کہ کیس کے دیگر ملزمان کے وکلاء نے آج روبیہ سعید سے جرح کی۔
15 جولائی کو روبیہ نے یاسین ملک کی شناخت کی، جسے ایک اور کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے اور وہ اس وقت تہاڑ جیل میں بند ہیں۔
پی ڈی پی کی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے یاسین ملک کی اپنی بہن کے ذریعہ شناخت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس نے قانون کے مطابق اپنا فرض ادا کیا۔
روبیہ کو 8 دسمبر 1989 کو اغوا کیا گیا تھا اور پانچ دن بعد جے کے ایل ایف کے پانچ عسکریت پسندوں کی رہائی کے بدلے رہا کر دیا گیا تھا۔
روبیہ سعید اغوا معاملہ: یاسین ملک کو 20 اکتوبر کو عدالت میں پیش ہونے کی اجازت