روم// اٹلی میں ائر لائن کے کارکنوں کی ہڑتال کی وجہ سے کم از کم 400 ملکی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔کوریئر ڈیلا سیرا اخبار نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ رائن ائر، ولوٹیئر، ایجے جیٹ اور مالٹا ائر کے ملازمین نے اعلان کیا کہ وہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق 2 سے 6 بجے تک ہڑتال پر جائیں گے۔ اطالوی ایئر لائن ائرائرویز نے بھی اتوار کو 122 پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا، جو اس کی کل پروازوں کا 40 فیصد ہے۔ٹریڈ یونین کے عہدیداروں کے مطابق ہڑتال سے کل تقریباً 68 ہزار مسافر متاثر ہوں گے۔ ایئر لائن کے ملازمین نے کام کے حالات میں بہتری اور اجرتوں میں اضافے کے مطالبے کے لیے ہڑتال کی ہے۔ اس سے قبل 8 اور 25 جون کو ہڑتال کی گئی تھی۔ (یو این آئی)