جموں// نیشنل کانفرنس مائنارٹی سیل نے سرینگرپارلیمانی نشست کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پارٹی کے اُمیدوار اورسرپرست ڈاکٹر فاروق عبداللہ کیلئے حمایت حاصل کرنے کی غرض سے گھرگھرمہم تیزکردی ہے ۔اس سلسلے میں نیشنل کانفرنس کے سینئرلیڈران نے کیمپوں اورکیمپوں کے علاوہ رہنے والے مائیگرنٹو ں کے دروازوں پردستک دی۔ اس دوران پارٹی لیڈران نے مائنارٹی سیل کے لیڈران نے کشمیری پنڈتوں سے سیکولرطاقتوں کوکامیاب کرنے اورفرقہ پرست طاقتوں کوشکست دینے کیلئے نیشنل کانفرنس کے اُمیدوار ڈاکٹرفاروق عبداللہ کوکامیاب بنانے کی اپیل کی۔این سی مائنارٹی سیل کے عہدیداران کے ہمراہ این سی لیڈران نے جگٹی کیمپ ، نگروتہ کیمپ، بوٹا نگر، پرکھو، آنند نگر، بوہڑی ، سبھاش نگر، روپ نگر، درگانگر اورراج پورہ میں میٹنگوں سے خطاب کیا۔اس دوران این سی مائنارٹی سیل کے صوبائی صدرایم کے یوگی اور نائب صدر انل دھر نے رائے دہندگان سے بات کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے مائیگرنٹوں کی بہبود کیلئے کافی کام کیاہے اوران کودرپیش مسائل کاازالہ کرانے کیلئے پارٹی ہمہ تن مصروف ہے۔انہوں نے مائیگرنٹ رائے دہندگان سے اپیل کی کہ وہ نیشنل کانفرنس کے امیدوار ڈاکٹرفاروق عبداللہ کوووٹ دے کر فرقہ پرست طاقتوں کوشکست دیں۔ ایم کے یوگی نے کہاکہ پی ڈی پی۔بی جے پی مخلوط حکومت نے مائیگرنٹوں کونظرانداز کردیاہے ۔اس ضمن میں انہوں نے جگٹی اور دیگر مائیگرنٹ کالونیوں کی خستہ حالی کوبطورحوالہ پیش کیا۔اس سے پہلے ڈاکٹرفاروق عبداللہ کیلئے حمایت حاصل کرتے ہوئے مائنارٹی سیل کے چیئرمین اورسابق ایم ایل سی بھوشن لال بٹ نے ریاستی حکومت کی مائیگرنٹوں کے تئیں عدم توجہی پرتشویش کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ مائیگرنٹ نوجوانوں کوپرائم منسٹرروزگار کے تحت خالی پڑی اسامیوں کو تعینات نہیں کیاجارہاہے جوکہ مائیگرنٹوں کے ساتھ سراسرناانصافی ہے۔اس موقعہ پر جتن بٹ نے بھی مائیگرنٹوں کے مسائل اُجاگرکرتے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے ہی طبقہ کے مسائل کاازالہ کرانے کیلئے سنجیدگی کامظاہرہ کیاہے۔اس دوران مائنارٹی سیل لیڈران نے اننت ناگ پارلیمانی نشست سے غلام احمدمیرکے حق میں ووٹ دینے کی بھی اپیل کی۔