پونچھ //مغل شاہراہ سے برف صاف کرنے کے بعد انتظامیہ نے اس بات کافیصلہ لیاہے کہ اس روڈ کو اتوار کوٹریفک کیلئے کھول دیاجائے گا۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد ہارون نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ 23اپریل2017 بروز اتوارتک یہ راستہ بحال ہو جائے گا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سر دست یہ شاہراہ یکطرفہ ٹریفک کے لئے کھولی جائے گی اورٹریفک صبح 9بجے سے شام 4بجے تک ہی ٹریفک چھوڑا جائے گا،ہر گاڑی کو شام 5بجے تک پیر کی گلی عبور کرنا لازم ہوگا۔ اس کے علاوہ رات کے اوقات میں کسی بھی صورت میں گاڑیوں کو مغل روڈ پرسفر کرنے کی اجازت نہ ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ کے انجینئروں اور دیگر عملہ کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ مغل شاہراہ کو دو طرفہ ٹریفک کے قابل بنائے جانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برف سڑک سے مکمل طور پر ہٹا دی گئی ہے لیکن سڑک کی مرمت کا کام ابھی بھی جاری ہے ۔قابل ذکر ہے کہ اس تاریخی شاہراہ پر گاڑیوں کے چلنے سے اضلاع پونچھ اورراجوری کے ساتھ ساتھ کشمیر کے تاجروں کا انتظار بھی ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی سرگرمیوں کے لحاظ سے مغل شاہراہ انتہائی اہمیت رکھتی ہے جس سے دونوں خطوں کی خاص طور پر تاجروں کی کمیونٹی راحت کی سانس لے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا سڑک پر ٹریفک چلنے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے باضابطہ اعلان کے بعدہی گاڑیوں کے چلنے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ موسمی حالات کے پیش نظر فی الحال رات کو ٹریفک کے چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اسلئے گاڑیوں کو پانچ بجے شال سے پہلے پہلے پیر کی گلی عبور کرنی ہوگی۔ واضح رہے کہ تاریخی مغل شاہراہ شوپیاں تا پونچھ اضلاع کے ذریعے ایک متبادل رابطہ سڑک ہے جو پچھلے چار ماہ سے برفباری کے باعث بند پڑی ہوئی تھی ۔