راجوری //ریاسی کے تلواڑہ علاقے میں بکروال کنبے کی مار پیٹ کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے راجوری کے لوگوں نے شر پسندوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی مانگ کی ہے ۔ لوگوں نے راجوری کے عبداللہ پل کے مقام پر احتجاج کیاجس دوران گاڑیوں کی آمدورفت بھی بند رہی ۔بڑی تعداد میں لوگ شام پانچ بجے عبداللہ پل پر جمع ہوئے اور انہوںنے گاڑیوں کی آمدورفت بند کرکے احتجاج کیا۔انہوںنے کہاکہ ریاسی واقعہ لاقانونیت کا ثبوت ہے اوراس سے یہ ثابت ہوتاہے کہ ریاست کس طرح کے حالات سے گزر رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور حکومت کو ایسے غنڈہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ ا س طرح کے واقعات ناقابل برداشت ہیں اور اس سے پورے پیر پنچال خطے کا ماحول خراب ہوسکتاہے ۔ احتجاج کو دیکھتے ہوئے ایس ایچ او راجوری سدھانشو ورما اور انسپکٹر اجے چب موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے مظاہرین کو واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا یقین دلاکر احتجاج ختم کرایا۔