منجاکوٹ//منجاکوٹ پبلک ہیلتھ سنٹر میں بنیادی سہولیات کے فقدان پر مقامی لوگوں نے محکمہ صحت کو تنقید کا نشانہ بنایاہے ۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ محکمہ قواعد وضوابط کو مد نظر رکھتے ہوئے عام لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کرے ورنہ عوام محکمہ کے خلاف احتجاجی راستہ اختیار کرسکتے ہیں ۔ محمد الطاف ، صدام حسین اور جمیل احمد نے بتایا کہ منجاکوٹ پبلک ہیلتھ سنٹر میںعلاج کیلئے آنے والے لوگ جہاں ادویات پرائیویٹ دوکانوں سے لینے پر مجبور ہیں وہیں اسپتال کی عمارت میں پانی کانام ونشان تک نہیں جس کی وجہ سے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوںنے الزام لگایاکہ عملے کی طرف سے یہ تجویز دی جاتی ہے کہ دوائیاں فلانی دوکان سے خرید ی جائیں جو قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ سنٹر منجاکوٹ میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔