پونچھ//پانچ ماہ سے بند پڑی تنخواہ کو لے کر رہبرِ تعلیم فورم نے زور دار احتجاج کیا جس دوران انہوںنے کچھ دیر کیلئے چیف ایجوکیشن افسر دفتر پونچھ کو مقفل کردیا۔ بھاری تعداد میں اساتذہ سی ای اودفتر پونچھ میں جمع ہوئے اور انہوںنے نعرے بازی کی ۔انہوںنے کہاکہ ان کی رکی پڑی تنخواہیں فوری طور پر واگزار کی جائیں ۔اس موقعہ پر فورم کے ریاستی جنرل سیکریٹری نجم جعفری اور ضلع صدر سید محمد یوسف شاہ نے سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ کچھ دن پہلے ایس۔ ایس ۔اے سکیم کے تحت تنخواہ کی رقم وگذار کی گئی تھی جس میں پونچھ ضلع کے اساتذہ کو نظر انداز کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ ضلع پونچھ کے ملازمین سے ہمیشہ سوتیلا سلوک کیا جارہا ہے جسے اب برداشت نہیں کیا جائے گا ۔فورم عہدے داروںنے انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر ضلع پونچھ کے اساتذہ کی تنخواہیں وگذار نہ کی گئیں تو اساتذہ مسلسل بھوک ہڑتال پر بیٹھ جائیںگے۔اس موقعہ پربدردین راتھر، شاہنواز بخاری، شوکت چوہان ، جاوید لودھی ، شمیم الحسن، نیاز کرمانی، اسحق خیال، اکبر علی، پرویز احمد، گلناز چوہان، علی مرتضیٰ، شفیق چوہان، بلوندر سنگھ، امت پال سنگھ، مولوی فارق ، شہناز نقوی، الیاس احمد، فاروق بھٹی، شوکت احمد، اکرم میر، فاروق تنہا، عرفان علی بانڈے ، تصدق حسین، نے بھی خطاب کیا۔