سرنکوٹ//سرنکوٹ ۔پونچھ شاہراہ ہاڑی محلہ کے مقام پر اس قدر تباہ ہوگئی ہے کہ جب بارش ہوتی ہے تو وہ دریا کا منظر پیش کرتی ہے ۔واضح رہے ہاڑی محلہ سرنکوٹ بازار میں واقع ہے اور یہاں سڑک تنگ ہونے کے ساتھ ساتھ پوری طرح سے ختم بھی ہوچکی ہے ۔ اگرچہ مقامی بارہا اس سڑک کی مرمت کرنے اور اس پر تارکول بچھانے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں لیکن حکام کے کانوں جوں تک نہیں رینگ رہی ۔گزشتہ روز ہوئی بارش کے دوران سڑک کی حالت دیکھنے لائق تھی جہاںسے پیدل چلنا محال بن گیاتھا۔ ہاڑی محلہ کے ایک مقامی شخض نے بتایاکہ یہاں کنکریٹ نہیں کی گئی اور روڈ کی حالت دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ علاقہ میونسپل حدود میں ہے لیکن اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ، گندگی جگہ جگہ جمع ہے اور سڑک تباہ ہوچکی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جب دھوپ ہوتی ہے تو دھول ہی دھول اڑرہی ہوتی ہے اور جب بارش ہوتو کیچڑ پیچھا نہیں چھوڑتا۔انہوںںنے کہاکہ گریف حکام بھی خواب خرگوش میں ہیں اور یہاں کے لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں ۔