راجوری // کالاکوٹ کا ایک وفد ڈپٹی کمشنر راجوری سے ملاقی ہوا جنہوں نے بتایا کہ ڈگری کالج کی تعمیر چند لوگوں کے مفاد کی خاطر قبرستان اور قصبہ سے دور کی جارہی ہے جبکہ سابقہ وزیر تعلیم نعیم اختر نے بھی موجودہ جگہ پر ڈگری کالج تعمیر کرنے سے انکار کیا تھا تاہم مخلوط سرکار کے لیڈران کی ایما اور چند ہی لوگوں کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے ڈگری کالج کی تعمیر کا کام ہورہا ہے جو مقامی لوگوں اور کالاکوٹ کے عام لوگوں کو قطعی منظور نہیں ہے ۔ وفد میں شامل بابوخان سابقہ سرپنچ اوراشوک شرما نے بتایا کہ ڈگری کالج کی تعمیر عوام کے مطالبات کے مطابق کی جانی چاہئے اور جس جگہ موجودہ سرکارکے کچھ سیاسی لیڈر کالج تعمیر کرنا چاہتے ہیں ہر گز تعمیر نہیں ہوگی ۔ قبرستان کو اکھاڑ کر چند سیاسی ورکروں کو کالج کی تعمیر کا فائدہ پہنچائے جاناعوام کالاکوٹ کو قطعی منظور نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ جگہ کے علاوہ دوسری کسی بھی جگہ کالج تعمیر کیا جائے عوام اس کا خیر مقدم کریگی تاہم قبرستان پر ڈگری کالج تعمیر نہیں ہونا چاہئے ۔ وفد میں شامل افراد نے بتایا کہ اس معاملے میں ڈپٹی کمشنر نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کر کے زمینی سطح پر جائزہ لیں گے ۔