منجاکوٹ /تھنہ منڈی// منگل کے روز تیز آندھی ،طوفان اور ژالہ باری کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کا نظام متاثر ہواجبکہ فصلوں اور میوہ جات کو بھی نقصان پہنچاہے ۔منجاکوٹ کے کئی علاقوں میں شدید ژالہ باری ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں فصلیں تباہ ہوگئیں جبکہ میوہ جات کو بھی نقصان پہنچا۔ مقامی لوگوں نے بتایاکہ ژالہ باری نے کچھ بھی باقی نہیں چھوڑا اور ان کی امیدوں پر پانی پھر گیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس نقصان پر انہیں معاوضہ دیاجائے کیونکہ ان کا گزر بسر انہی فصلوں اور میوہ جات پر ہی ہے ۔وہیں تھنہ منڈی میں آندھی طوفان سے بجلی نظام بری طرح متاثر ہو اتاہم محکمہ کے اہلکاروں نے بیشتر علاقوں کی بجلی سپلائی بحال کر دی ہے ۔علاقے میں پیر کے روزموسم کی خرابی کے بعد بارشوں کے ساتھ ساتھ تیز آندھی بھی چلنا شروع ہوئی جسکا سلسلہ منگل کی صبح تک جاری رہا۔ اس دوران موسلا دھار بارش بھی ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں واضح کمی محسوس کی گئی۔ پیر اور منگل کے درمیان جو تیز آندھی کا سلسلہ جاری رہا ،اس سے متعدد درختوں کی شاخیں ٹوٹ گئیں ۔منگوٹہ کے ذاکر حسین نے بتا یا کہ شام دیر تک منگوٹہ میں بجلی بحال نہ ہوئی ہے جبکہ محکمہ بجلی کے اہلکاروں نے قصبہ تھنہ منڈی کے علاوہ کچھ علاقوں کی بجلی بحال کردی ہے۔وہیں ڈھوک،درہ،نیلی،پٹیلی،برہون،ہسپلوٹ اور بھنگائی میں بھی سپلائی بحال نہ ہوئی ہے ۔محکمہ کے جونیئر انجینئر محمد اسحق نے بتا یا کہ پیر کی شام کو تیز آندھی سے تاریں ٹوٹ گئی تھیں جسکی وجہ سے 33 کے وی بند ہو گئی ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کے لائن مین اور دیگر عارضی ملازم فیلڈ میں کام کر رہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ اگر موسم صاف رہا تو شام تک بیشتر علاقوں کی بجلی بحال کر دی جائے گی۔