راجوری //درہال ہسپتال کو جانے والی بجلی لائن کا ایک پول گزشتہ روز آندھی طوفان سے ٹوٹ گیاجس کی وجہ سے ہسپتال میں سارا کام کاج مفلوج بن کر رہ گیا۔ہسپتال ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ روز کی تیز ہوائوں اور آندھی کی وجہ سے بجلی کا وہ پول گر گیا جس سے ہوکر ہسپتال کو سپیشل لائن جاتی ہے جس وجہ سے پورے کمپلیکس میں اندھیر اچھایارہا۔ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ رات سے اب تک بجلی سپلائی نہیں ہے ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ اگرچہ ایک جنریٹر موجود ہے لیکن وہ پورے ہسپتال کے لئے روشنی کا بوجھ نہیں اٹھاسکتاہے اور نہ ہی اسے چوبیس گھنٹے برابر استعمال کیاجاسکتاہے ۔ ذرائع نے بتایاکہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے تکنیکی کام اور ایکسرے وغیرہ متاثر ہواجس کے نتیجہ میںمریضوں کو بھی مشکلات درپیش رہیں ۔انہوںنے کہاکہ ویکسن کی بھی کمی پڑ گئی ہے ۔بلاک میڈیکل افسر درہال ڈاکٹر اقبال ملک نے بتایاکہ بجلی سپلائی منقطع ہے تاہم وہ امید کرتے ہیں کہ اسے بہت جلد بحال کردیاجائے گا۔