سرنکوٹ// سرنکوٹ میں شراب بندی کا معاملہ طول پکڑتاجارہاہے اور جہاں سوشل میڈیا پر نوجوانوں کی طرف سے اس کے خلاف ایک تحریک چلائی جارہی ہے وہیں حکام سے بھی اس سلسلے میں مطالبے پر مطالبہ کیاجارہاہے ۔اس معاملے پرگزشتہ روز علماء اکرام نے بھی آواز بلند کی اور شراب کا استعمال کرنے والوں کیخلاف سماجی بائیکاٹ کا فیصلہ لیا ۔اسی حوالے سے بدھ کے روز ایس ڈی ایم سرنکوٹ ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی اور تحصیلدار سرنکوٹ روہت شرما سے سرنکوٹ کے تمام علماء اکرام ،سیول سوسائٹی رکن اور سیاسی اور سماجی افراد نے مولانا مفتی بشارت حسین شاہ کی قیادت میں ملاقات کرکے انتباہ دیاکہ شراب کو اکتیس اگست تک بند کیاجائے جس کے بعد اگر کوئی اس کا استعمال کرتاہواپایاگیاتواس کے خلاف سخت فیصلہ لیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ شراب نے نوجوان نسل کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیاہے اور ان کا مستقبل برباد ہورہاہے ۔انہوں نے کہاکہ اکتیس اگست تک شراب پر مکمل پابندی عائد ہونی چاہئے ۔ ایس ڈی ایم نے یقین دلایاکہ شراب بندی کو یقینی بنایاجائے گا۔ انہوںنے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو شراب کے نشے دور رکھیں ۔ انہوںنے کہاکہ یہ عوامی فیصلہ ہے جس کا احترام کیاجائے گا اور شراب بندی کی جائے گی ۔