پونچھ//گزشتہ شام پونچھ ڈسٹرکٹ کورٹ میں پروفیسر بھیم سنگھ کی جانب سے منعقد کی گئی افطار پارٹی میں وکلا اور سول سوسائٹی کے معروف اراکین نے شرکت کی۔ پروفیسر بھیم بھیم سنگھ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سلام کا مطلب ہوتا ہے امن اور یہی پیغام پیغمبر محمد( ﷺ) نے پندرہ صدی قبل دیا تھا۔ پونچھ بار ایسوسی ایشن کے سکریٹری نے پروفیسر بھیم سنگھ کا استقبال کرتے ہوئے انہیں امن کا شیرکا قرار دیا۔ بار ایسوسی ایشن کے صدر نے پونچھ وکلا برادری کے لئے پروفیسر بھیم سنگھ کے افطار پارٹی کے اہتمام کو مقدس شروعات قراردیتے ہوئے پروفیسر بھیم سنگھ کو سماج کے بے یارومدد گار افراد کا عظیم دوست بتایا۔پروفیسر بھیم سنگھ نے اس موقع پر پوری دنیا خاص طورپر کنٹرول لائن اور فلسطین میں آباد مسلمان بھائیوں کو عید کی مبارکباد بھی دی۔اس دوران پروفیسر بھیم سنگھ نے آج پنتھرس پارٹی کے لیڈروں کی ٹیم کے ساتھ راجوری کا دورہ کیا ۔ وہاں ڈسٹرکٹ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پنتھرس کارکنوں سے کہا کہ غریب لوگوں کو فرقہ پرست عناصر کے استحصال سے بچانے کو ایک مشن کے طورپر لیں جس سے پنتھرس پارٹی جموں وکشمیر کی تشکیل نو کی عوام رائے کو پھیلا سکے۔پروفیسر بھیم سنگھ کے ہمراہ لیڈروں میں پارٹی کی جنرل سکریٹری محترمہ انیتا ٹھاکر، جناب ہوشیار شرما، نائب صدر، راجوری، جنرل سکریٹری مشتاق احمد ، سکریٹری محمد اکرم چودھری، ڈسٹرکٹ یوتھ صدرجہانگیر چرک، ینگ پنتھرس کی جنرل سکریٹری سنیتا شرما اور دیگر شامل ہیں جنہوں نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال سے ملاقات کی، اس وفد نے ڈی آئی جی دیپک سلاتھیا (انچارج راجوری۔ پونچھ) سے بھی ملاقات کی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے پونچھ اور راجوری کے لوگوں کو یقین دلایا کہ پنتھرس پارٹی پہاڑی علاقوں ، کنٹرول لائن پر رہنے والے اور دیگر افراد کے لئے بنیادی حقوق کی لڑائی لڑتی رہے گی۔