ٹیکساس/ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سان انٹونیو میں ”مورگنز انسپائریشن آئی لینڈ“ نامی ایک واٹر پارک کھولا گیا ہے جس میں سارے کے سارے تالاب، فوارے اور دیگر تمام تفریحات بطورِ خاص معذور افراد کے لیے تیار کی گئی ہیں۔واٹر پارک کے بانی اورمورگنز ونڈرلینڈ نامی کمپنی کے سربراہ گورڈن ہارٹمین کہتے ہیں کہ تفریحات سے لطف اندوز ہونے پر معذور افراد کا بھی اسی قدرحق ہے جتنا صحت مند لوگوں کا۔اسی سوچ کے پیش نظرانہوں نے ڈاکٹروں، معذورافراد کے والدین، اساتذہ اورخصوصی فزیو تھراپسٹ وغیرہ کی مدد سے یہ واٹر پارک ڈیزائن کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ یہاں پر تفریح کےلیے فراہم کی گئی ہر سہولت انتہائی محفوظ اور استعمال میں آسان ہے۔ مورگنز انسپائریشن آئی لینڈ میں داخل ہوتے ہی ہر معذور شخص کو ایک خاص کڑا پہنا دیا جاتا ہے جس کی مدد سے واٹر پارک انتظامیہ اس کے درست مقام سے بروقت آگاہ رہتی ہے۔نہانے کے لیے واٹرپروف وہیل چیئرز فراہم کی جاتی ہیں جبکہ یہاں تالابوں اور فواروں میں پانی کا درجہ حرارت بھی بہت کم وقت میں تبدیل کیا جاسکتا ہے تاکہ وہ لوگ جنہیں حساسیت کی شکایت ہو، وہ بھی اس واٹر پارک سے لطف اندوز ہوسکیں۔