کالاکوٹ // پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی اور ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما نے حلقہ انتخاب کالا کوٹ کے کئی علاقوں کا دورہ کیا جن میں میسکو، تریڈو موگلر اور تریاتھ شامل ہیں اور وہاں جاری کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائیزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے کلاڈہ کھرسو میں ایک سٹیل پُل کا سنگ بنیاد رکھا۔ 45 میٹر لمبایہ پُل1.63 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا جس کی تکمیل سے کالاکوٹ کی5 پنچائتوںکے8 ہزار نفوس کو فائدہ پہنچے گا ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے عبدالغنی کوہلی نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے لیکن پھر بھی کئی علاقوں میں بہتری لانے کی گنجائش موجود ہے جس کیلئے مزید اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں۔وزیر موصوف نے کہا کہ بجلی، پانی، سڑک رابطے، راشن، طبی سہولیات اور تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دینے میں تمام تر اقدمات اُٹھارہی ہے۔جگل کشور نے بھی اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے حلقہ انتخاب کے لئے تین ایمبولنسز فراہم کرنے کا اعلان کیا۔