مظفرآباد//مظفرآباد میںایک احتجاجی مظاہرے کے دوران 35اےکے ساتھ چھیڑ چھاڑ کو جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کے ساتھ کھلواڑ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو ختم کرنے کے درپے ہے۔ موصولہ بیان کے مطابق مظفرآباد کے برہا ن مظفر وانی چوک میں پاسبان حریت اور انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ اور ریلی کا انعقادہوا۔ ریلی میں سیاسی، سماجی، مذہبی اور تجارتی حلقوںسے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈاور بینر اٹھار کھے تھے جن پر جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت بدلنے کی کوشش پر بھارت کے خلاف مذمتی نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے اسلام اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ مظاہرے کی قیادت چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام، پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، جماعت اسلامی رہنماایڈوکیٹ قاضی شاہد حمید اور دیگر قائدین نے کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت میں مضمرہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہند جموں کشمیر کے مسلم تشخص کو ختم کرنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 35اے ریاست کے مسلم تشخص ، ریاستی وحدت اور ریاست میں آباد عوام کے انفرادی اور اجتماعی حقوق کانگہبان ہے۔مقررین نے کہا کہ ریاست کا ایک ایک شہری بھارت کے ان اقدامات کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کے کھڑا ہو جائے گا۔