راجوری // راجوری کے پلولیاں علاقے میں ممبر اسمبلی راجوری چودھری قمر حسین نے ضلع آفیسران کی موجودگی میں عوامی دربار منعقد کرکے لوگوں کے مسائل سنے ۔ قمر حسین نے اس موقعہ پر پی ڈی پی کی قیادت والی حکومت کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ سرکار لوگوں کے مسائل حل کرنے کی وعدہ بند ہے اور اس سلسلے میں ان کی دہلیز پر پہنچ کر عوامی دربار لگائے جارہے ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ آفیسران اور ملازمین کوجواب دہ بنانے کی غرض سے عام لوگوں کے لئے پبلک دربار منعقد کئے جارہے ہیں ۔ممبراسمبلی کاکہنا تھاکہ ریاستی سرکار ہر ممکنہ اقدامات کرکے عوامی مسائل حل کررہی ہے اور ان تمام وعدوں کو ایفا کیاجارہاہے جو لوگوںسے کئے گئے ہیں۔اس دوران مقامی لوگوں نے بتایاکہ انہیں سڑک اور دیگر کئی طرح کے مسائل کاسامناہے جس پر ممبراسمبلی نے موقعہ پر ہی افسران کو ہدایات جاری کیں ۔انہوںنے محکمہ بجلی اورپی ایچ ای کو ہدایت دی کہ پلولیاں میں بجلی و پانی کی بہتر سپلائی کو یقینی بنایاجائے ۔اس موقعہ پر بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے ۔