مینڈھر//مینڈھر کے ہرنی علاقہ سے ناڑ کی طرف جا رہی سڑک کی حالت انتہائی تنگ بنادی گئی ہے اور جگہ جگہ کھڈے نہ صرف ڈرائیوروں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچارہے ہیں بلکہ مسافروں کو بھی دھکے کھانے پڑتے ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ محکمہ تعمیرات عامہ نے تین کلو میٹر سڑک پر بلیک ٹاپ بچھادیاہے لیکن سڑک کی یہ حالت ہے کہ ایک طرف سے گاڑی مشکل سے ہی چل سکتی ہے اوراگر سامنے سے کوئی گاڑی آجائے تو کئی سوگز آگے پیچھے جاکر کراسنگ کیلئے جگہ ڈھونڈناپڑتی ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی سال سے وہ اس امید کے ساتھ کچی سڑک پر سفر کرتے رہے ہیںکہ اس پر تارکول بچھاکر اس کو معیاری سڑک بنایاجائے گالیکن اب تارکول بچھاتو اس کی حالت زیادہ ہی خراب ہوگئی ہے اور اسے بالکل تنگ کردیاگیاہے جبکہ تارکول سے آگے کا حصہ تو ٹوٹ چکاہے اور ڈرائیور گاڑی چلانے سے ہی انکار کردیتے ہیں کیونکہ سڑک میں بڑے کھڈوں بنے ہوئے ہیں جن میں پانی جمع رہتاہے اور یہ معلوم ہی نہیں ہوتا اور گاڑی نیچے لگ جاتی ہے ۔مقامی شخص محمد خلیل کاکہناہے کہ کئی تعلیم یافتہ نوجوانوں نے روزگار نہ ملنے کے بعد قرضہ لیکر گاڑیاں خریدیں تاکہ روزگار کماسکیں لیکن اس سڑک پر انہیں گاڑی چلاکر نقصان ہی ہورہاہے اور اتنے پیسے کمائے نہیں جاتے جتنے گاڑی ٹھیک کرانے پر خرچ ہوجاتے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ بیشتر ڈرائیوروں نے اپنی گاڑیاںکھڑی کردی ہیں اور وہ اس سڑک سے تنگ آچکے ہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ اس سڑک کی تعمیر پر تحقیقات کی جائے اور اس بات کی جانچ کی جائے کہ سڑک کتنے فٹ بنی ہے ۔