پونچھ// تحصیل منڈی کے گاؤں دھڑہ فتح پور سے تعلق رکھنے والے پونچھ ضلع کی معمر ترین شخص مولوی لعل دین اس دنیا فانی کو الوداع کہہ گئے ۔ برطانوی فوج میں نوکری کر چکے مولوی لعل دین کی عمر 135 سال تھی۔ مرحوم آزادی سے پہلے ہی برطانوی فوج سے سبکدوش ہو چکے تھے جس کے بعد انہوں نے آخری عمر تک اپنا وقت سماجی خدمات، دینی امور کی انجام دہی میں گزارے۔ ان کا انتقال ان کے آبائی گاؤں میں ہوا وہیں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ مرحوم کے انتقال پر ملال پر انصاف مومنٹ کے چیرمین اقبال ریشی کی قیادت میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا جہاں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ان کے داد ااحمد جو ریشی کے ہم عمر تھے اور ان کی دوستی اور تعلق داری کا احساس آخری دم تک مرحوم مولوی لعل دین میر دلاتے رہے۔ اس دوران انصاف مومنٹ کے عبدالرشید شاہ پوری، فوجی محمد رشید، فوجی برکت حسین، سہیم جعفر، حاجی یار محمد، ولی محمد شیخ، اعجاز کٹاریہ، شکیل شاہ، فیضاب علوی، عباس ملک، فاروق ملک، ایڈوکیٹ اشفاق احمد، شوکت حسین ، محمد شفیع قدیری، محمد رشید، حفیظ اللہ خان نے مرحوم کے انتقال پر ان کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہوئے ان کے حق میں مغفرت کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نیک سیرت، خدا دوست، ہمدرد اور سچے انسان تھے جن کے انتقال سے علاقہ میں ایک خلاء پیدا ہوگئی ہے انہوں نے کہا کہ وہ اللہ تعالی سے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کے تمام صغیرہ و کبیرہ گناہوں کو معاف فر ماکر انکو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔