جموں //قصبہ پونچھ کے سب سے مصروف ترین عید گاہ چوک میں سڑک خستہ حالی کاشکار بنی ہوئی ہے ۔ یہ ایسا چوک ہے جہاںسے پونچھ قصبہ میں آنے والی تمام گاڑیاں اور راہگیر گزرتے ہیں ۔ اس مقام پرسڑک کے بیچوں بیچ عرصہ دراز سے ایک کھڈا بنا ہوا ہے جوپہلے تو چھوٹا ساتھا تاہم اب کافی بڑھ گیاہے جس کی وجہ سے وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں اور انسانوں کو کئی طرح کی مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے ریٹائرڈ فوجی عبدالرشید نے کہا کہ پونچھ قصبہ کا چہرہ کہلائے جانے والے عیدگاہ چوک کی یہ حالت ہے تو دوسرے علاقوں کا کیا حال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس چوک کے بالکل سامنے پونچھ کا محافظ کہلائے جانے والے برگیڈیر پریتم سنگھ کی یادگار ہے، دوسری جانب عیدگاہ جامع مسجد،مرکزی عید گا ہ ، پھوارہ گارڈن اور ڈگری کالج گرائونڈ ہے لیکن افسوس کہ انتظامیہ اس طرف کوئی دھیان نہیں دیتی۔انہوں نے کہا کہ اس طرف سے ضلع انتظامیہ کے تمام افسران ہر روز کم از کم دو بار ضرور گزرتے ہوں گے لیکن افسوس کہ ان کی نظر سڑ ک کی خستہ حالی پر نہیں جاتی۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر سے اپیل کی کہ وہ خود اس چوک کا دورہ کر کے سڑک پر بنے کھڈے کا معائینہ کر کے اس کی مرمت کروائیں۔