منجاکوٹ //پیر پنجال ڈیولپمنٹ فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ استخار خان کی قیادت میںڈاک بنگلہ منجاکوٹ میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں کافی تعداد میںلوگوں نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر منجاکوٹ کے لئے کالج کی مانگ کرتے ہوئے شرکاء نے کہاکہ ہر بار نظرانداز رکھے گئے اس علاقے کے ساتھ اس بار انصاف کیاجاناچاہئے ۔ایڈووکیٹ استخار خان اور دیگر لوگوں نے کہاکہ تحصیل منجاکوٹ کو ہر طریقے سے نظرانداز کیا جارہا ہے، کالج کی منظوری نہ دیئے جانے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہاں کے طلبا کی کوئی قدروقیمت ہی نہیں سمجھی جاتی جس سے بڑھ کرکوئی نا انصافی اور نہیں ہوسکتی ۔ان کاکہناتھاکہ یہ ایک سرحدی علاقہ ہے جو دور دور تک پھیلاہواہے ،راجوری کی باقی تمام تحصیلوں میں کالج ہیں مگر منجاکوٹ کو ہی اس سے محروم رکھاگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ کالج نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے طلباء اپنی پڑھائی کو جاری نہیں رکھ سکتے اور طالبات تو ترک تعلیم پر ہی مجبور ہوتی ہیں کیونکہ ان کیلئے روزانہ راجوری جانا مشکل بات ہے۔اس موقعہ پر دیگر مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا اور پانی و بجلی کی ناقص سپلائی پر متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بنایاگیا۔انہوں نے پی ایچ سی منجاکوٹ میں الٹراساؤنڈ اور مریضوں کو مفت میں دوائیاں فراہم کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کے مسائل حل کئے جائیں ۔استخار نے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکار لوگوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔انہوں نے حکومت سے مانگ کی کہ وہ منجاکوٹ میں کالج کی منظوری دے اور لوگوں کی دیگر مانگوں کو جلد سے جلد حل کرے۔