لورن میں پی ڈی پی کا اجلاس
تانترے کی قیادت میں متعدد کارکنان پارٹی میں شامل
عشرت بٹ
منڈی//منڈی کے علاقہ لورن میں پی ڈی پی کاایک اجلاس منعقد کیا گیا جس دوران ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے کی قیادت میں متعدد کارکنان نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ان کارکنان کا تعلق نیشنل کانفرنس اور کانگریس سے تھا جنہوںنے پی ڈی پی کا دامن تھام لیاہے ۔پارٹی میں شامل ہونے والے افراد میں حاجی محمد رشید ملک ، چوہدری محمد اسلم،چوہدری خادم حسین ڈوئی ،سخی محمد بٹ کے نام قابل ذکر ہیں ۔ ان کارکنان کاکہناہے کہ وہ جھوٹے وعدوں اور پروپیگنڈا مہم سے تنگ آچکے ہیں اور ممبراسمبلی کے کام کو دیکھ کر پی ڈی پی میں شامل ہورہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ تانترے بغیر ذات پات اور کنبہ پروری عوام کا کام کر رہے ہیں۔شاہ محمد تانترے نے ان کارکنان کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پی ڈی پی عوامی جماعت ہے جو اس دور میں عوام کی مقبولیت میں کامیاب ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی پوری کوشش رہتی ہے کہ ہر اس غریب تک حق پہنچایاجائے جس کا حق سابقہ لیڈروں نے کھایا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ان کے ساتھ غریب کی دعا ہے ۔ بلاک صدر منڈی پیر زادہ بلال مخدومی نے کہاکہ تانترے کی قیادت میں پارٹی دن بدن مضبوط ہوتی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پچھلے تین برسوں کے دوران حلقہ انتخاب حویلی میں قابل قدر ترقیاتی کام ہوئے ہیں جن کو دیکھ کر حزب اختلاف جماعتوں کے کارکنان بوکھلاہٹ کاشکار ہوگئے ہیں ۔اجلاس میںزونل صدر منطور احمد لون،سینئر لیڈر الحاج بشیر خاکی،جنرل سکریٹری تنویر ڈار ،پرنسپل محمد یوسف شیخ،بلاک صدر لورن ڈاکٹر بشیر احمد ملک ،اعجاز احمد منگرال، پیر خورشید شاہ ،محمد چاند چوہدری ،صفیر چوہدری ،غلام دین وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
مینڈھر میں پولیس کا عوامی دربار
جاویداقبال
مینڈھر //ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے کی ہدایت پر ایس ایچ او مینڈھر محمد امین چوہدری نے عوامی دربار منعقد کرکے لوگوں کے مسائل سنے ۔اس موقعہ پر مقامی معززین ، سابق پنچایتی نمائندگان اور بیوپار منڈل اراکین نے بھی شرکت کی ۔مقررین نے پولیس کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ پولیس تو کام کررہی ہے لیکن بنیادی سہولیات فراہم نہیں ہورہی اور خاص طور پر پانی اور بجلی کی سپلائی کا برا حال ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مسائل حل کئے جائیں ۔ایس ایچ او نے عوام سے تعاون طلب کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان تمام مسائل کو حل کریںگے جو پولیس کے دائرہ اختیار میں ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اگرٹریفک کے حوالے سے کوئی شکایت ہوتو وہ ان سے کرسکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ زیادہ تر گاڑیاں بغیر پرمٹ اور کاغذات کے چل رہی ہیں جس پر کارروائی کی جائے گی ۔اس موقعہ پر پروین کمار ساہنی صدر بیوپار منڈل مینڈھر، عبدالمجیدچوہدری صدر لیبریونین ،خورشید احمد خان ، نذیر حسین شاہ ،حبیب اللہ ، محمد اعظم فانی ودیگران بھی موجود تھے ۔
مینڈھر میں جشن غوث الوریٰ کا اہتمام
جاوید اقبال
مینڈھر //غوثیہ جامع مسجد میں جشن غوث الوریٰ کا اہتمام کیاگیاجس میں فرزندان توحید کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔صبح دس بجے تلاوت قرآن پاک سے جلسہ کا آغاز ہواجس کے بعدنعت وتقاریر کا سلسلہ چار بجے تک چلتا رہا۔ علماء اکرام نے اپنے خطاب میں شیخ عبدالقادر ؓ کی سیرت طیبہ بیان کی ۔مسلم پرسنل لا بورڈ کے ممبر مفتی بشارت حسین نے خطاب کرتے ہوئے اولیاء کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کی تلقین کی ۔آخر میں قل شریف پڑھی گئی اور لنگر تقسیم کیا گیا ۔اس جلسہ میں مفتی اشتیاق قادری، مولانا سید اعجاز قادری ،مولانا شفیع ، مولانا سید شرافت حسین، مولانا ریاست، مولانا احمد رضا، مولانا تمیز الدین، مولانا عظیم قادری وغیرہ بھی موجود تھے ۔اس پروگرام کی صدارت مفتی حق نواز قادری نے کی ۔
بیان داغنے سے قبل حقائق جاننا ضروری
وزیر اعلیٰ پیرپنچال کی تعمیروترقی کیلئے سنجیدہ : پی ڈی پی مینڈھر
مینڈھر // پی ڈی پی مینڈھر نے نیشنل کانفرنس لیڈر و مقامی ممبراسمبلی کے دعوئوں کی نفی کرتے ہوئے کہاہے کہ بیان داغنے سے پہلے حقائق کو جاننا ضروری ہوتاہے ۔جاوید رانا کی گزشتہ روز کی تقریر کے جواب میں پی ڈی پی نے کہاہے کہ ایم ایل اے مینڈھر کو یہ کبھی نہیں بھولنا چاہئے کہ جب ان کی پارٹی کے کارگزارصدر عمر عبداللہ اس ریاست کے وزیراعلیٰ تھے تو انہوں نے اس علاقے کو کن کن تحفوں سے نوازا ،یہ پی ڈی پی کی فراغ دلی ہے کہ ان کا پارٹی لیڈر جہاں سے جیتے یا ہارے، اس کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ہر علاقے کو اپنا حق دینے کے لئے کوششیں ہورہی ہیں۔ایک مشترکہ بیان میںپارٹی کے ضلع نائب صدر پونچھ الحاج ماسٹر محمد دین پوسوال، چوہدری محمد صادق، ایڈووکیٹ شوکت چوہدری، ایڈووکیٹ اکبرحسین خان، صدیق قریشی، ایڈووکیٹ انظار احمد خان، ایڈووکیٹ دلیر احمد خان، چوہدری نثار احمد ، حبیب اللہ خان، ظفر جٹ ، محمد سعید خان، جمیل احمد،جہانگیر ، سجاد احمد وغیرہ نے کہاکہ ایم ایل اے کی تین سالہ کارکردگی پر نیشنل کانفرنس کی جانب سے جشن منانے سے پہلے یہ بہتر ہوتا کہ ان تین برسوں میں ممبراسمبلی کے حلقہ اختیاراتی فنڈکاجائزہ لیاجاتااور یہ دیکھاجاتاکہ یہ فنڈ کہاں استعمال ہواہے ۔انہوںنے کہاکہ تمام محکمہ جات میں شفافیت اور رشوت خوری پر جو لگام کسی گئی ہے ، یہ مخلوط سرکار کی ہی دین ہے لیکن یہ باتیں ان لوگوں کو ہضم نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے طرح طرح کے بیان دے کر سادہ لوح عوام کوبیوقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ان کاکہناہے کہ نہ ہی اپنے گن گانے سے کچھ حاصل ہوسکتاہے اور نہ ہی کبھی سورج کو انگلی کے پیچھے چھپایاجاسکتاہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ خطہ پیر پنچال کی تعمیروترقی کیلئے سنجیدہ ہیں اور انہوںنے مینڈھر کیلئے دو بڑے پروجیکٹوں کلسٹرماڈل ولیج گورسائی اور اکلاویہ ماڈل اسکول دے بہت بڑ ااقدام کیاہے ۔انہوںنے کہاکہ محبوبہ مفتی کی قیادت میں ریاست تعمیروترقی کی طرف گامزن ہے اور جہاں پی ڈی پی نے 60ہزار سے زائد ملازمین کی ملازمت کو باقاعدہ بنایا وہیں نیشنل کانفرنس نے تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے دھوکہ کیا جس کی تاریخ گواہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ مغل شاہراہ ، بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی ، مینڈھر کالج اور دیگر اہم پروجیکٹ پی ڈی پی کی ہی دین ہیں جن کو اپنے کھاتے میں نہ ڈالاجائے ۔انہوںنے مزیدکہاکہ موجودہ حکومت کی ہی بدولت مینڈھر کی 19سڑکیں دوسرے مرحلے کے لئے منظور ہوئی ہیں اور سرحد پر رہنے والے لوگوں کیلئے تعمیر وترقی کے لئے ایک جامع منصوبہ بنایا جارہا ہے جن میں ان علاقوں میں پانی ،بجلی اورسڑکوں کی مرمت اور ایمبولینس کی فراہمی و بنکروں کی تعمیر شامل ہے ۔انہوںنے ایڈووکیٹ محمد معروف خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کی قیادت میں مینڈھر میں پی ڈی پی مزید مضبو ط ہوگی ۔
مدرسہ کے طلباء میں انعامی مقابلہ
بختیار حسین
سرنکوٹ // مدرسہ رضویہ تعلیم القرآن محلہ سیداں سنئی میں طلباکے درمیان دینی مسائل پر انعامی مسابقہ رکھا گیا۔اس پروگرام کی صدارت مفتی سید بشارت نے کی ۔پروگرام کاآغازمدرسہ کے طالبعلم محمد شاہر رضا کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔اس دوران طلباء نے نعتیہ مقابلہ کے علاوہ تلاوت قرآن اور دینی مسائل پر بھی تقاریر کیں اورپھر اول ،دوئم اور سوئم آنے والے طلباء کو انعامات سے نوازاگیا۔مقامی لوگوںنے اس مدرسہ کی کارکردگی پر قاری ساجد رضا نعیمی کی سراہنا کی۔اپنے خطاب میں مفتی سید بشا رت نے کہا کہ دین ہی زندگی کی پہچان ہے اوربچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کیاجاناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ آج معاشرہ گمراہی کی طرف جارہاہے اس لئے بچوںکو دینی تعلیمات دی جائیں ۔
تھنہ منڈی کے محمد قاسم سپرد خاک
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے محمد قاسم نجار کو پرنم آنکھوں سے سپرد خاک کردیاگیاہے ۔ان کاگزشتہ روز جموں میں انتقال ہوگیا ۔مرحوم کی عمر 55برس تھی جو کچھ عرصہ سے علیل تھے ۔وہ سرکاری ملازمت کے سلسلے میں جموں میں رہائش پذیر تھے اور وہیں پر ان کاجمعرات کو انتقال ہوگیا جس کے بعد ان کی نعش کو جمعہ کے روز تھنہ منڈی آبائی علاقے لایاگیا جہاں بڑی تعداد میں لوگوںنے ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ انہیںمرکزی جامع مسجد کے قریب آبائی قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔
مرحوم مولاناخادم کے یوم وصال پر مجلس منعقد ہوگی
سرنکوٹ //پونچھ سے تعلق رکھنے والے ملت جعفریہ کے معروف عالم دین سید خادم حسین شیرازی کے یوم وصال کے موقعہ پراتوار کو تعزیتی مجلس کا اہتمام کیاجارہاہے ۔یہ مجلس امام بارگاہ سرنکوٹ میں منعقد ہوگی جس سے بنارس یوپی کے مولانا سید اعجاز حسنین خطاب کریںگے ۔مرحوم مولانا خادم حسین کے عزیز و اقارب کی طرف سے تمام لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس مجلس میںشر کت کریں اور مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفر ت کریں ۔