سرنکوٹ// نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق بخاری نے پارٹی کارکنان پر زور دیاہے کہ وہ پنچایتی چنائو کیلئے تیار ہوجائیں اور پارٹی کو سرزمین سرنکوٹ میں مضبوط سے مضبوط تر بنایاجائے ۔ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں پارٹی کارکنان کے ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ نیشنل کانفرنس سے تعلق رکھنے والے پنچایتی نمائندگان کامیابی حاصل کریں ۔انہوںنے کہاکہ یوتھ نیشنل کانفرنس نے سرنکوٹ میں پارٹی کی مضبوطی میں اہم رول اد اکیاہے اور کارکنان کو مزید محنت کیساتھ ذات پات سے بالاتر ہوکر کام کرناچاہئے ۔ بخاری نے کہاکہ اسمبلی چنائو بھی جلد ہونے کی توقع ہے کیونکہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے اور لوگوںکے مسائل حل کرنے کے بجائے ان کی مار پیٹ کی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ طبی نظام مفلوج بن کر رہ گیاہے اور نیشنل ہیلتھ مشن ملازمین پر لاٹھیاں برسائی جارہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ مخلوط سرکار نے ریاست کو آگ میں ڈال دیاہے اور اگر نیشنل کانفرنس کی حکومت ہوتی تو جی ایس ٹی کا ہرگز نفاذ نہ ہوتا اور نہ ہی لوگ دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبورہوتے ۔انہوںنے کہاکہ کام کے بجائے سرکار غلط پروپیگنڈے کررہی ہے لیکن اس میںکامیابی نصیب نہیںہوگی ۔انہوںنے کہاکہ وہ وقت دور نہیں جب ریاست میں نیشنل کانفرنس کا جھنڈالہرائے گا ۔اس دوران بی جے پی، پی ڈی پی اور کانگریس سے تعلق رکھنے والے کارکنان نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیارکرلی جن میں شاہنواز احمد کانگریس ،مزمل ملک بی جے پی عالم دین پی ڈی پی، محمد اقبال بی جے پی کے نام قابل ذکر ہیں ۔