بجٹ میں خطہ پیر پنجال کونظر انداز نہ کیاجائے
جموں وکشمیر پیر پنجال عوامی پارٹی کا مطالبہ
پونچھ//پونچھ جموں وکشمیر پیر پنجال عوامی کی پارٹی صدر دفتر میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جسکی صدارت پارٹی صدر ایڈووکیٹ چوہدری محمد یونس چوہان نے کی ۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق میٹنگ میںپارٹی کارکنان نے گزشتہ حکمرانوں اور مقامی لیڈران پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کی آزای سے لیکرآج تک اس خطہ کو تعمیرترقی ، معاشی طور، تعلیم سے محروم رکھنے میں اپنے اکابرین کی رضاکے لئے کوئی کمی نہ چھوڑی ہے جس کی زندہ مثال اس خطہ میں کوئی بھی بڑا پروجیکٹ کا شروع نہ ہوناہے جس کے نتیجہ میں اس خطہ کے بے روز گار نوجوانوں کو روزگار فراہم نہیںہورہااورنہ ہی سیر وسیاحت کے فروغ کیلئے کوئی مثبت قدم اٹھایاگیاہے ۔ان کاکہناتھاکہ حالانکہ اس خطہ میں دلکش قدرتی مناظر موجود ہیں لیکن سیاحتی ترقی کی خاطر کوئی اقدام نہیں کیاجارہا۔انہوںنے کہاکہ خطہ کو باغبانی اور زراعت کے شعبے میں بھی نظرانداز کردیاگیاہے اور کسانوں کو وقت پر بیج اور دیگر اشیاءفراہم نہیں کی جاتی ۔انہوںنے مزید کہاکہ پونچھ یونیورسٹی کیمپس کا افتتاح کئی سال قبل ہواتھالیکن اس سے آگے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی اور یہ کیمپس ایک شعبے تک محدود ہوکر رہ گیاہے۔انہوںنے کہاکہ اس بد قسمت خطہ میں ابھی تک مستورات کے لئے ایک بھی ڈگری کالج نہیں بنایاگیا۔انہوںنے کہاکہ میڈیکل کالج اور انجینئرنگ کالج بھی قائم نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے یہاں کے طلباءکو ریاست کے دیگر علاقوں میں جاکر تعلیم حاصل کرناپڑتی ہے ۔پیر پنجال عوامی پارٹی نے آئندہ دنوں پیش ہورہے بجٹ21017-18 میں خطہ کے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کوروزگارفراہم کرنے کیلئے سپیشل پیکیج اور لڑکیوں کیلئے الگ ڈگری کالج ،سیر وسیاحت ، باغبانی،زراعت کے فروغ ،یونیورسٹی کیمپس کی تکمیل اور فعال بنانے کے ساتھ ڈگری کالج پونچھ میں کلاسز لگائے جانے کی مانگ کی ہے ۔ اس کے علاوہ خطہ میں میڈیکل و انجینئرنگ کالجوں کے قیام کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔میٹنگ میں پارٹی سر پرست کے علاوہ مشتاق احمد فانی ریاستی سیکریٹری،جعفریداحمد کھاری خزانچی،چوہدری محمد شفیع کھٹانہ ضلع صدر پونچھ،چوہدری افضل ضلع نائب صدر پونچھ،عبدالرحمٰن ضلع جنرل سیکریٹری پونچھ، نیاز احمد چوہان تحصیل صدر حویلی ،راجہ محمد اشرف خان بلاک صدر ننگالی، راجہ محمد ایوب خان ،چوہدری محمد ایوب ،یوتھ لیڈر یاسر عرفات اور محمد کفیل بھی شامل تھے۔
پانی سے نعش برآمد
راجوری //کالاکوٹ کے تتہ پانی علاقے میں پانی سے ایک نوجوان کی نعش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت اشوک کمار ولد دھنی رام ساکن جٹا مالیاں کالاکوٹ کے طور پر ہوئی ہے ۔ اس کی نعش کو برمنڈل تتہ پانی میں پانی کے اندر دیکھاگیا۔اس دوران پولیس کی ٹیم نے موقعہ پر پہنچ کر نعش کو اپنی تحویل میں لیا اور بعد میں اسے ورثاءکے حوالے کیاگیا۔اس سلسلے میں پولیس نے تحقیقات بھی شروع کردی ہے ۔
مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل پر زور
پونچھ// گوجر لیڈر شمشیر ہکلہ پونچھی نے وزیرِاعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست میں امن قائم کرنے اور مسئلہ کشمیر کا حل کرنے کے لئے ایسا کوئی حل تلاش کریں جس سے ریاست میں مکمل امن قائم ہوسکے۔ اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ ریاست میں جاری خون خرابہ عوام کی فلاح و بہبود اور ریاست کی تعمیر و ترقی میں رکاوٹ بنا ہواہے اوراسی وجہ سے یہ ریاست ہر شعبے میں پسماندہ ہوتی جارہی ہے ۔گوجر لیڈر نے وزیرِاعظم سے اپیل کی کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور مکمل حل کے لئے اقدامات کئے جائیں اوراس عمل میں گوجر طبقہ کو بھی شامل کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے گوجر بکروال طبقہ کا تہذیب و تمدن، زبان و ادب، مسائل و مشکلات دوسرے طبقوں سے بالکل الگ اور مختلف ہیں اور ان کی اپنی ایک الگ پہچان ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں لداخ اور کرگل ضلع کو چھوڑ کر باقی 20اضلاع میں گوجر بکروال طبقہ کے لوگ آباد ہیں اور جن کی کل آبادی چونتیس لاکھ ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں گوجر بکروال لوگ ہندوستان اور پاکستان کی سرحد پر سرحدی علاقوں کے علاوہ پہاڑی علاقوں اور جنگلوں کے قریب آباد ہیں جو تعلیمی، سماجی اور سیاسی طور پر پسماندہ ہیںجن کے مسائل حل کئے جانے چاہئیں۔
مڈل سکول درہ کی تعمیر جاری
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے علاقہ درہ کی عوام نے مڈل اسکول درہ کی تعمیرپرممبر اسمبلی راجوری اور ڈپٹی کمشنرکاشکریہ اد اکیاہے۔ تھنہ منڈی کے پہاڑوں کے دامن میں واقع مڈل اسکول درہ میں 250 سے زائد بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، سال 2015-2016 میں تیز آندھی کے دوران اس اسکول کی چھت اڑ گئی تھی جس کے بعد عمارت کو غیر محفوظ قرار دیاگیااورنتیجہ کے طور پر طلباءمشکل حالات میں تعلیم حاصل کررہے تھے ۔تاہم مقامی ممبراسمبلی اور ڈپٹی کمشنر نے عمارت کوتعمیر کرنے کے لئے ریاستی پلان سے 9 لاکھ روپے واگزار کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد اس کی تعمیر کا کام شروع کر دیاگیاہے ۔اس اقدام پر مقامی شہریوں حاجی حاکم دین، سابق سرپنچ عبدالحق، محمد مشتاق، ریاض الحق، محمد حسین، فضل عالم، چوہدری، مختار احمد اور نمبردار شمشیر حسین نے کہا کہ اسکول کی تعمیر کے لئے ممبر اسمبلی اور ڈپٹی کمشنر نے 9 لاکھ روپے کی لاگت سے دو کمروں کی تعمیر کے لئے محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کوہدایت دی اور محکمہ کے ملازمین نے دن رات ایک کرکے عمارت کا زیادہ تر کام مکمل کرلیاہے ۔انہوںنے کہاکہ ممبر اسمبلی اور ڈپٹی کمشنر کے شکر گزار ہیں۔
ساج کے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم
طارق شال
تھنہ منڈی//پہاڑی مشاورتی بورڈ کے ممبروپی ڈی پی لیڈر ایڈووکیٹ ظہور احمد بھٹی نے تھنہ منڈی کے علاقہ ساج کا دورہ کر کے عوام کے مسائل سنے۔مقامی لوگوں نے شکایت کی کہ کئی مقامات پر پینے کا پانی آج تک فراہم نہیں کیاگیا جبکہ بجلی کی ترسیلی لائنیں سرسبز درختوںسے لٹک رہی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ 2015 میں نریگا کے تحت ہوئے کاموں کی اجرت اب تک نہیں ملی اور نہ ہی بیت الخلاﺅں کیلئے رقم دی گئی ہے ۔ انہوں نے شکایت کی کہ بلاک دفتر پلانگڑھ کے چکر لگا لگا کر تھک گئے ہیں لیکن محکمہ ٹال مٹول سے کام لے رہاہے ۔ظہور احمد بھٹی نے کہا کہ بلاک پلانگڑھ میں سب کام ٹھیک ڈھنگ سے نہیں چل رہے جسکی ریاست کے وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایتی راج کو بھی علم ہے ۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کے مسائل حل کئے جانے چاہئیں۔انہوںنے کہاکہ محبوبہ مفتی کی قیادت میں حکومت ترقیاتی امور انجام دے رہی ہے اور گزشتہ دنوں انہوںنے راجوری میں بھی عوامی دربار منعقد کرکے لوگوں کے مسائل سنے ۔ انہوںنے کہاکہ آنے والے پنچایتی چناﺅ میں ایماندارامیدواروںکو کامیاب بنایاجائے ۔
ذوالفقار کے چچا کا انتقال
کوٹرنکہ// کوٹرنکہ کی سماجی شخصیت نمبردار الحاج غلام حسین پنجناڑوی انتقال کرگئے ہیں ۔وہ سابق وزیر چوہدری محمد حسین کے برادر اصغر اور کابینہ وزیر چوہدری ذوالفقار علی کے چچا تھے ۔مرحوم کی عمر95 سال تھی ۔غلام حسین ایک نیک سیرت اور ایماندار شخصیت تھے جوضلع بھر میں اپنی پہچان رکھتے تھے ۔ وہ غریب پروری کیلئے جانے جاتے تھے ۔مرحوم صوم و صلواة کے بھی پابندتھے ۔ان کی وفات پر مقامی سیاسی و سماجی تنظیموںنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت پرسی کی ہے ۔ وہیں ان کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میںلوگوں نے شرکت کی ۔
ایس آراو520کیخلاف مظاہرہ
رمیش کیسر
نوشہرہ //محکمہ پی ایچ ای کے عارضی ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں ڈیویژن دفتر کے باہر احتجاج کیا اور ایس آراو 520کو منسوخ کرنے اور 36ماہ کی تنخواہ واگزار کرنے کی مانگ کی ۔ انہوںنے اشوک شرما کی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے سرکار کے خلاف نعرے بازی کی اور کہاکہ سرکار نے ایس آراو 520لاگو کرکے ان کے ساتھ ناانصافی کی ہے اس لئے اس ایس آراو کو منسوخ کیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ ان کی باقی ماندہ تنخواہیں فوری طور پر واگزار کی جائیں ۔
سرنکوٹ کالج میں این ایس ایس تقریبات اختتام پذیر
بختیار حسین
سرنکوٹ// گورنمنٹ ڈگری کالج سرنکوٹ این ایس ایس کے بینر تلے ہفت روز پروگرام اختتام پذیر ہوگیا۔ اس پروگرام کی صدارت گورنمنٹ ڈگری کالج سرنکوٹ کے پرنسپل تیجندر سنگھ کر رہے تھے۔انہوںنے ا س موقعہ پر کالج کے این ایس ایس رضاکاروں کی ستائش کرتے ہوئے ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔انہوںنے کہاکہ طلباءکی طرف سے اس ہفتے انجام دیئے گئے پروگرام سماج کیلئے مفید ثابت ہوںگے ۔این ایس ایس پروگرام آفیسر پروفیسر ڈاکٹر عبدالررازق نے کہا کہ طلبا سے امید کی جاتی ہے کہ وہ پوری لگن اور محنت سے آنے والے این ایس ایس پروگرام کو بھی اسی طرح کامیاب کرنے کوشش کریں گے۔تقریب میں معروف شاعر حسام الدین بیتاب بھی موجو دتھے جنہوںنے اپنے خطاب میں کہاکہ علم ہی سے روشنی ہے اور علم ہی سے ادب ہے۔انہوںنے کہاکہ وہ طلباسے گزارش کرتے ہیں کہ وہ علم و ادب کو نہ چھوڑیں۔انہوں نے کہا کہ طلبا نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے اور نوجوانوں کو منشیات کے بجائے ایسے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر شرکت کرنی چاہئے ۔اس موقعہ پر پروفیسر ڈاکٹر محمود احمد،ڈاکٹر شیراز احمد میر ،پروفیسر مظفر حسین اور بڑی تعداد میں طلباءبھی موجو دتھے ۔
یوتھ ایسوسی ایشن کا منڈی میں اجلاس
عشرت بٹ
منڈی//منڈی میں ضلع یوتھ ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں متعددنوجوانوں نے اس تنظیم میں شمولیت کی ۔تنظیم کے صدر امتیاز احمد سلاریہ نے شامل ہوئے تمام نوجوانوں کوخوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم کے قیام کامقصد ضلع پونچھ کے غریب ،مساکین اور یتیم بچوں کی ہر لحاظ سے مدد کرناہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طبقے سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس تنظیم میں شامل ہوکر غریب لوگوں، بیوہ خواتین اور یتیم بچوں کی مدد میں اپنارول اداکریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر مذہب اور پارٹی سیاست سے اوپر اٹھ کر سماج میں رہ رہے ان لوگوں کی مدد کی جانی چاہئے ۔سلاریہ نے کہاکہ سیاسی لیڈران الیکشن کے دنوںمیں ہی ان غریب لوگوں کے پاس ووٹ کی لالچ کے لئے جاتے ہیں جبکہ انہیں انسانیت کی بنیاد پر ان کی مدد کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ سماج کے ہر نوجوان کا فرض ہے کہ وہ غریب لوگوں کے مسائل کو ارباب اقتدارتک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یکجا ہو کر سماج میں پھیل رہی برائیوں کے خاتمے کیلئے کوششیں کرنی چاہئیں اور خاص طور پر منشیات کے خلاف لڑائی لڑنی چاہئے جس نے کئی نوجوانوں کو موت کی نیند سلادیاہے ۔سلاریہ نے کہا کہ و ہ آنے والے وقت میں پونچھ کے مختلف علاقہ جات میں نوجوانوں کے لئے منشیات مخالف جانکاری پروگرام منعقد کریںگے ۔اس موقعہ پر فارق احمد، ابرار اختر، محمد لطیف، شوکت حسین، خلیل احمد، محمد لطیف، محمد انیس، لیاقت حسین ،جہانگیر احمد، نزاکت حسین وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
پہاڑی جوائنٹ فورم کی درہال میں دستخطی مہم
راجوری//جموں وکشمیر پہاڑی جوائنٹ فورم کی طرف سے طبقہ کیلئے شیڈیول ٹرائب درجہ کے حق میں درہال میں دستخطی مہم چلائی گئی ۔مہم میں بڑی تعداد میں لوگوں ، ملازمین ، طلباءاور سیاسی لیڈران نے حصہ لیا ۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق پہاڑی جوائنٹ فورم اراکین نے خون سے دستخطی مہم چلائی اور اس بات کا عہد کیاکہ جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچایاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کے پہاڑی لیڈران کو متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ دیرینہ مانگ کو پورا کروانے کیلئے جدوجہد کی جائے ۔انہوںنے کہاکہ ہر ایک حکومت نے پہاڑی طبقہ کو نظرانداز کیا اور کسی نے اس کی جائز مانگیں پوری نہیں کی ۔ فورم کے چیئرمین تعظیم ڈار نے مرکزی حکومت سے مانگ کی کہ وہ اس جائز مانگ پر سنجیدگی دکھائے اور شیڈیول ٹرائب درجہ دیاجائے ۔ نائب صدر ندیم مرزا نے کہاکہ وقت آگیاہے کہ پہاڑی طبقہ کے لوگ پارٹی سیاست سے بالاتر ہوکر اپنے مشترکہ مفاد کیلئے لڑیں ۔اس دوران عمر مرزا ، ارسلان ملک ، انتخاب عالم ، طاہر مصطفی ،شباب ملک ، عاقب وانی اور سید اسرار شاہ بھی موجو دتھے ۔اس دوران فورم کی طرف سے درہال بلاک کیلئے باڈی تشکیل دی گئی جس کا صدر طاہر مصطفی اور شباب ملک کو نائب صدر جبکہ انتخاب عالم کو جنرل سیکریٹری اور عتیق ملک کو سیکریٹری نامزد کیاگیا۔
اراضی فروخت کرنیوالوں اور
افسران کیخلاف کارروائی کی مانگ
راجوری//ضلع انتظامیہ کی طرف سے ناجائز تجاوزات کے خلاف شروع کی گئی مہم کی سراہناکرتے ہوئے الہدیٰ ایجوکیشن ٹرسٹ نے اس بات کا مطالبہ کیاہے کہ اراضی فروخت کرنے والوں اور اس میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے جنہوںنے بیلہ کالونی کی زمین کو غیر قانونی طور پر بیچنے میں مدد دی ۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا امیر محمد شمسی نے کہاکہ انتظامیہ کی طرف سے چلائی جارہی مہم قابل سراہناہے جس سے راجوری قصبہ کی ترقی کے راستے ہموار ہوںگے ۔تاہم انہوںنے کہاکہ ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے جنہوںنے اس اراضی کو غیرقانونی طور پر فروخت کیا اور جو افسران اس میں ملوث ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ غریب لوگوں کو اس اراضی کی رقم واپس کی جانی چاہئے ۔