ریاض //خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور فلسطینی ریاست کے صدر محمود عباس کے درمیان ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے۔بات چیت میں شاہ سلمان نے باور کرایا کہ سعودی عرب مسئلہ فلسطین اور اس سے متعلقہ تمام امور کے حوالے سے ثابت قدمی پر مبنی واضح مواقف رکھتا ہے۔ ان امور میں فلسطینی ریاست کے قیام اور بیت المقدس کے اس کے دارالحکومت ہونے سے متعلق فلسطینی عوام کے قانونی حقوق اور متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا ایک منصفانہ حل تلاش کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھنا شامل ہے۔دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس نے مملکت کی جانب سے فلسطین ، اس کے عوام اور اْن کے معاملات کی عادلانہ نصرت کے لیے تاریخی اور دائمی حمایت پر خادم حرمین شریفین کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اس حوالے سے مملکت کے موقف کو گراں قدر قرار دیا۔ دریں اثناء اسرائیلی حکومت مقبوضہ مغربی کنارے میں نئی بستیوں کی تعمیر کے منصوبے کی آج منظوری دے گی ۔یہ بات اسرائیلی وزیر دفاع ایویگدور لائبرمین نے میڈیا کو بتائی۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت مغربی کنارے میں نئی یہودی بستیوں کی تعمیر کے منصوبے کی آج منظوری دے دی گی۔ اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ منصوبے کے تحت مغربی کنارے میں بارہ سو سے زائد نئے مکانات تعمیر کیے جائیں گے جبکہ مزید ڈھائی ہزار مکانات تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی منظوری بھی لی جائے گی ۔ واضح رہے کہ مغربی کنارے پر اسرائیل نے قبضہ کر رکھا ہے جبکہ فلسطینی اسے اپنی ریاست کا حصہ قرار دیتے ہیں۔یو این آئی