راجوری //ایک اہم پیشرفت کے طور پر ضلع انتظامیہ نے راجوری میں گرلز لائبریری قائم کرنے کا فیصلہ لیاہے جس کے ساتھ کیریئر کونسلنگ اور سکل ڈیولپمنٹ سنٹر بھی منسلک ہوںگے جس سے لڑکیوں کی مجموعی ترقی ممکن ہوسکے گی ۔انتظامیہ کے ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ لڑکیوں کیلئے واحد لائبریری کا قیام حتمی مرحلے میں ہے اور بہت جلد اسے استعمال کیلئے کھول دیاجائے گا۔ذرائع نے بتایاکہ اس اہم پروجیکٹ پر ڈاکٹر شاہد اقبال کے ڈپٹی کمشنر راجوری تعینات ہونے کے ساتھ ہی کام شروع کردیاگیا اور کئی مہینوں کے بعد یہ پروجیکٹ لگ بھگ تکمیل کے مرحلے پر ہے اور لائبریری کو ایک یا دو ہفتوں میں ہی کھول دیاجائے گا۔ ذرائع کاکہناہے کہ اس لائبریری میں لڑکیوں کیلئے سیول سروسز امتحانات ، میڈیکل و انجینئرنگ ، این ڈی اے اور سی ڈی ایس امتحانات ، یو پی ایس سی اور جے کے پی ایس سی امتحانات ، سروسز سلیکشن بورڈ امتحانات ، سائنس و ہیومنٹیز ، جنرل نالج ، اپیٹی چیوڈ و مینجمنٹ جیسے شعبوں کیلئے کتابیں دستیاب رہیںگی اور یہ لائبریری ضلع صدر مقام پر کھولی جارہی ہے ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ اس لائبریری کی ممبر شپ حاصل کرناپڑے گی اور دسویں جماعت سے لیکر پوسٹ گریجویٹ و امتحانات دینے والی لڑکیوں کو ماہانہ صرف سو روپے فیس ادا کرناہوگی جبکہ بی پی ایل کنبوںسے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کیلئے یہ فیس محض پچاس روپے رہے گی ۔ذرائع نے بتایاکہ انتظامیہ اسے محض لائبریری تک ہی محدود نہیں رکھے گی بلکہ اس کو کثیر المقاصد کیلئے استعمال کیاجائے گا تاکہ لڑکیوں کی مجموعی ترقی ہوسکے ۔ذرائع کے مطابق سکل ڈیولپمنٹ سنٹر ، کیریئر کونسلنگ سنٹر اور انفارمیشن سنٹر کو بھی اس لائبریری سے منسلک کیاجائے گاجس سے لڑکیوں کی مجموعی ترقی ممکن ہوسکے گی ۔حکام نے اس سلسلے میں ضلع سوشل ویلفیئر افسر ڈاکٹر عبدالخبیر کو نوڈل افسر بھی مقرر کرلیاہے ۔ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے رابطہ کرنے پر کشمیرعظمیٰ کو بتایا’’ہاں ہم راجوری کی لڑکیوں کیلئے اس گرلز لائبریری کو کھولنے جارہے ہیں اور پرامید ہیں کہ یہ ہماری بہنوں کے کیریئر کیلئے ایک اہم مرکز ثابت ہوگا‘‘۔انہوںنے بتایاکہ ممبر شپ کیلئے درخواستیں جاری کردی گئی ہیں جو ضلع سوشل ویلفیئر افسر راجوری کے پاس ہیں ۔