پونچھ// کھنیتر گائوں میں ولی کامل پیر سید سرور شاہؒ کا عرس منایاگیاجس میںبڑی تعداد میں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر علماء اکرام نے اولیاء اللہ کی خدمات بیان کرتے ہوئے ان کی زندگی کو عالم اسلام کیلئے مشعل راہ قرار دیا۔ انہوںنے کہاکہ اولیاء اکرام کے مزارات سے دلوں کو سکون ملتا ہے اوراولیااکرام نے اپنا شب و روز روحانی غذا کو حاصل کرنے میںلگایا ،یہی وجہ ہے کہ آج ان کے مزارات پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ آکر اپنے نفس کی غذا حاصل کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اولیاء اکرام خدا کے دوست ہوتے ہیںاور خدا کے دوستوں کی بارگاہ میں آنے سے خدا کی یاد آتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ دنیا میں مزارات ایسی واحد جگہ ہے جہاں پر کثیر تعداد میں لوگ جمع ہوکر خدا کے پیاروں کے وسیلے اپنے رب کی بارگاہ میںدعائیں مانگتے ہیں اوراللہ کی ذات ان دعائوں کو قبول کرتی ہے ۔اپنے خطاب میں مرکزی جامع مسجد پونچھ کے اما م وخطیب مولانا مفتی فاروق حسین مصباحی نے کہا کہ آج معاشرہ بگڑ ر ہا ہے اورہر طرف فحاشی وعیاشی کادوردورہ ہے ، منشیات کا استعمال عام ہوگیاہے اور لوگ منشیات کو ختم کرنے کی زبانی جمع خرچی کررہے ہیں جبکہ عملی سطح پر کوئی اقدام نہیں اٹھایاجارہا۔ انہوںنے کہاکہ اس حوالے سے ایک پلیٹ فارم سے کام کرنے کی اشد ضرورت ہے اورہمارا حریف ہمارا دشمن یورپین ممالک کا کلچر ہمارے ہاتھوں میں دے کر اپنے ہی ہاتھوں سے ہمیں برباد کرنے کی کوشش میں ہے جس میں اسے کسی حد تک کامیابی بھی ملی ہے ۔جموں وکشمیر کو اولیاء کی سرزمین قرار دیتے ہوئے مصباحی نے کہاکہ لوگوںکا اولیاء کرام کے در سے منحرف ہونامعاشرے کی تباہی کا سبب ہے اورآج ضرورت اس با ت کی ہے کہ اولیاء کرام کے مزارات پر آکر خدا سے اُن کے وسیلے سے معافی طلب کی جائے ۔ مولانا عبد الرزاق نعیمی نے کہا ہمارے معاشرے کو نئے سرے سے تشکیل دینے کی ضرور ت ہے کیونکہ قرآن اور اہل قرآن سے منہ موڑلیاگیاہے جس کی وجہ سے مسائل درپیش ہیں۔ان کاکہناتھاکہ اولیاء کرام کا بھی یہی مشن ہے کہ خُِدا اور رسول کے مشن کو عام کیا جائے اوراولیاء کرام کی تعلیمات نمازقائم کرنااور دیگر مذہبی فعل انجام دیناہے ۔انہوںنے کہاکہ بے نمازی شخص کو اولیا اکرام کے مزارات پر آنے کا کوئی حق نہیں کیونکہ یہ لوگ جنہوںنے بیابان جنگلوں میں اللہ اللہ کی ضرب لگائی اورخدا کی عبادت و اطاعت میں اپنا شب روز گزارا ،کے پیغام کے برعکس کام نہیں کیاجاسکتا۔اس موقعہ پر مولانا حافظ محمد معشوق اشرفی ،مولانا عبد القدیر اشرفی و دیگران نے بھی خطاب کیا ۔عرس کا اہتما م حفظ و قرآت کی درسگاہ مدرسہ اشرفیہ نو ر الاسلام کی جانب سے کیا گیا ۔اس محفل کا اختتام دعاو صلواۃ پر ہوا اور تبرکات تقسیم کئے گئے ۔