دمشق //شام میں انسانی حقوق کے سب سے بڑے نگراں گروپ المرصد نے بتایا ہے کہ حلب کے جنوبی دیہی علاقے میں بشار حکومت کی فوج اور اس کی ہمنوا ملیشیاؤں کی پیش قدمی جاری ہے۔ یہ پیش قدمی ہیئہ تحریر الشام تنظیم کے خلاف سامنے آئی ہے جس میں جبہ النصرہ اور دیگر مسلح گروپ شامل ہیں۔المرصد کے مطابق گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران شامی حکومت کی فوج نے حلب کے جنوب میں تقریبا آٹھ دیہات پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ اس طرح جبہ النصرہ اور دیگر گروپوں کے بتدریج انخلاء کے بعد شامی فوج کے کنٹرول میں آنے والے دیہات اور قصبوں کی مجموعی تعداد 115 کے قریب پہنچ گئی ہے۔دوسری جانب روسی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق وزارت دفاع نے جمعے کے روز بتایا کہ " جنگجوئوں کے ایک گروپ کو ہلاک کر دیا گیا ہے جنہوں نے 31 دسمبر کو شام میں روس کے فضائی اڈے پر حملہ کیا تھا"۔روسی وزارت دفاع کے اعلان کے مطابق اِدلب صوبے میںجنگجوئوں کے زیر استعمال ڈرون طیاروں کی کھیپ کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل جنگجو شام میں روس کے دو فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرون طیاروں کا اسعمال کر چکے ہیں۔