اقوام متحدہ//اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینٹونیو گوتریس نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں دو خود کش حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق کی حمایت کرتی رہے گی۔ مسٹر گوتریس کے ترجمان کے بیان کے مطابق انہوں نے کل پھر اعادہ کیا، "اقوام متحدہ دہشت گردی سے لڑنے اور ملک کی تعمیر نو کی کوششوں میں عراقی حکومت اور وہاں کے لوگوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا''۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق کل شہر کے بھیڑ بھاڑ والے علاقے میں دو خودکش حملوں میں کم از کم 35 افراد ہلاک اور دیگر 90 افراد زخمی ہوئے تھے ۔ عراق میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے اور ملک میں اقوام متحدہ امداد مشن کے سربراہ جین کیوبس نے بھی کل حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ میدان جنگ میں شکست کے باوجود دہشت گرد تنظیم عام لوگوں کے لئے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ مسٹر کیوبس نے ٹویٹ میں کہا، "میں عراق کے حکام اور لوگوں سے اتحاد بنائے رکھنے کا خواہاں ہوں اور لوگوں کو دہشت گردوں کے ہدف کو ناکام کرنے کے لئے محتاط رہنا ہوگا جو طویل جدوجہد کے بعد بہتر ہو رہے ملک کے حالات خراب کرنا چاہتے ہیں''۔ سکریٹری جنرل اور ان کے خصوصی نمائندے نے متاثرین کے خاندانوں کے تئیں ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کیلئے صحت مند ہونے کی دعا کی۔یو این آئی