راجوری// راجوری کے کوٹ دھڑا کے وارڈ نمبرپانچ میں پچھلے دس روز سے پینے کاپانی دستیاب نہیں جس کی وجہ سے عوام سخت مشکلات سے دوچارہے۔پانی کے بحران پرمقامی لوگوں کاایک وفد ڈپٹی کمشنرراجوری سے بھی ملاقی ہوااوریہ بتایاکہ محکمہ پی ایچ ای راجوری کے ملازمین ان کے مسائل و مشکلات کونظرانداز کررہے ہیں اورپینے کے پانی کی سپلائی بحال کرنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیاجارہا۔وفدنے کہاکہ محکمہ کے اہلکار اس معاملے میں کوئی بھی پیش رفت نہیں کررہے جس کی وجہ سے خواتین پینے کاپانی حاصل کرنے کے لئے کئی کلومیٹر پیدل سفرکرنے پرمجبور ہیں ۔وفد کی سربراہی کررہے ریاض احمدنے بتایاکہ علاقے میں محکمہ پی ایچ ای کاایک بھی اہلکار نظرنہیں آتااوراکثرملازمین عوام کے مسائل کوچھوڑکراپنی نجی تجارت کو فروغ دینے میں مصروف رہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر محکمہ پینے کاپانی فراہم کرنے میں ناکام رہاتوعوام کومجبوراًاحتجاج کا راستہ اختیار کرناپڑے گا۔ جب اس ضمن میں ایگزیکٹوانجینئرمحکمہ پی ایچ ای نثار خان سے بات کی گئی توانہوں نے بتایاکہ ان کے علم میں ایسی کوئی بات نہیں البتہ یہ چھوٹا سامسئلہ ہے جس کو حل کردیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ مقامی لوگوں کو ان کے پاس آنا چاہئے تھاتاکہ پانی بحال کرانے کے لئے اقدام اٹھایاجاتا۔تاہم انہوں نے کہاکہ کل ہی ملازم تعینات کئے جائیںگے ۔