سرنکوٹ//سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ کے کانفرنس ہال میں پولیو قطرے پلانے کا جائزہ لیاگیا۔اس سلسلے میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت ایس ڈی ایم سرنکوٹ رشید کوہلی کر رہے تھے۔ میٹنگ میں بلاک میڈیکل آفیسر سرنکوٹ ذوالفقار احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پربی ایم او سرنکوٹ نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ پلس پولیو کا پہلا مرحلہ 28 جنوری سے شروع ہوگا جو 30 جنوری کو اختتام پذیرہوگا۔انہوںنے بتایاکہ اسی طرح سے دوسرا مرحلہ 11 مارچ سے شروع ہوکر 13 مارچ تک چلے گا۔ انہوںنے بتایاکہ پہلے مرحلے کیلئے بلاک سرنکوٹ میں 135 بوتھ قائم کئے گئے ہیںجن میں 540 ورکر تعینات رہیںگے اور ہر بوتھ پر چار ورکروں کو رکھاگیاہے ۔انہوںنے مزید بتایاکہ تین ٹرانزٹ یونٹ ہوںگے جو بس اڈہ سرنکوٹ ،پوٹھہ پٹرول پمپ اور بفلیاز میں رہیںگے ۔انہوںنے بتایاکہ سرنکوٹ میں 23 ہزار 511 بچوں کوپہلے تین دنوں میں پولیوقطرے پلائے جائیںگے ۔ میٹنگ میں سی ڈی پی او بفلیاز اور سرنکوٹ تاج النسا کاظمی اور پروین اختر ، زونل ایجوکیشنل آفیسران اور غیر سرکاری تنظیموں جموں وکشمیر ہیومن ویلفیئر سوسائٹی جڑانوالی گلی کے چیئرمین رزاق بجاڑ، میڈیکل سپروائزر وغیرہ بھی شامل تھے۔