بجلی کٹوتی پر لوگ برہم
طارق شال
تھنہ منڈی // قصبہ تھنہ منڈی کے ساتھ محکمہ بجلی کے امتیازی سلوک پر عوام برہم ہیںاوران کا مطالبہ ہے کہ قصبہ کی غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی کو ختم کیا جائے۔ تھنہ منڈی کے عوام کا کہنا ہے کہ محکمہ بجلی قصبہ تھنہ منڈی میں رات کو ضرورت سے زیادہ کٹوتی کر رہاہے جو سراسر نا انصافی ہے۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے اسکولی طلبا متاثرہورہے ہیں اور انہیں پڑھائی میں مشکلات کاسامناہے ۔ان کاکہناہے کہ اگر محکمہ کے رویہ میں تبدیلی نہ آئی تو وہ احتجاج کار استہ اختیار کریںگے ۔
کٹھوعہ واقعہ پر راجوری میں طلباء کا احتجاج
سمت بھارگو
راجوری//گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری کے طلباء نے کٹھوعہ واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔بڑی تعداد میں کالج کے طلباء و طالبات کالج گیٹ کے باہر جمع ہوئے جہاںسے انہوںنے بینر اور پلے کارڈ ہاتھوں میں اٹھاکر ریلی نکالی ۔انہوںنے ریاستی حکام کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے یہ سوال اٹھایاکہ پولیس نے کیوں بروقت کارروائی کرکے کمسن آصفہ کو بچالیا ۔انہوںنے کمسن کیلئے انصاف کی مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ایسے درندہ صفت عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جنہوںنے انسانیت کو شرمسار کیا ہے ۔
سرحدی جنگل آگ کی لپیٹ میں
مینڈھر//جاوید اقبال//سرحد پر ہندوپاک افواج کی طرف سے فائر نگ کے بعد سرحدی علاقہ کے جنگلوں میں شدید آگ لگی ہوئی ہے اور کئی کلو میٹر علاقہ اس کی زد میں ہے ۔سرحدی علاقوں میں دھواں ہی دھواں نظر آرہاہے اورآگ نے سرسبز درختوں کوبھی اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے ۔اس دوران کئی مائن بلاسٹ بھی ہوئے ہیں لیکن خوش قسمتی سے کسی طرح کا کوئی جانی نقصان نہیںہواالبتہ دھماکے سن کر لوگوں میں خوف و حراس پایاجارہاہے ۔جنگل میں آگ کے بعد جنگلی جانوروں نے رہائشی علاقوں کا رخ کیاہے جس سے مقامی آبادی میں اور بھی خوف پایاجارہاہے ۔آخری اطلاعات ملنے تک یہ آگ مسلسل پھیلتی جارہی ہے لیکن فوجی چوکیاں ابھی تک محفوظ ہیں ۔
کٹھوعہ واقعہ پر کارروائی کی مانگ
مینڈھر//جا وید اقبال//کٹھوعہ واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے طلباء یونین کے لیڈر نوید سرور خان نے کہاکہ ایسے درندہ عناصر کو سخت سے سخت سزا دی جائے جنہوںنے ایک معصوم کو بھی نہیں بخشا ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کٹھوعہ میں پیش آیا واقعہ افسوسناک ہے اورایک معصوم اور نا بالغ بچی کی عزت کو وحشی درندوں نے تار تار کرنے کے بعد اسے قتل کردیا ۔انہوںنے کہاکہ یہ آصفہ کا نہیں بلکہ انسانیت کا قتل ہے اور انتظامیہ بروقت کارروائی کرنیمیں ناکام رہی جبکہ حکومت بھی خاموش بیٹھی ہے۔نوید خان نے سرکار سے اپیل کی کہ ایسے درندوں کو سخت سے سخت سزا دینی چاہیے تا کہ مستقبل میں ایسے واقعات پیش نہ ہوں اور مائیں بہنیں اور بچیوں کی طرف کوئی آنکھ اُٹھا کر دیکھنے کی جرأت نہ کرسکے۔
تھنہ منڈی کی پٹھان برادری کو صدمہ
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کی پٹھان برادری کو منظور حسین خان کی وفات سے صدمہ پہنچا ہے۔ منظور حسین پرانہ تھنہ منڈی وارڈ نمبر 11 کے رہنے والے تھے،جو65 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔ مرحوم گزشتہ ایک ماہ سے علیل تھے جن کی جمعرات کے روز طبیعت بگڑگئی جس کے بعد ان کو ڈاکٹروں نے میڈیکل کالج وہسپتال جموں منتقل کیاجہاں وہ اتوار کی شام حرکت قلب بند ہونے سے رحمت حق ہو گئے۔ مرحوم کو واپس اپنے گھر پرانہ تھنہ منڈی لایاگیا جہاںپیر کو روز بعد نماز ظہر مرحوم کا نماز جنازہ پرانہ تھنہ باولیا ں کے مقام پر پڑھایا گیا اور پھر ان کے مکان کے قریب ہی اپنی ذاتی اراضی میں پرنم آنکھوں کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں رشتہ داروں، پڑوسیوں اور سیاسی کارکنان نے شرکت کی۔ تھنہ منڈی کی تمام سیاسی و سماجی جماعتوں نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کرتے ہوئے پٹھان برداری کے ساتھ اظہار ہمدردی کی ہے۔
سرحدی کشیدگی ختم کرنے کی اپیل
منجاکوٹ//پرویز خان //یوتھ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر صوبہ جموںایڈووکیٹ عبدالقار خان نے سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیاہے کہ وہ خاموشی اختیار کرنے کے بجائے متاثرین کی مدد کیلئے سامنے آئے ۔ انہوںنے کہاکہ سرحدی کشیدگی کی وجہ سے لوگوںکا جینا حرام ہوکر رہ گیاہے لیکن افسوسناک بات ہے کہ حکومت نے خاموشی اختیار کررکھی ہے اور اسے لوگوں کی کوئی فکر نہیں ۔ ان کاکہناہے کہ اگرچہ حکومت نے کچھ جگہوں پربینکروں کی تعمیر کاکام شروع کیاہے لیکن لیکن بنکر اس کا کوئی حل نہیں اور نہ ان کی تعمیر سے لوگوں کا دکھ درد کم ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ اس سے بڑھ کر دکھ کی بات اور کیا ہوسکتی ہے کہ حد متارکہ کے نزدیک واقع سکول سال میں چھ ماہ سے زائد بند رہتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ سرحدی علاقوں کے مسائل حل کئے جائیں اور بچوں کی تعلیم کیلئے کوئی پالیسی بنائی جائے ۔ انہوںنے دونوں ممالک پر زور دیاکہ وہ جنگ و جدل کے ماحول کو ختم کرتے ہوئے مذاکرات سے مسائل حل کریں ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم کا 56انچ کا سینہ بھی کسی کام کا نہیں لہٰذا بات چیت شروع کرکے کشیدگی ختم کی جائے ۔
پونچھ کے25کسان تربیتی سیر پر روانہ
پونچھ//حسین محتشم //محکمہ زراعت کی جانب سے پونچھ ضلع کے مختلف دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے 25کسانوں پر مشتمل ایک تربیتی قافلہ کو ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔واضح رہے کہ یہ تمام کسان شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اے ٹی ایم ٹی کے تحت تربیت حاصل کریں گے۔ان کسانوں کے ہمراہ چیف ایگریکلچر افسر پونچھ پی کے کول اور ضلع ایگریکلچر افسر پونچھ اندرجیت سنگھ بھی روانہ ہوئے۔ پی کے کول نے بتایا کہ اس سیر کا مقصد کسانوں کو مختلف سبزیوں کی پیداوار اور بیجوں کے متعلق جانکاری فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ دورہ بڑی اہمیت کا حامل ہے جس سے کسانوں کواستفادہ کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے پی ایم کے ایس وائی اور پی ایم ایف بی وائی جیسی سکیموں ہیں ۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی جانکاری کے لئے ایسے ٹور کے ساتھ ساتھ ضلع ، تحصیل و مقامی سطح پر جانکاری کیمپ منعقد کے جائیں تاکہ لوگوںکا رجحان کھیتی باڑی کی طرف زیادہ بڑھے ۔
پی ایچ ڈی ڈگری تفویض
بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے شعبہ سکول آف مینجمنٹ سٹڈیز کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عاسم میر کو یونیورسٹی کی طرف سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی گئی ہے ۔
۔39گاڑیوں کے چالان،8ضبط
بختیار حسین
سرنکوٹ//سرنکوٹ پنچایت گھر کے نزدیک پولیس کی طرف سے ایس ایچ او انظر میر کی قیادت میں ناکہ لگاکر گاڑیوں کے کاغذات کا معائنہ کیاگیا جس دوران 39گاڑیوں کے چالان کئے گئے جبکہ 8کی ضبطی عمل میں لائی ۔اس موقعہ پرسیکنڈ ایس ایچ او الطاف احمد اور دیگر اہلکار بھی موجود تھے ۔ پولیس نے بغیر ہیلمٹ کے موٹرسائیکل چلانے والوں کو سختی سے تنبیہ دیتے ہوئے دیتے ہوئے کہاکہ آئندہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ بغیر کاغذات کے گاڑیاں نہیں چلنے دی جائیںگی اس لئے قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایاجائے ۔ پولیس نے ڈرائیوروں کی یونیفارم بھی چیک کی ۔ایس ایچ او سرنکوٹ نے بتایاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف یہ کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی اور پولیس کڑی کارروائی کرے گی ۔ انہوںنے کہاکہ ہر ایک کو ٹریفک قوانین کاپاسدار بنناہوگا۔
لیکچرار میٹنگ میں طلباء نے کھیل کود میں دن گزار دیا
جاویداقبال
مینڈھر //پنچایتی چنائو وقت پر ہوںگے بھی یا نہیں لیکن سرکاری سکولوںمیں پہلے سے ہی تدریسی سرگرمیاں متاثر ہوناشروع ہوگئی ہیں ۔ پونچھ میں انتظامیہ نے اس سلسلے میں میٹنگ رکھی ہوئی تھی جس میں مینڈھر سے سرکاری سکولوں کے تمام لیکچراربھی مدعوتھے ۔لیکچراروں کے اس میٹنگ میں چلے جانے کے بعد تمام ہائرسکینڈری سکول خالی ہوگئے اور طلباء پورا دن کھیلتے رہے ۔مقامی لوگوںنے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ طلباء کے مستقبل کو پنچایتی چنائو کی بھینٹ نہ چڑھایاجائے اورتعلیم کا خیال رکھاجائے ۔رابطہ کرنے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ نے بتایاکہ ان کے پاس بھی شکایت آئی ہے اور آئندہ وہ چالیس فیصد عملہ کو سکولوںمیں حاضر رکھاجائے گا۔
لفٹ سکیم کی بحالی پر لوگوںکا اظہار تشکر
حسین محتشم
پونچھ//بیدار کے لوگوںنے لفٹ سکیم کی بحالی پر مقامی ممبر اسمبلی شاہ محمد تانترے اور محکمہ پی ایچ ای کے افسران کا شکریہ اد اکیاہے ۔محکمہ کی جانب سے 250 سے زائدپائپوںکی منطوری دی گئی ہے ۔لوگوں کے مطابق حلقہ پنچایت بیدار کے محلہ شیخاں، محلہ ڈاراں اور محلہ ٹھکراں میں پانی کی شدید قلت تھی اور انہوںنے اس سلسلے میں ایم ایل اے پونچھ سے ملاقات کرکے شکایت کی جس پر انہوںنے متعلقہ محکمہ کے افسران کو پانی کی سپلائی فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔لوگوں کے مطابق محکمہ نے ایم ایل اے کی ہدایت پر پائپوں کو منظوری دی جس سے لفٹ سکیم بحال ہوجائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ وہ ممبراسمبلی کا شکریہ اد اکرتے ہیں جنہوںنے غریب پروری کا ثبوت پیش کیاہے۔
کارکنان کی پی ڈی پی میں شمولیت کادعویٰ
کالاکوٹ //پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اسد بار ی شاہ نے چنگس اور لورکوٹ میں عوامی اجلاس منعقد کرکے لوگوںکے مسائل سنے ۔یہاں جاری پریس بیان میں اس بات کا دعویٰ کیاگیاہے کہ اس دوران بڑی تعدادمیں کارکنان نے پی ڈی پی میں شمولیت کی ۔مقامی لوگوں نے پی ڈی پی لیڈر کو اپنے مسائل سے باخبر کرتے ہوئے حل کرنے پر زور دیا۔ اپنے خطاب میں اسد باری شاہ نے کہاکہ پنچایتی الیکشن ہونے جارہے ہیں جس کے پیش نظر پارٹی کومضبوط کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے عہد بند ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں ۔ پارٹی میں شامل ہونے والوںمیں سرپنچ نرنجن سنگھ اور محمد خواجہ قابل ذکر ہیں ۔اس موقعہ پر بلاک صدر ڈونگی حاجی اسحق ، سنجیو کمار، کلدیپ کمار اور دیگران بھی موجود تھے ۔
قدیر چاڑک بی ڈی او سرنکوٹ تعینات
بختیار حسین
سرنکوٹ//قدر چاڑک نے بلاک ڈیولپمنٹ افسرسرنکوٹ تعینات ہونے کے بعد عہدے کا چارج سنبھال لیا ۔ ان کی تعیناتی غلام مصطفی منہاس کی جگہ ہوئی ہے جنہیں لسانہ کا بی ڈی او تعینات کیاگیاہے ۔قبل ازیں قدر چاڑک بلاک بفلیاز میں بی ڈی اوکے فرائض انجام دے رہے تھے ۔اس دوران لوگوںنے چاڑک کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ انہوںنے امید کی کہ چاڑک سرنکوٹ کی تعمیروترقی میں اہم رول ادا کریںگے اور جس ایمانداری سے انہوںنے بفلیاز میں کام کیاہے اسی طرح سے یہاں بھی ان کی قیادت میں ترقیاتی کام ہوںگے ۔انہوںنے کہاکہ وہ یہ امید بھی کرتے ہیں کہ سبھی کام غیر جانبداری سے ہوںگے ۔
ووٹر فہرستوں پر تحفظات کا اظہار
کسی کانام ہی نہیں تو کسی کے دودو جگہ
جاوید اقبال
مینڈھر//اگرچہ حکومت نے اس بات کا اعلان کیاہے کہ پنچایتی چنائو بہت جلد ہوںگے لیکن مینڈھرمیںکہیں دودو جگہ ووٹ پائے جارہے ہیں تو کہیں بزرگ شہریوںکے نام ووٹر فہرست میں ہی نہیں۔کالا بن کی اواں پنچایت کے لوگوں شکایت کی ہے کہ کچھ لوگ جو 30 سال قبل جموں کے جانی پور اپر پلوڑہ محلہ گجراں میں رہائش پذیر ہوگئے اور اسی رہائش کی بنیاد پر کاغذات بنوائے اور سرکاری ملازمت بھی حاصل کرلی، آج تک کالابن اواں پنچایت وارڈ نمبر 5 میں اندراج رکھتے ہیں۔ نثار احمدااحمداور محمد زلف نے بتایاکہ یہ معاملہ تحصیلدارمینڈھر،بی ڈی او مینڈھر اور اے سی آر پونچھ و ایس ڈی ایم مینڈھر کے نوٹس میں بھی لایا گیاتاہم ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔رابطہ کرنے پر بلاک ڈیولپمنٹ افسر مینڈھر نے کہاکہ ان کے پاس دونوں جگہ کی ووٹر فہرستیں پیش کی جائیں جس پر وہ فوری کارروائی کریںگے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر واقعی جموں میں بھی کچھ لوگوںکے ووٹ درج ہیں تو ان کے نام مینڈھر سے خارج کئے جائیںگے ۔ اسی طرح سے دیگر کئی لوگوںنے بھی شکایت کی کہ کچھ کے نام ہی نہیں اورکچھ کے دودوجگہ نام درج ہیں ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ کئی لوگ جموں منتقل ہوگئے ہیں لیکن آج بھی ان کے نام مینڈھر میں چل رہے ہیں ۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ کئی بزرگ لوگوں کے نام بھی درج نہیں۔ افسر بی زوجہ محمد رشید خان کی پیدائش 1956کی ہے لیکن ان کانام بھی ووٹر فہرست میں نہیں رکھاگیا ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ چنائو کرانے سے قبل ووٹر فہرستوں کو درست کیاجاناچاہئے ۔
مینڈھرمیں قانونی خواندگی پر بیداری پروگرام
مینڈھر //ضلع لیگل اتھارٹی پونچھ کی طرف سے مینڈھر میں قانونی خواندگی اور قانونی بیداری پر لیگل سروسز کیمپ منعقد کیاگیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوںنے شرکت کی ۔ یہ کیمپ کورٹ کمپلیکس مینڈھر میںہواجس میں پرنسپل ضلع و سیشن جج پونچھ زبیر احمد رضا جو لیگل سروسز اتھارٹی کے چیئرمین بھی ہیں ،کے علاوہ سب جج چیف جوڈیشل مجسٹریٹ پونچھ محمد اشرف خان ، سب جج سپیشل موبائل مجسٹریٹ پونچھ عدنان سعید ، ضلع موبائل مجسٹریٹ پونچھ وجاہت حسین کاظمی ،منصف مجسٹریٹ درجہ اول مینڈھر ریاض احمد چوہدری بھی موجو دتھے ۔ اس کیمپ میں اے ڈی ڈی سی پونچھ ، ضلع سوشل ویلفیئر افسر پونچھ ، چیف میڈیکل افسر پونچھ ، اسسٹنٹ لیبر کمشنر پونچھ ، آئی سی ڈی ایس افسر پونچھ ، ایس ڈی ایم مینڈھر راہل یادو ، تحصیلدار مینڈھر شہزاد لطیف خان ، ایس ڈی پی او مینڈھر ، بی ایم او مینڈھر ، ٹی ایس او مینڈھر ، تحصیل سوشل ویلفیئر افسر مینڈھر کے علاوہ ناری نکیتن مینڈھر کی طالبات ، بار ایسو سی ایشن ایشن صدر بشارت حسین اور وکلاء ، آشاورکروں ، نمبردار وں ، سرپنچوں ، چوکیداروں ، پنچوں ، معزز شہریوں نے بھی شمولیت کی ۔اس دوران لوگوںکو مفید جانکاری فراہم کی گئی اور محکمہ جات کے سربراہان نے سکیموں کے بارے میں بتایا۔ بعد میں ناری نکیتن مینڈھر کی طالبات میں کپڑے تقسیم کئے گئے ۔ آخر پر چیئرمین لیگل سروسز کمیٹی مینڈھر ریاض احمد چوہدری نے سبھی کا شکریہ اداکیا ۔