ڈوڈہ میں جوائنٹ سیول سوسائٹی کا مشترکہ اجلاس
اسحٰق عارف
ڈوڈہ//آج ڈوڈہ میں جوائنٹ سیول سوسائٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چناب سٹیزن فورم کے سرپرست اعلیٰ مرزا مظفر حسین بیگ نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم محکمہ کے آئندہ اجلاس میں اگر گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ کے حوالہ سے یہاں عوام کے دیرینہ و تسلیم شدہ مطالبات پر وعدے کے مطابق باضابطہ حکم جاری نہ ہوا تو ہم ایک زور دار تحریک شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ کالج میں کلاس رومز کی قلّت کے خاتمہ کے لئے ایک کمپلیکس کی تعمیر انڈر گریجویشن میں نئے مضامین متعارف کرانا اور کالج سطح میں پی جی سطح پر کم از کم تین مضامین کو منظوری کا مطالبہ جائز ہے اور تسلیم شدہ ہے اگر ریاست کے سولہ کالجوں میں یہ سہولیات ہے تو ڈوڈہ کالج میں کیوں نہیں اور کالج گزشتہ سولہ برسوں سے مسلسل نظر انداز ہوا ہے یہ آنے والے نسلوں کے قتل کے مترداف ہے اور اب یہ ناانصافی برداشت نہیں ہو گی۔
ایک انار سو بیمار………
تحصیل دفتر گلاب گڑھ کے قیام تنازعہ
زاہد ملک
مہور//گذشتہ روز گلابگڑھ میں تحصیل دفتر کے مطالبہ کو لے کر لوگوں نے احتجاج کیا تھا۔لوگوں کا مطالبہ تھا تحصیل دفتر گاؤں گلابگڑھ میں قائم کیا جائے۔ان کا کہنا ہے کہ کابینہ کے حکم میں یہ واضح ہے کہ تحصیل صدر دفتر گلابگڑھ میں ہی قائم کیا جائیگا لیکن اس دفتر کو کسی اور جگہ منتقل کیا جارہا ہے۔وہیں دوسری طرف سے حلقہ گلابگڑھ کے باقی پنچایتوں کا اعتراض ہے کہ گاؤں گلابگڑھ سب ڈویژن مہور کے کونے میں ہے اور جہاں پر تحصیل دفتر چلنا ناممکن ہے۔یہاں لار،لدھ،کھوڑ،شیدول اور ٹکسن کے لوگوں کا مطالبہ ہے تحصیل دفتر کو مناسب جگہ پر رکھنا چاہیے اگرچہ تحصیل دفتر گلابگڑھ میں بنا وہ صرف چند ہی گاؤں کو فائدہ ملے گا۔اسی طرح دیول،نہوچ،شبراس،برمیدار کے لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کی ہے انتظامیہ کو چاہیے وہ علاقہ میں ایک ٹیم بھیجے اور تحصیل دفتر مناسب جگہ پر قائم کیا جائے۔ان لوگوں کا کہنا ہے اگرچہ گلابگڑھ کے لوگ تحصیل دفتر کو لے کر احتجاج کر رہے ہے وہ صرف اپنے فائدے کیلئے کر رہے ہیں تحصیل دفتر گلابگڑھ میں دیا گیا تو باقی پنچایتوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ادھر لار کے ریٹائر زونل ایجوکیشن آفیسر عبدالحمید بدال،دیول کے سرپنچ بشیر احمد ناگ اور ڈوگہ کے سرپنچ مشتاق احمد چودھری نے بتایا اگرچہ تحصیل دفتر کو گلابگڑھ میں دیا گیا وہ بھی سڑکوں پر اتر آئیں گے انتظامیہ کو چاہیے تحصیل دفتر کو مناسب جگہ پر قائم کیا جائے جہاں پر سب لوگوں کو فائدہ ہو یا پھر تحصیل دفتر کو مہور میں ہی رکھا جائے۔اس حوالے سے جب کشمیرعظمیٰ نے ایس ڈی ایم مہور یاسین چودھری سے بات کی انہوں نے بتایا ہمیں اعلیٰ حکام سے رپورٹ منگوائی گئی ہے جس پر انہوں نے ایک کمیٹی بنائی ہے جو کہ رپورٹ تیار کر رہے ہیں۔رپورٹ تیار کرنے کے بعد وہ اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے اور وہاں سے ہی اس کا فیصلہ کیا جائے گا۔
کھاد کمپنی کی طرف سے بیداری پروگرام منعقد
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//محکمہ زراعت کمپلیکس ڈوڈہ میں کھاد ڈیلران کو تربیت دینے کے حوالہ سے کھاد کی تقسیم کاری اور ان کو سیدھے طور فائدہ پہنچانے کی کوشش کے لئے انڈین فارمر فرٹیلائزر کمپنی کی طرف سے بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا پروگرام کو محکمہ زراعت ڈوڈہ کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ۔ بیداری پروگرام کے دوران کمپنی کی جانب سے زراعت شعبہ میں سیل کی جگہ مشینوں کو عملی طور عمل میں لایا گیا جس دوران محکمہ زراعت کے آفیشل نے بھی مشینوں کے استعمال کے بارے میں تربیت دی اس موقع پر کھاد ڈیلران میں مفت پی او ایس مشینوں کو تقسیم کیا گیا۔اس تربیتی پروگرام کو چیف ایگریکلچر آفیسر ڈوڈہ سْنیل کول کی ہدایات پر منعقد کیا گیا۔
گول پہلے سے ہی سیاحتی نقشے پر ہے :حکومت
حکومت مفتی کے وعدوں پر کھرا اُترنے میں ناکام: اعجاز احمد خان
زاہد بشیر
جموں//جاری قانون ساز اجلاس میں ایوانِ زریں میں ایم ایل اے گول ارناس اعجاز احمد خان کے ایک سوال کے جواب میں سرکار نے کہا کہ گول پہلے سے ہی سیاحتی نقشے پر ہے اور وہاں پر منصوبوں کے لئے سرکار اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ گول میں TFCعمارت پر 75فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جس کی تخمینہ لاگت 148.98لاکھ روپے ہے ۔ سرکار نے کہا کہ دگن ٹاپ میں تین ہٹس منصوبے میں ہیں جن کا تخمینہ لاگت 99.49لاکھ روپے ہے ۔ سرکار نے کہا کہ ٹورسٹ فیسلٹیشن سینٹر گول کی عمارت میں اس وقت تک 127لاکھ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں جن میں وی آئی پی دو،چارڈورمیٹروز دوبیت الخلاء ساتھ میں ، لابی ، کچن ،، علیحدہ سے بیت الخلاء ، وغیرہ شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کا کام آخری مرحلے میں جاری ہے۔ وہیں دگن ٹاپ میں جو تین ہٹس ہیں ان کے لئے تمام کاغذات مکمل ہو چکے ہیں اور رقم درکار ہے ۔ اور یہ تمام منصوبے اگلے مالی سال میں مکمل کئے جائیں گی ۔ سرکار نے اس موقعہ پر ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ PMKSYکے تحت حلقہ انتخاب گول ارناس میں ہاروسٹنگ ٹینک کے لئے5.00لاکھ ،ہاروسٹنگ ٹینک 50فیصد سبسیڈی کے لئے 4.95لاکھ ،ایریگیشن پمپ سیٹ پچاس فیصدی سبسڈی 1.35لاکھ ، ڈیزنلگ ڈیپنگ آف کول0.30لاکھ لائنگ آف پونڈ0.25لاکھ جن میں کچھ کام مکمل کئے گئے اور کچھ زیر تعمیر ہیں ۔ جبکہ ایک پروجیکٹ ’’رام بن کلسٹر CADپروجیکٹ ‘‘ جو ابھی زیر غور ہے جو کمانڈ ایریا ڈولپمنٹ پروگرام کے تحت ہے جس کا نام (ہار کھیت کو پانی) ہے ۔ اس موقعہ پر اعجاز احمد خان نے تتا پانی گول اور سلال میں ٹورسٹ عمارتوں کے بارے میں سرکار سے پوچھا اور جواب میں سرکار نے کہا کہ تتا پانی اور سلال میں عمارتوں کے منصوبے زیر غور ہیں ۔ اس موقعہ پر اعجاز احمد خان نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید نے جو وعدے گول کے عوام کے ساتھ کئے تھے سرکار اُن پر کھرا اُترنے میں ناکام ہو چکی ہے اور زمینی سطح پر کوئی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔
چیف سیکرٹری ویاس کی مُدت میں توسیع کا مطالبہ
کشتواڑ // وادی چناب کے ایک سماجی کارکُن جوگیندر بھنڈاری نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ریاست کے چیف سیکرٹری بی بی ویاس کی ملازمت میں توسیع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ایک پریس بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بی بی ویاس چیف سیکرٹری ایک قابل ،ایماندار اور ایک محنتی افسر ہیں ۔اسکے علاوہ انہیں ریاست جموں و کشمیر کے عوام کے جائز مطالبات حل کرنے کی اہلیت بھی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ چیف سیکرٹری کو ریاست کے معاملات میں اچھی مہارت ہے۔علاوہ ازیں ، وہ ایک محنتی افسر ہیں جس کی ملازمت میں توسیع کرنا ریاست کے ماد میں ہوگا خصوصی طور سے آنیوالے پنچایتی انتخابات میں۔
عوامی وفد ڈی سی رام بن سے ملاقی
ایم ایم پرویز
رام بن//سابقہ ممبر اسمبلی بانہال فاروق احمد میر کی قیادت میں ایک وفد نے جمعرات کے روز ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں ایک یا د داشت پیش کی ،جس میں کہا گیا ہے کہ مقامی تعلیم یافتہ اور علاقہ کے ہنر مند نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر روز گار مہیا کیا جائے۔وفد نے شکایت کی کہ کنٹریکٹر کمپنیاں جن کو ریاست و مرکزی سرکار نے ضلع میں پروجیکٹوں کی تکمیل کے لئے معمور کیا ہے ، وہ افرادی قوت ریاست سے باہر لاتی ہیں اور مقامی نوجوانوں کو نظر انداز کرتی ہیں اور ان کمپنیوں پر مبینہ طور سے ائسٹ انڈیا کمپنی کے جیسے برتائو کی شکایت کی ۔وفد نے مزید کہا کہ جن لوگوں کی اراضی ان پروجیکٹوں کے زد میں آگئی ہے ، اُنکے بازآباد کاری کی جائے اور اسکے علاوہ سی ایس آر کے تحت متعلقہ علاقوں میں فنڈز کا استعمال کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
چندر کوٹ کنفر میں مکان خاکستر
ایم ایم پرویز
رام بن//موضع کنفر میں گُذشتہ روز ایک مکان خاکستر ہوا ہے،تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔۔ پولیس رپورٹ کے مطابق کنفر چندرکوٹ میں بدھ کے روز دلاور علی ولد صادق علی کا مکان آتشزنی میں پوری طور سے تباہ ہوا ہے۔آتشزنی کی وجہ سے مکان کا تمام املاک بھی خاکستر ہوا ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ اور پولیس کے اہلکاروں نے آگ بجھانے کی کوشش کی ،تاکہ آگ ملحقہ بستی تک نہ پھیل جائے۔ اطلاعات کے مطابق سا واقعہ میں کوئی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے آگ لگنے کے وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
رام سوکی دو شیزہ لا پتہ
ایم ایم پرویز
رام بن // ساربگنی،رام سوسے گُذشتہ دو دنوں سے ایک لڑکی کے لا پتہ ہونے کی اطلاع ہے اور اسکے رشتہ داروں کو اسکا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے۔پولیس رپورٹ کے مطابق شمیم احمد وانی ساکنہ سارباگنی،رام سو نے پولیس میں ایک شکایت درج کی ہے کہ اسکی بیٹی (19)سال، قد 5فٹ 4نچ ،جس نے کالے رنگ کی شلوار قمیض پہن رکھی ہے، بۃدھ کے روز سے اپنی رہائش گاہ سے پُر اسرار طور لاپتہ ہوئی ہے۔پولیس نے اس شکایت پر پولیس ا سٹیشن رام سو میں ایک معاملہ درج کیا ہے اور لڑکی کو بازیاب کرنے کے لئے کاروائی شروع کی ہے۔
ریاسی میں ماہی گیر وں کی تربیت
ریاسی //محکمہ فشرئیز کی جانب سے فش فارم انجی میں جمعرات کے روز ماہی گیروں کے لئے ایک تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔پروگرام کا انعقاد مرکزی سپانسر شدہ سکیم ATMA کے تحت کیا گیا ۔پروگرام کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشرئیز بھارت بھوشن نے جدید ماہی گیری یعنی کہ تالاب تیار کرنے بشمول آرگنک کھادوں کے استعمال، مچھلیوں کا ذخیرہ کرنے،بیماریوں کا تدارُک کرنے، اور بہتر نتائج کے لئے مدتی نیٹنگ اور پیداوار پر عملی تربیت فراہم کی ۔ ماہی گیروں کو دیگر سکیموں جو کہ محکمہ کی جانب سے ماہی گیروں کی بھلائی کے لئے لاگو کی گئی ہیں ،کی بھی جانکاری فراہم کی گئی۔پروگرام میں ضلع کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے 125 ماہی گیروں نے شرکت کی۔