رام بن //ضلع رام بن کے بہت سے دور افتادہ دیہات خُشک سالی کی وجہ سے بغیر پانی کی سپلائی کے ہیں۔ اطلاعا ت کے مطابق پانی کے قدرتی وسائل جسیے کہ چشمے اور نالے خُشک ہو گئے ہیں۔اور محکمہ صحت عامہ کی جانب سے پانی کی سپلائی کے لئے نصب پائپوں کا کوئی مطلب ہی نہیں ہے کیونکہ ریزر وائر بھی خُشک ہوئے ہیں۔گوجر بستی دلواس کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ ہماری خواتین کو دور دراز مقامات سے پانی ڈھونا پڑتا ہے کیونکہ جے پرکاش ایس وسی ایٹ اور گیمن انڈیا نے بستی کو ٹینکروں سے پانی سپلائی کرنا بند کیا ہے حالانکہ ان لوگوں نے یہ معاملہ محکمہ صحت عامہ کی نوٹس میں بھی لایا ہے ،جہاں سے ہمیں فقط یقین دہانیاں ملتی ہیں۔اُنکاکہنا ہے کہ پنچایت حلقہ ڈلواس کی اس بستی کو جان بوجھ کر بغیر پانی کے رکھا گیا ہے ،جسکی وجہ سے انہیں پانی لانے کے لئے ڈیڑھ ، دو کلو میٹر کی مسافت طے کرنا پڑتا ہے۔ایسے ہی اطلاعات شیر بی بی ،سُمبڑ، ہاروگ اور دور دراز علاقوں سے موصول ہوئی ہیں۔ ڈلواس کے بشیر احمد بکروال نے کہا ہے کہ محکمہ صحت عامہ نے ان لوگوں کی گُذارش پر کوئی دھیان نہیں دیا ہے،تاکہ لوگوں کے مسائل کم ہوں ۔مکینوں نے ضلع انتظامیہ اور صحت عامہ حُکام سے اس مسئلہ کی جانب ذاتی مداخلت طلب کی ہے ،تاکہ لوگوں کو بغیر خلل کے پانی مہیا ہو۔