پونچھ//تحصیل کمپلیکس منڈی کی شاندار عمارت میں ایک ماہ سے پانی نہیں آ رہا جس کی وجہ سے اس کمپلیکس میں قائم دفاتر کے افسر اور دیگر ملازموں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔نائب تحصیلدار منڈی نے بتایا کہ انہیں استعمال کے لئے پانی باہر سے منگوانا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے پوری عمارت میں بدبو پھیل رہی ہے۔ وہیںمحکمہ سماجی بہبود میں تعینات ایک ملازمہ نے بتایا کہ ان کے دفتر میں چند روز قبل آنگن واڑی کارکنان کو تربیت دی جا رہی تھی جس دوران پانی نہ ہونے کی وجہ سے محکمہ کے تمام عملہ کو شدید مسائل سے دوچار ہونا پڑا۔انہوں نے بتایا کہ جب اس سلسلہ میں محکمہ پی ایچ ای کے عہدیداران کو اطلاع دی گئی تو انہوں نے بے بسی کا اظہار کیا۔ غلام محمد نامی ایک شخص جو دور دراز گائوں سے تحصیل کمپلیکس میں کسی دفتری کام سے آیا ہواتھا، نے بھی شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر سرکاری دفاتر کا یہ حال ہے تو پھر عام لوگوں کی پرواہ کون کرے گا۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کے افسران کو ہدایت دے کرپانی کی قلت کو ختم کرائیں ۔رابطہ کرنے پر ایکس ای این محکمہ پی ایچ ای نے بتایا کہ انہیں شکایت ملی تھی کہ وہاں پائپوںکی کمی ہے جس کے بعد انہوں نے پائپیں روانہ کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس قدرتی چشمہ سے تحصیل کمپلیکس کے لئے پانی کی پائپ لائین بچھائی گئی تھی ،وہ بالکل سوکھ گیا ہے، اب کافر کٹھا سے لائین بچھائی جارہی ہے لیکن اس میں کچھ مقامی لوگ اعتراض کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بہت جلد پانی کی سپلائی کو بحال کردیاجائے گا۔