کانگریس تمام طبقوںکو ساتھ لیکر چلنے والی جماعت:غنی
پونچھ//کانگریس کے سینئر لیڈر چوہدری عبدالغنی نے پونچھ میں کانگریس کے یک روزہ کنونشن میں شرکت کرنے والے سبھی کارکنان کا شکریہ ادا کیاہے ۔یہاں جاری بیان کے مطابق چوہدری عبدالغنی نے کہا کہ جہاں پارٹی کے کارکنان نے اس اجلاس کو کامیاب بنانے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی وہیں عوام نے اتنی بڑی تعداد میں شرکت کرکے یہ ثابت کر دیا کہ کانگریس ہی وہ واحد جماعت ہے جو تمام طبقہ جات کو ایک ساتھ لے کر چل سکتی ہے۔چوہدری عبدالغنی نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ،پی ڈی پی اور بی جے پی کے بہت سے کارکنان نے کانگریس میں شمولیت کی جس کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جماعت میں آنے والے تمام لیڈران کانگریس کے دیگر لیڈران اور علاقہ کے ورکران کے ساتھ مل کر لوگوں کی بھلائی کے لئے کام کریںگے۔ عبدالغنی نے کہا کہ آنے والے وقت میں اور بھی لیڈران جماعت میں شمولیت اختیار کریں گے۔انہوں نے سرپنچ شمس دین،سرپنچ بشیر بجران،سرپنچ غلام حسین چیچی کی پارٹی میں شمولیت کو جماعت کے لئے نیک شگون قرار دیا ۔
۔آر ای ٹی کی زون بال جرالاں کی تنظیم تشکیل
راجوری//رہبر تعلیم اساتذہ کا بال جرالاں میں ایک اجلاس منعقد ہواجس دوران زون کیلئے تنظیم کی تشکیل عمل میںلائی گئی ۔یہ تنظیم فورم کے ریاستی نائب چیئرمین نجم جعفری کی سرپرستی میں قائم کی گئی ۔اس موقعہ پرضلع صدر منظور خان بھی موجو دتھے۔یہاں جاری بیان کے مطابق اشوک کمار کوصدر،ذاکر حسین کونائب صدر، کمال سباھن کوجنرل سیکریٹری،سنجے کمارکو سکریٹری،نیتو شرما کوترجمان اعلیٰ ،سپنا شدما کوچیف آرگنائزر، سنجے کمار چیف ایڈوائزر،امت شرما کوچیف کوآرڈ ی نیٹر ، موہن شرماکو آرگنائزر،محمدبشیرکو خزانچی ،اشونی شرما کو پریس ایڈوائزربنایاگیا۔اس موقعہ پرسنجے کھجوریا، نیتو شاہ،مینو شرما،جی ایم تانترے،ولی محمد،محمد حنیف شاہ،ریاست خان ،اعجازاحمداور انظار مرزابھی موجود تھے ۔وائس چیئرمین نے نئے عہدیداروںکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ دی گئی ذمہ داریوںکو احسن طریقہ سے انجام دیں۔
ہریانہ میں طلبا کی مار پیٹ کی مذمت
غنڈہ عناصر کیخلاف سخت کارروائی کی جائے :سیول سوسائٹی منڈی
عشرت بٹ
منڈی//ریاست ہریانہ کے مہندرگڑھ میں پیش آئے واقعہ کی سیول سوسائٹی منڈی نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔سیول سوسائٹی ارکان نے کہا کہ ریاست ہریانہ میں جموں و کشمیر کے تین طلبا کو مار پیٹ کانشانہ بنایاگیا اور غنڈہ عناصر نے ان کو حراساں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے غنڈہ عناصر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔ منڈی سیول سوسائٹی صدر ڈاکٹر غلام عباس ہمدانی نے کہا کہ جمعہ کے روز ہریانہ یونیورسٹی کے تین طلبا کو اس وقت نشانہ بنایاگیاجب وہ جمعہ کی نماز ادا کرنے جارہے تھے ۔انہوںنے کہاکہ ان کو روک کر پٹائی کی گئی اورافسوسناک بات ہے کہ اس معاملے میں ریاستی حکومت خاموش بیٹھی ہوئی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ ان طلباء کی صرف اس لئے مار پیٹ کی گئی کیونکہ وہ جموں کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں حالات معمول پر آنے والے ہوتے ہیں کہ ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں ایسے واقعات رونما ہونے سے وہ مزیدبگڑ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ میں طلبا پر کیا گیا حملہ جمہوریت پر سیاہ داغ ہے ۔ان کاکہناتھاکہ سیاسی رہنما ہر بار جموں و کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ انگ کی رٹ لگاتے تھکتے نہیں لیکن اٹوٹ انگ کے مکینوں کے ساتھ روا رکھا گیا سلوک غیر جمہوری ہے ۔انہوںنے کہاکہ ایک طرف کشمیر سے کنیاء کماری تک ایکتا کی بات کی جارہی ہے اور دوسری جانب جموں و کشمیر کے لوگوں کو ہندوستان کی دیگر ریاستوں میں دشمن کی نظر سے دیکھا جارہا ہے ،اس دوہرے معیار کا خاتمہ ہوناچاہئے ۔انہوں نے ہریانہ سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ شرپسند عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لاکر منافرت رکھنے والے چہروں کو بے نقاب کرے اوران کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے ۔انہوںنے ریاستی و مرکزی سرکار پر زور دیاکہ بیرون ریاست زیر تعلیم ریاستی طلباء کو تحفظ فراہم کیاجائے اورانہیں حراساں کرنے کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیاجائے ۔
کھبلاں تھنہ منڈی میں پی ڈی پی کا اجلاس
طارق شال
تھنہ منڈی//پی ڈی پی کا کھبلاں تھنہ منڈی میں ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت ایڈوو کیٹ ظہوراحمد بھٹی نے کی ۔اس موقعہ پرمولانہ مفتی گلفراز احمد، چوہدری مقبول حسین، بشارت حسین خان،ماسٹر اختر حسین اور پارٹی کی خاتون شاخ کی ضلع صدر شاہدہ اختر بھی موجود تھیں۔اس دوران مقامی لوگوںنے بتایاکہ علاقے میں پانی کی سخت قلت ہے اورمحکمہ پی ایچ ای کی طرف سے ان کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جا رہا ہے۔ان کاکہناتھاکہ گاؤں سے پانی کے چشمے کے پانی کو تیسرے علاقے میں سپلائی کیاجارہاہے لیکن ان کو محکمہ نے کنکشن فراہن نہیں کئے ۔انہوںنے مانگ کی کہ چاڑک محلہ میں ایک ڈگ ویل دیاجائے ۔بھٹی نے انہیں یقین دلایاکہ وہ مسائل کو اعلیٰ حکام کے نوٹس میںلائیںگے ۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی کو مضبوط بنایاجائے اور پنچایتی چنائو میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیاجائے۔
پونچھ میں ادبی سوسائٹی کے نام سے تنظیم تشکیل
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں ادبی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور آنے والی نسلوں کے لئے ادبی ماحول بنانے کے مقصد سے ضلع کے ادیبوں کی جانب سے ایک اجلاس انور شاہ کشمیری اکیڈمی پونچھ میں منعقد کیا گیاجس دوران ایک نئی تنظیم تشکیل دی گئی ۔ اجلاس کی صدارت گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے شعبہ اردو کے صدر پروفیسر اعظم مغل نے کی۔اس دوران تمام ادیبوں نے با اتفاق رائے ملٹی لینگول لٹریری سوسائٹی (MLC) یعنی کثیر اللسانی ادبی سوسائٹی کے نام سے ایک تنظیم تشکیل دی ۔اس موقعہ پریہ طے پایا گیا کہ اس تنظیم کے سبھی ممبران بغیر کسی عہدے کے رضاکارانہ طور پر کام کریں گے اور ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تنظیم کا اجلاس منعقد ہوا کرے گا۔بعد از آں ایک مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈاکٹر امجد بابر، ڈاکٹر مجاہد مغل ،نظارت خان، ایاز سیف، محتشم احتشام ، صدیق احمد صدیقی اور نوید قریشی نے اردو، انگریزی، پہاڑی، اور گوجری زبانوں میں اپنااپنا کلام پیش کیا۔
مشتاق وانی کرشن چندر ایوارڈ سے سرفراز
راجوری//معروف کہانی کار،محقق،نقاد اور تانیثی ادب کے ماہر ڈاکٹر مشتاق احمدوانی اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو بابا غلام شاہ یونیورسٹی راجوری کو المائٹی انٹر نیشنل سوسائٹی ملیر کوٹلہ پنجاب نے’’کرشن چندر ایوارڈ‘‘سے نوازہ ہے۔یہاں جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر مشتاق احمد وانی کو یہ ایوارڈ ملیر کوٹلہ میں منعقدہ دو روزہ قومی سیمینار بعنوان’’مشرقی پنجاب کاادبی مظرنامہ (اکیسویں صدی کے حوالے سے)کے موقعہ پر اردو کے معروف افسانہ نگار ڈاکٹراسلم جمشید پوری صدر شعبہ اردو چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی میرٹھ،محمد بشیر مالیر کوٹلوی اور المائٹی انٹر نیشنل سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر محمد رفیع کے ہاتھوں دیا گیا۔ڈاکٹر مشتاق احمد وانی ایک درجن سے زیادہ کتابوں کے مصنف ہیں۔اس ایوارڈ سے قبل انہیں’’وقار ادب ایوارڈ‘‘مہاراشٹر،یوپی اردو اکیڈمی ایوارڈ،کاوش بدری ایوارڈ مدراس،گلوبل اچیور ایوارڈ ممبئی اور بہار اردو اکیڈمی ایوارڈ سے بھی نوازہ جاچکا ہے۔
منجاکوٹ میں شجرکاری کی گئی
پرویز خان
منجاکوٹ //تحصیل منجاکوٹ میں محکمہ جنگلات کی طرف سے شجرکاری کی گئی ۔اس مہم کا آغاز سابق وزیر و کانگریس جنرل سیکریٹری شبیر احمد خان کے ہاتھوں ہوا۔اس دوران ہائر اسکینڈری اسکول منجاکوٹ،ڈاک بنگلہ ،تعمیرات عامہ دفتر اور جامع مسجد منجاکوٹ میں بھی نئے پودے لگائے گئے۔اس موقعہ پر شبیر خان نے شجرکاری مہم کو زیادہ سے زیادہ چلانے پرزور دیتے ہوئے کہاکہ پیڑ پودے لگانے سے نہ صرف ماحول صاف و شفاف رہتاہے بلکہ یہ انسانی صحت کیلئے بھی انتہائی اہم ہے ۔ انہوںنے کہاکہ خوشی کی بات ہے کہ محکمہ جنگلات کی طرف سے یہ مہم شروع کی گئی ہے اوراسے کامیاب بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ لوگوں کواس کاحصہ بنایاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ مہم اسی طرح سے آگے بھی جاری رہنی چاہئے ۔ اس موقعہ پر محکمہ جنگلات کے آفیسران کے علاوہ سابق نائب سرپنچ منجاکوٹ حاجی محمد شفیع ودیگرلوگ بھی موجو دتھے۔
مزدور یونین مینڈھر کاوفد پولیس سربراہ سے ملاقی
خطہ پیر پنچال میں خصوصی بھرتی کرنے کا مطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر//مزدور یونین مینڈھر کا ایک وفد یونین کے صدر عبد المجید چوہدری کی قیادت میں ڈائریکٹر جنرل پولیس جموں وکشمیرسے ملاقی ہوا۔اس وفد میں کانگریس کے سینئر لیڈر چوہدری ظفر اللہ آزاد اور لیبر یونین کے جنرل سکریٹری مشتاق فانی بھی تھے ۔وفد کے ارکان نے پولیس سربراہ کوایک یاداشت نامہ پیش کرتے ہوئے تمام خالی پڑی اسامیوں کوپرکرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع پونچھ کے اندر تمام ایس پی او کو مستقل کیا جائے کیونکہ ریاست کے اندر تمام اضلاع میں بڑی تعداد میں ایس پی او مستقل کئے گئے لیکن ضلع پونچھ کے اندر ایسا نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ تمام ایس پی اوز کو مستقل کرنا اعلیٰ حکام کا فرض بنتا ہے اور نئے ایس پی او زبھی بھرتی کی جائے تاکہ روزگاری کا خاتمہ ہو۔انہوں نے کہا کہ پولیس سربراہ کا فرض بنتا ہے کہ ریاستی وزیر اعلیٰ سے بات کرکے خالی پڑی اسامیوںکوپر کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ سابق ریاستی ڈائریکٹر جنرل پولیس گوربچن جگت کی طرح انہیں بھی سرحدی اضلاع پونچھ راجوری میں موقعہ پر خصوصی بھرتی کرنی چاہیے ۔انہوںنے کہاکہ اس عمل سے روزگارکے مواقع بھی فراہم ہوںگے ۔ان کاکہناتھاکہ خطہ پیر پنجال کے کئی ایس پی اوز نے اپنی جانیں قربان کردی لیکن ان کے لواحقین کو انصاف نہیں ملا۔انہوںنے کہاکہ ان کے لواحقین کو ایس آر او 43سے فائدہ دیاجائے ۔پولیس سربراہ نے یقین دلایاکہ جائز مطالبات کو پورا کیاجائے گا۔
عوامی نمائندے عیش وعشرت میںلوگوں کاکوئی پرسان حال نہیں :لیاقت علی
راجوری//نیشنل کانفرنس کی جانب سے کوٹرنکہ میں سینئراین سی لیڈرچوہدری لیاقت علی ایڈووکیٹ کی صدار ت میں عوامی میٹنگ منعقدہواجس میں اسمبلی حلقہ درہال کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیرتعدادنے شمولیت کی۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس دوران خطاب کرتے ہوئے چوہدری لیاقت علی نے کہاکہ موجودہ حکومت عوام کی اُمنگوں میں کھرااُترنے میں مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے ۔انہوں نے انتظامیہ کی غفلت کے سبب سڑک حادثے میں جان بحق ہوئے افرادکے لواحقین کے ساتھ تعزیت کااظہارکیا۔انہوں نے علاقے میں بنیادی سہولیات پرفقدان پربھی تشویش کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ راشن کی سپلائی میں تین تین مہینے لگ جاتے ہیں جس کی وجہ سے غریب لوگ مہنگائی اورمایوسی کاشکارہیں ۔انہوں نے کہاکہ درہال حلقہ میں پانی کی سپلائی ناقص اور سڑکوں کی حالت نہایت ابتر،ہسپتال میں طبی سہولیا ت کافقدان پایاجارہاہے جوکہ باعث تشویش با ت ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے چنے ہوئے نمائندے بالخصوص مقامی وزیر عیش وعشرت میں وقت گذاررہے ہیں اورعوام کاکوئی پرسان حال نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیرموصوف کی اپروج جانبدارانہ ہے جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہواہے۔انہوں نے کہاکہ عوام ان لیڈروں کوجوعوام کی پریشانیوں سے بے خبررہ کرغفلت میں وقت گذاررہے ہیں اس کاجواب عوام وقت آنے پردے گی۔انہوں نے کہاکہ خطہ پیرپنچال کے نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے دربدر ہیں اورموجودہ حکومت کی نوجوانوں کے مخالف پالیسیوں سے ناخوش ہیں ۔
’دروازہ کھل جائے گا‘ ڈرامہ پیش
راجوری //رنگ منچ تھیٹر گروپ راجوری نے طارق کالج آف ایجوکیشن دسل راجوری میں ’’دروازہ کھل جائے گا‘‘ کے موضوع پر ایک ڈرامہ پیش کیا ۔یہ ڈرامہ ایک کمسن لڑکی پر مبنی تھا جو نوجوان لڑکے اجمل سے محبت کرتی ہے۔ لڑکی کی ماں اُس کے بارے میں جاننے کیلئے آتی ہے اور وہ اُسے ایک دولت مند حاجی کے ساتھ شادی کروانے کی کوشش کرتی ہے جواس کی والدہ کا ہم عمر ہے ۔سریہ کے ساتھ حاجی زبردستی شادی کرنا چاہتا ہے جس کے بچے اُس کی عمر کے ہیں جبکہ لڑکی دوسرے کسی لڑکے کے ساتھ محبت کرتی ہے اور حاجی اُسے اپنے ساتھ لے جاتا ہے ۔آخر پر سریہ اس پر خود سوزی کرلیتی ہے ۔ اس ڈرامہ کو رنگ منچ راجوری نے منعقد جس کے ڈائریکٹر وشال پہاڑی ہیںجبکہ کہانی پرویز ملک اور وشال پہاڑی نے لکھی ہے ۔اس ڈرامہ میں امت سنگھ ، انیل شرما، مجتبیٰ خان ، تابش ملک ، کاشف ملک ، سنجنا، ایشا ، کومل اور پریا نے فنکاری کے جوہر دکھائے۔