پونچھ//غیر سرکاری تنظیم اے پی جے عبدالکلام ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے ضیاالعلوم ہائی اسکول پونچھ میں سیول سروسز اور نائب تحصیلدار کے امیدواروں کیلئے سہ روزہ ورکشاپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس کا افتتاح ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ ڈاکٹر سید بشارت حسین انقلابی نے کیا۔ورکشاپ کے انعقاد میں ایس ایس ایم کالج کا تعاون بھی رہا ۔ ورکشاپ کے آغاز میں پرنسپل ضیاالعلوم ہائی اسکول پونچھ وحید احمد بانڈے نے آئے ہوئے تمام مہمانان کا استقبال کیا ۔اس دوران فاؤنڈیشن کے چیئرمین خلیل احمد بانڈے نے خطاب کرتے ہوئے ماضی میں فاؤنڈیشن کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور مستقبل کے پروگراموں کے بارے میں بتایا۔انہوں نے ورکشاپ میں شامل تمام افراد خاص طور پر ایس ایس ایم کالج کے بانی پروفیسر مسرف شاہ کا شکریہ ادا کیا۔ان کاکہناتھاکہ تنظیم کا مقصد ہمیشہ سے طالب علموں کو ورکشاپ اور سیمینار جیسے مواقع فراہم کرنا رہا ہے جس سے وہ سیول سروسز اور نائب تحصیلدار جیسے امتحانات میں بہترین کارکردگی انجام دے سکیں ۔انہوںنے کہاکہ آنے والے وقت میں مزید ایسے پروگرام منعقد کرنے کا ارادہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس ورکشاپ میں شرکت کرنے والوں کو اسناد سے نوازاجائے گا۔اس تین روزہ ورکشاپ کے پہلے ہی روز ضلع کے مختلف علاقہ جات سے بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی ۔اپنے خطاب میںبشارت انقلابی نے کہا کہ کسی بھی امتحان میں بہترین کارکردگی انجام دینے کیلئے چھ سات ماہ کی لگاتار پڑھائی درکار ہے ۔انہوں نے کلام فاؤنڈیشن کو ماضی میں اس کی بہترین کارکردگی کیلئے سراہا اور کہا کہ اس طرح کے ورکشاپ اور سیمینار ایک طالب علم کی زندگی کو نکھارنے میں کلیدی رول ادا کرتے ہیں۔ورکشاپ کے پہلے روز ضلع صنعت منیجر پونچھ وحید احمد نے ہندوستانی معیشت اور سیاست پر پر اثر کے موضوع پر توسیعی خطبہ دیا۔اس موقعہ پر گوجر بکروال ایمپلائز ایسو سی ایشن صدر اسد چوہان ، بلبیر سنگھ ،قاضی شبیر ، جنرل سکریٹری کلام فاؤنڈیشن تنویر بانڈے ، ایڈووکیٹ افتخار بزمی ، نجم الحسن جعفری ، ایڈووکیٹ شباب ودیگران بھی موجو دتھے ۔