راجوری//تھنہ منڈی اورکھیوڑہ پنجاسڑک پرپیش آئے دوالگ الگ سڑک حادثات میں سات افرادزخمی ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق تھنہ منڈی میں ایک ٹاٹاسومو حادثے میں ڈرائیوراورخاتون سمیت تین افرادزخمی ہوئے جن کو نازک حالت کے پیش نظر علاج ومعالجہ کیلئے ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق تھنہ منڈی سے درہ کو جانے والی زیر تعمیر رابطہ سڑک پر ایک ٹا ٹا سومو زیر نمبری 6286/JK11 جو تھنہ منڈی سے سواریاں لیکر درہ کی طرف جا رہی تھی۔ اپنے مقام پر پہونچنے سے قبل ہی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی جو تقریبا دو سو فٹ کی دوری پر ایک درخت کے ساتھ اٹک گئی جس میں شہنواز خان (22) ولد سید محمد سکنہ پٹیلی۔ محمد رشید ( 50) ولد عبدالغنی اور قلزم بیگم (45) زوجہ منظور حسین سکنہ درہ سوار تھے۔ حادثے کے بعد کافی تعداد، میں مقامی لوگ جمع ہوئے جنہوں نے تینوں زخمیوں کو ٹا ٹا سومو سے باہر نکا لا۔اور دیگر نجی گاڑیوں کی تعاون سے تھنہ منڈی کے سرکاری ہسپتال پہونچا یا۔ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر تھنہ منڈی میں ڈاکٹر و دیگر عملہ نے ان زخمیوں کی مرحم پٹی کرنے کے بعد انکی نازک حالت کو دیکھتے ہو ئے ضلع شفا خانہ راجوری منتقل کر دیا۔اس حادثے کی اطلاع ملنے پر سب ڈویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی محمد افضل مرزا اور نائب تحصیلدار تھنہ منڈی فاروق احمد راتھر بھی کمیونٹی ہیلتھ سنٹر تھنہ منڈی اس حادثے میِں زخمیوں کی عیادت کرنے کے لئے پہونچے جنہوں نے ان زخمیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کو مناسب امداد، کی یقین دھانی کرائی۔ ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر نذیر احمد ڈار نے دیگر عملہ سمیت جائے واردات پر پہونچ کر حادثے کی وجہ جاننے کی کوشش کی۔ اس سلسلہ میں ایس ایچ او تھنہ منڈی نے بتا یا کہ سڑک کی خراب حالت اور، ڈرائیور کی لاپرواہی کی وجہ سے حادثہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ایک مقدمہ زیر نمبری 10/2018 زیر دفعات 279/337 ار پی سی درج کر کے تحقیقات شروع، کر دی ہے۔علاوہ ازیں ایک دیگرسڑک حادثے میں تین خواتین اورایک بچہ زخمی ہوگئے جوکہ ایک تین پہیہ آٹورکشامیں سوارتھا۔یہ حادثے کھیوڑاپنجاسڑک پر آرمی ،اے ایل گرائونڈکی پچھلی طرف پیش آیا،زخمیوں کوضلع ہسپتال منتقل کیاگیاہے۔