راجوری// درہال کے لوگوںنے کالج و دیگر مطالبات پر بند کی کال کی حمایت کرتے ہوئے جمعرات کے روز احتجاجی دھرنا دیا جس دوران تعلیمی و تجارتی سرگرمیاںبھی ٹھپ رہیں ۔اس دوران بڑی تعداد میں لوگوںنے مین چوک درہال میںدھرنے میں شمولیت کی اور حکومت کی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ کئی سال سے ڈگری کالج کی مانگ کررہے ہیں لیکن یہ مانگ پوری نہیں کی جارہی ۔ انہوںنے کہاکہ تعمیروترقی کے معاملے میں بھی درہال کے ساتھ سیاسی امتیاز برتاجارہاہے ۔اس دوران لوگوںنے اپنے ہاتھوں میں بینر اٹھارکھے تھے جن میں کالج کی مانگ کے ساتھ ساتھ دیگر مطالبات بھی درج تھے ۔انہوںنے الزام عائد کیاکہ انہیں اس لئے نظرانداز کیاجارہاہے کیونکہ درہال کی اکثریت ایک مخصوصی سیاسی جماعت سے وابستہ ہے ۔انہوںنے بتایاکہ حال ہی میں ڈپٹی کمشنر راجوری شاہد اقبال چوہدری نے عوامی دربارکے دوران یقین دلایاتھاکہ درہال میں ڈگری کالج کا کام شروع کرایاجائے گاتاہم اس کے بعدکوئی پیش رفت نہیں ہوئی ۔ان کاکہناتھاکہ کالج نہ ہونے کی وجہ سے مقامی طلباء کو مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے ۔انہوںنے کہاکہ درہال کے سڑک روابط کا حال براہے اور طبی نظام خستہ حالی کاشکار ہے ۔انہوںنے کہاکہ درہال ہسپتال کے نظام کا اندازہ اس بات سے لگایاجاسکتاہے کہ اس میں 17 اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں جنہیں پُر کرنے کیلئے محکمہ کوئی توجہ نہیں دے رہا۔احتجاجی دھرنے کی قیادت کانگریس کے سینئرلیڈر محمد اقبال ملک کررہے تھے جنہوںنے ریاستی حکومت پر زور دیاکہ وہ سیاسی بنیادوں پر درہال کے لوگوںکے ساتھ ناانصافی نہ کرے اور لوگوں کے مطالبات پورے کئے جائیں ۔