پہاڑی طبقہ کوایس ٹی درجہ دینے کی مانگ
پونچھ//پیرپنچال عوامی پارٹی کے کارگذارصدر راجہ ظہیرعباس نے حکومت سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ پہاڑی طبقہ کوایس ٹی کادرجہ دیاجائے۔ یہاں جاری پریس بیان میں پیرپنچال عوامی پارٹی کے کارگذارصدرراجہ ظہیرعباس خان نے کہاکہ ایس ٹی کادرجہ پہاڑی طبقہ کی جائزودیرینہ مانگ ہے جسے فوری طورپرریاستی حکومت کومرکزی حکومت کے ساتھ زیربحث لاکرپوراکرناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات کے وقت پی ڈی پی وبی جے پی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں نے پہاڑی طبقہ کو ایس ٹی کادرجہ دلانے اور ریزرویشن دلانے کاوعد ہ کیاتھالیکن جوابھی پورانہیں ہوا۔انہوں نے مخلوط حکومت کی دونوں سیاسی جماعتوں پی ڈی پی اوربی جے پی سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کوسنجیدگی سے لیں کیونکہ یہ ایک قوم کامطالبہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ پہاڑی طبقہ کے ساتھ ناانصافی کودورکرنے کیلئے فوری طورپر ایس ٹی کادرجہ دلاناضروری ہے۔انہوں نے پیرپنچال کے قانون سازوں سے اپیل کی کہ وہ مذہب،ذات ،برادری سے بالاترہوکرپہاڑی طبقہ کی جائزمانگ کوپوراکروانے کیلئے جدوجہدکریں۔انہوں نے حکومت کوانتباہ دیاکہ پہاڑی طبقہ کے جذبات کے ساتھ مزیدکھلواڑنہ کیاجائے بصورت دیگرپہاڑی عوام اس کاجواب انتخابات میں دینے کیلئے مجبورہوجائے گی۔
پونچھ میں کیفیٹریا کی جگہ تبدیل کرنے کی مانگ
پونچھ//حسین محتشم//محکمہ سیاحت کے زیراہتمام پونچھ میں سیاحت کو فروغ دینے کے مقصد سے ڈاک بنگلہ میںایک کیفٹیریاعمارت تعمیر کروائی جا رہی ہے تاہم کچھ مقامی سیاسی و سماجی کارکنان نے اس کی جگہ تبدیل کرنے کی مانگ کی ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی سکریٹری سنیل گپتا نے کہا کہ یہ کفٹیریا صحیح جگہ پر تعمیر نہیںہورہا ، عمارت کسی ایسی جگہ پر تعمیر کی جانی چاہئے جہاں سبھی لوگ بغیر کسی پریشانی کے آ جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے یہ عمارت ڈاک بنگلہ کے بالکل اندر بنائی جارہی ہے جہاں عام لوگ نہیں جا سکتے ۔انہوں نے کہا کہ اس عمارت کو کسی عوامی مقام پر تعمیر کیاجا نالازمی ہے ۔انصاف مومنٹ کے چیئرمین جاوید اقبال ریشی نے کہا کہ پونچھ میں کئی پارکیں ہیںاوریہ عمارت ان میں سے کسی ایک پارک کے ساتھ بنائی جا نی چاہئے تاکہ وہاں لوگ آرام سے آجا سکیں۔یشن تنظیم کے چیئرمین امتیاز احمد سلاریہ نے بھی انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس طرح کی عمارتوں کو ایسی جگہ تعمیر کروایاجائے جہاں عام لوگ آ جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاک بنگلہ میں جب کوئی لیڈر یا وزیر آتاہے تو وہاں حفاظتی اقدام کے پیش نظر کسی کو اندرجانے کی اجازت نہیں ملتی لہٰذا اس عمارت کو عوامی جگہ پر تعمیر کیاجائے ۔
شام لعل کی یاد میں تعزیتی اجلاس
پونچھ//حالیہ دنوں سڑک حادثہ میں لقمہ اجل بننے والے ہاکی کوچ شام لعل کی یاد میں پاورہائوس ہاکی کلب کی جانب سے ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کے دوران کھلاڑیوں نے شام لعل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پونچھ میں کھیلوں کے فروغ کے لئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر پونچھ میں کھلاڑیوں کو ہاکی کی تربیت دینے میں انہوں نے بڑی جانفشانی سے کام کر کے یہاں ہاکی کو زندہ رکھا۔ نوجوان کھلاڑیوں نے شمعیں روشن کرکے کوچ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صفائی کرمچاریوں کا اظہار تشکر
پونچھ //صفائی کرمچاریوں کاپونچھ میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔اس موقعہ پرموجود لوگوںنے ممبر قانون ساز کونسل پردیپ شرما کو شکریہ ادا کیاکہ انہوںنے کونسل میںصفائی کرمچاریوں کے حقوق کی بات کی۔اجلاس کی قیادت کرتے ہوئے انیل گل نے کہا کہ2008میں اس وقت کی حکومت نے ایک بل پاس کیا تھا جس میں یہ طے ہوا کہ صفائی کرمچاری کی تعیناتی کے لئے تمام زمروں کے لوگ فارم بھر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دوران کئی لوگ صفائی کرمچاری تعینات ہوئے لیکن وہ کام نہیں کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس پر پردیپ شرما نے ایوان میں آواز اٹھائی ہے جس کیلئے وہ ان کے مشکور ہیں ۔
نڑول لفٹ سکیم 15 دنوں سے بند
مینڈھر//جا وید اقبال//نڑول لفٹ سکیم گزشتہ پندرہ دنوں سے بند ہے جس کی وجہ سے عوام پانی کی ایک ایک بوندکے لئے پریشان ہے ۔اس لفٹ سکیم کی کبھی موٹر خراب ہوجاتی ہے تو کبھی سٹارٹر جل جاتاہے ، کبھی پمپ خراب ہوجاتاہے تو کبھی کوئی اور خرابی پیدا ہوجاتی ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ نہ جانے اس میں بار بار کی خرابی حقیقی ہے یاپھر یہ ملازمین کے آرام کی خاطر ہے ۔اس بار اس کی موٹر جل گئی ہے جسے ٹھیک کرانے کیلئے جموں بھیجے ہوئے پندرہ دن ہوچکے ہیں اور عوام کو خدشہ ہے کہ جب یہ ٹھیک ہوکر آبھی جائے گی تو پھر کوئی اور خرابی بتادی جائے گی ۔مقامی لوگوں کے مطابق اس لفٹ سکیم سے نڑول کلیاں،نڑول چاہڑاں ،نڑول شھیں کٹھا،نڑول بھلون،نڑول نالہ ، نکر چک بنولہ ،چھونگاں نماں اور چھونگاں گاہی کے محلہ جات میں پانی سپلائی کیا جاتا ہے اور آج لوگ گھوڑوں کے ذریعہ پانی لانے پر مجبور ہیں جس کیلئے انہیں باضابطہ پیسہ ادا کرنے پڑتے ہیں۔انہوںنے حکام سے اپیل کی کہ پانی کی اس سکیم کو فعال بنایاجائے اور اسے باربار خراب نہ کیاجائے ۔
سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار
مینڈھر//جموں وکشمیر پیر پنجال عوامی پارٹی کے سر پرستِ اعلیٰ ایڈووکیٹ راجہ محمد عباس نے کہا ہے کہ ملک کے آزاد ہونے سے لیکر آج تک کرگل سے لیکر کٹھوعہ تک کی عوام لگاتا ر ایک جنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ عوامی جان و مال کے نقصان پر سیاستدانوں کی طرف سے سیاسی بیان تو ضرور دیئے جاتے ہیں مگر اس جنگ سے باہر نکلنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیاجاتا۔ انہوںنے کہاکہ انسانی نعشوں پر سیاست کرنا افسوسناک ہے ۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کی جان آج بھی خطرے میں ہے اور وہ مرتے جارہے ہیں مگر سیاستدانوں کو اپنے اپنے اقتدار کی پڑی ہوئی ہے ۔ انہوںنے ہندوپاک حکومتوںسے اس کشیدگی کو کم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ حدمتارکہ کو حد امن بنایاجائے۔
پہاڑی زبان بولنے والوںکیلئے 3فیصد ریزرویشن
بخاری نے کابینہ فیصلہ کو سراہا،کہا ایس ٹی درجہ کیلئے راہ ہموار ہوگی
سرنکوٹ //پہاڑی مشاورتی بورڈ کے سابق وائس چیئرمین اور پہاڑی کلچراینڈ ویلفیئر فورم کے سابق چیئرمین سید مشتاق احمد شاہ بخاری نے ریاستی کابینہ کی طرف سے پہاڑی زبان بولنے والے عوام کو 3فیصد ریزرویشن دینے کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اس سے شیڈیول ٹرائب درجہ کے حصول کیلئے راہ ہموار ہوگئی ہے ۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں بخاری نے کہاکہ وہ ریاست کے 15لاکھ پہاڑی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہیں بیکورڈ کمیشن کی طرف سے تسلیم کیاگیاجس پر کابینہ نے تین فیصد ریزرویشن دی ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ فیصلہ آگے چل کر ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور اس سے شیڈیول ٹرائب درجہ کیلئے راہ ہموار ہوگی ۔بخاری کاکہناتھاکہ بیکورڈ کمیشن کی سفارشات سے کیس اور بھی مضبوط ہوگیاہے اور اب مرکزی حکومت کے سامنے پہاڑی طبقہ کو شیڈیول ٹرائب درجہ دینے کیلئے کوئی رکاوٹ نہیںرہنی چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ آج کا فیصلہ پہاڑی طبقہ کی دہائیوں پر محیط جدوجہد کا نتیجہ ہے اور اگرچہ اس سے طبقہ کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کوئی نمایاں تبدیلی رونما نہیںہوگی لیکن ایس ٹی درجہ کیلئے کوششیں تیز ہوجائیںگی ۔ان کاکہناتھاکہ کابینہ نے سابق حکومت کی طرف سے منظور کردہ 5 فیصد سے دو فیصد کم یعنی تین فیصد ریزرویشن کو منظوری دی ہے لیکن وہ اس فیصلہ کی بھی سراہنا کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ طبقہ کے دیگر مسائل بھی اب آسانی سے حل ہوجائیںگے ۔
انجم کا سرنکوٹ میں والہانہ استقبال
بختیار حسین
سرنکوٹ//کے اے ایس امتحان میں اول مقام حاصل کرنے والے انجم خان کھٹک جب آبائی علاقے سرنکوٹ پہنچے تو ان کا لوگوںنے والہانہ استقبال کیا ۔ کھٹک کا تعلق تحصیل سرنکوٹ کے دور افتادہ گائوں موہڑہ بچھائی سے ہے۔ان کے سرنکوٹ پہنچتے ہی لوگوں نے ان سے ملاقات کی اور مبارک باد پیش کی۔اس موقعہ پر انجم کھٹک نے کہا کہ ان کی کامیابی کا سہرا سرنکوٹ کے تمام لوگوں کے سر جاتا ہے جن کی دعاؤں کی بدولت وہ امتحان میں اول پوزیشن حاصل کرنے میں کام رہے۔انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہاکہ پونچھ کے نوجوان بھرپور صلاحیتوں کے مالک ہیں جنہیں سماجی برائیوں سے دور رہتے ہوئے اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔
شہزاد خان پی ڈی پی سیکریٹری نامزد
گنائی نے خیر مقدم کیا
عشرت بٹ
منڈی//نوجوان لیڈر شہزاد احمد خان کو ایک بار پھر پی ڈی پی کی طرف سے ریاستی سیکریٹری بنایاگیاہے جس کا کارکنان نے خیر مقدم کرتے ہوئے موصوف کو مبارکباد پیش کی ہے ۔سینئر لیڈرشمیم احمد گنائی نے کہا کہ وہ شہزاد احمد خان کو مبارک باد پیش کرتے ہیں کہ جن کو پارٹی اعلیٰ قیادت نے ذمہ داری سونپی ہے۔انہوںنے کہا کہ شہزاد خان ایک دور اندیش اور قابل لیڈرہیں اور خطہ پیر پنچال کی عوام کو ایسے ہی لیڈروں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہزاد خان کے انتخاب سے خطہ پیر پنچال میں پارٹی مزید مضبوط ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ وہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ،نائب صدر سرتاج احمد مدنی اور عبدالرحمن ویری کے شکر گزار ہیں جو پارٹی کی نوجوان قیادت کو آگے آنے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہزاد خان نے اس سے پہلے بھی راجوری پونچھ میں پارٹی کی خاطر بہت اچھاکام کیااوراب امید ہے کہ آنے والے وقت میں وہ تنظیم کی مضبوطی کیلئے مزید کام کریںگے ۔ دیگر کئی ارکان نے بھی شہزاد خان کو مبارکباد پیش کی ہے۔
پیپلز مومنٹ کامقبول بٹ اور افضل گورو کوخراجِ عقیدت
راجوری// جموں وکشمیر پیپلز مومنٹ نے محمد افضل گورو اور محمد مقبول بٹ کوان کی برسیوں پرخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے جسد خاکی کو ان کے لواحقین کے سپرد کرے۔ یہاں جاری بیان کے مطابق سینئر حریت رہنما اور پیپلز مومنٹ چیئرمین میر شاہد سلیم نے کہا کہ گیارہ فروری 1984کو محمد مقبول بٹ اور نو فروری 2013کو محمد افضل گورو کو جس سفّاکی اور بیہمانہ طریقے سے تختہِ دار پر لٹکایاگیا، اس نے بحیثیت قوم کشمیریوں کے جذبات اور احساسات کو بری طرح مجروح کیا ۔انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کو محض اس لئے پھانسی کے پھندے پر لٹکایا گیا کیوں کہ انہوں نے جموں کشمیر پر بھارتی اقتدارِ اعلیٰ کو کبھی بھی تسلیم نہیں کیا ۔ پیپلز مومنٹ چیئرمین نے کہا کہ گیارہ فروری 2013کو محمد افضل گورو کو پھانسی پر لٹکانا عدلیہ کی تاریخ میں ایک انوکھا واقعہ تھا جسے بھارت سمیت دنیا بھر کے قانونی ماہرین نے عدالتی قتل قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ محمد افضل گورو کی بے گناہی کا اس سے بڑا اور کیا ثبوت ہو سکتا ہے کہ انہیں سزائے موت دینے والے جج نے یہ تک اپنے فیصلہ میں لکھ دیا کہ اگرچہ ملزم کے خلاف مطلوبہ شواہد موجود نہیں تاہم بھارت کے اجتماعی ضمیر کی تشفی کی خاطر اسے پھانسی دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ محمد افضل گورو کو جس راز دارانہ اور انتہائی خفیہ طریقے سے پھانسی دی گئی وہ عدالتی تاریخ کا ایک شرمناک واقعہ مانا جاتا ہے۔ حریت رہنما نے کہاکہ دونوں لیڈروں کا جسد خاکی کو لواحقین کے سپرد نہ کر کے اور بھی سفاکیت اور بے رحمی کا مظاہرہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان دونوںنعشوں کوتہاڑ جیل میں نا معلوم مقام پر دفنا یا گیا جس سے کشمیر ی عوام کے دلوں میں دونوں بے قصور رہنماؤں کے لئے احترم اور عقیدت میں او ر بھی اضافہ ہوا ہے۔میر شاہد سلیم نے اقوامِ متحدہ ، عالمی برادری اور انسانی کی عالمی تنظیموں سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری عوام کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کے اجسادِ خاکی کو وطن واپس لانے میںاپنا رول ادا کریں۔
مینڈھر میں پی ڈی پی کا ماہانہ اجلاس
مینڈھر //ڈاک بنگلہ مینڈھرمیں پی ڈی پی کارکنان کی ماہانہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع صدر شمیم ڈار نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر کارکنان نے اپنے اپنے علاقے کے مسائل اجاگر کئے اور اعلیٰ قیادت سے اپیل کی کہ مینڈھر کی طرف توجہ دی جائے ۔انہوںنے کہاکہ وزراء اس علاقے کادورہ کرکے عوامی مسائل حل کریں ۔ان کاکہناتھاکہ مینڈھر کے لوگوں کو پانی ، بجلی اور سڑک جیسے مسائل کاسامناہے جن کو حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ شمیم ڈار نے تمام مسائل سننے کے بعد یقین دلایاکہ وہ انہیں حل کروانے کی پوری پوری کوشش کریںگے اور اس سلسلے میں حکام سے بات کی جائے گی۔میٹنگ میںایڈووکیٹ معروف خان، سردار وسیم خان، محمد اعظم ساگر، زاہدہ چوہدری، محمد صادق، محمد دین پسوال وغیرہ بھی موجو دتھے۔
مرزا موڑ تا پوٹھہ بائی بس سڑک
۔4.30 کروڑ روپے کے پروجیکٹ کی تجویز : نعیم اختر
جموں//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے ایوان کو چودھری محمد اکرم کے سوال کا جواب دیتے ہوئے جانکاری دی کہ مرزا موڑ سے پونچھ تک ایک متبادل بائی پاس تعمیر کرنے کا کوئی بھی منصوبہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تا ہم ایم ای ایس واٹر پوائنٹ سے لیکر آرمی کیمپ پوٹھہ تک براستہ شاہی کھل سرنکوٹ 4.30 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت والا ایک سڑک پروجیکٹ تجویز کیا گیا ہے ۔
اوبی سی طبقہ کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں:تانترے
جموں//ممبر اسمبلی حویلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے اوبی سی طبقہ کے جائز مطالبات پورے کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پورے ملک کی طرح جموں وکشمیر میں بھی اس طبقہ کو منڈل کمیشن کی سفارشات پر عمل پیراہوکر27فیصد ریزرویشن دی جائے ۔ایوان زیریں میں وقفہ صفر کے دوران بولتے ہوئے تانترے نے کہاکہ اوبی سی طبقہ کے لوگ ریاست میںلاکھوں کی تعداد میں آباد ہیں جن کے جائز مطالبات کوپور اکیاجاناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ طبقہ کی مانگ ہے کہ ان کا سروے کروایاجائے اورایس آراو 294کے تحت اسناد جاری کرنے کی اجازت دی جائے ۔انہوںنے کہاکہ پورے ملک کی طرح ستائیس فیصد ریزرویشن کا اطلاق کیاجائے اور طبقہ کواس ایوان میں بھی نمائندگی دی جائے۔