کشتواڑ //ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے ضلع کے ناگسینی علاقہ کا یک روزہ طویل دورہ کیااور نائیگڑھ واٹر سپلائی سکیم پر ہو رہی کام کا معائینہ کیا۔اُنکے ہمراہ چیف پلاننگ افسر ،محکمہ صحت عامہ کے ایگزیکٹو انجینئر ،ڈی ایس ڈبلیو او،تحصیلدار ناگسینی و دیگر سیکٹورل افسر تھے۔ معایئنہ کے دوران انہوں نے کہا کہ انہوں نے سکیم کی پیش رفت اور پہلے ہی تکمیل شدہ کام کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ نائیگڑھ واٹر سپلائی اسکیم فقط ایسی واٹر سپلائی سکیم ہے، جو کشتواڑ قصبہ کی ضروریات کو پورا کرے گی، جس سے قصبہ میں پانی کی قلت کو پورا کیا جا سکے گا۔یہ سکیم نائیگڑھ نالہ سے شروع ہوکر کشتواڑقصبہ کے 32کلو میٹر سے ہوتے ہو ئے ڈھلوان اور جنگلاتی علاقہ سے گُذرے گی۔سکیم 17کلو میٹر تک مکمل کی گئی ہے ،جہاں پر پائپیں بچھانے کا کام بھی پورا ہو گیا ہے۔ایگزیکٹو انجینئر نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو یقین دلایا کہ رواں ماہ کے آخر تک مزید ایک کلو میٹر کو مکمل کیا جائے گا۔ڈی سی نے ایگزیکٹو انجینئر کو سکیم کی کام میں سرعت لانے کا اسرار کیا تاکہ یہ سکیم اپنے مقررہ مدت نومبر 2018 تک مکمل ہو جائے گی۔انہوں نے ایگزیکوٹنگ ایجنسی کو اسکے ساتھ ہی اور ہیئڈ ٹینکوں، فلٹریشن پلانٹ اور تقسیم کاری لائنوں کو بچھانے کا کام بھی شروع کرنے کی ہدایت دی ،تاکہ سکیم کے مقاصدکم سے کم وقت میں حاصل ہو جائیں ۔ڈی سی نے چھنگنانا اور بٹ پورہ عوام کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا جنھوں نے متعدد مطالبات پیش کئے جن میں پانی کی قلت، بجلی ٹرانسفارمروں کی بر وقت مرمت،مختلف سڑکوں کے تحت آئی اراضی کا معاوضہ، سڑکوں کی مرمت ،ایم جی نریگا کے تحت بقایا ادائیگی جیسے مسائل شامل تھے۔دریں اثنا ضلع ترقیاتی کمشنر نے دو دنوں کے اندر بجلی ٹرانسفامر نصب کرنے کی متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت دی۔انہوں نے بی ڈی او ناگسینی کو بھی ہدایت دی کہ چھنگنانا میں ایم جی نریگا کے تحت پانی کی ٹینکی تعمیر کی جائے۔