سمکن میں پانی کی شدید قلت
ایک موٹر کی وجہ سے سپلائی سکیم نامکمل
جاوید اقبال
مینڈھر// چھجلہ گائوں کے سمکن علاقہ کے ایک وفد نے محکمہ پی ایچ ای کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے لیکن محکمہ اپنی ذمہ داریاں انجام دینے سے جی چرارہاہے ۔لوگوںنے بتایاکہ پی ایچ ای ملازمین زمینی سطح پر کام نہیں کرتے اور سب سے زیادہ غیر ذمہ داری محکمہ مکینکل کے ملازمین برتتے ہیں اور انہیں یہ تک معلوم نہیں کہ پانی کی کتنی سکیمیں چلتی ہیں اور انہیں کیسے بحال رکھناہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کو فوری طور محکمہ مکینکل کے اے ای ای کو مینڈھر تعینات رکھناچاہئے جو پونچھ میں بیٹھ کر مینڈھر کی مشکلات حل نہیں کرسکتا۔مقامی لوگوں کے مطابق چھجلہ شیر شاہ سے سمکن سکیم 2002میں شروع ہوئی تھی لیکن موٹر کی کے باعث اس وقت تک سکیم بند پڑی ہے جبکہ اس کا ایک مرحلہ بالکل مکمل ہے اور دوسرے مرحلے کاکام مکمل کرنے کیلئے ایک موٹر نہیں لگائی جارہی ۔انہوںنے کہاکہ اس سکیم سے بہت بڑی آبادی کو فائدہ پہنچ سکتاتھا لیکن متعلقہ حکام اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے اور نتیجہ میں لوگ پانی کی قلت سے دوچار ہیں ۔انہوںنے ممبراسمبلی مینڈھر سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں ذاتی مداخلت کرکے پانی کی سپلائی فراہم کرائیں اور محکمہ کے مکینکل سیکشن کے اے ای ای کو مینڈھر تعینات کروایاجائے ۔ وفد میں سابق ممبر پنچایت مکھنا چوہدری،عبد المجید چوہدری ،سخی محمد اور فضل حسین شامل تھے ۔
سنجواں حملہ پر تشویش کا اظہار
پونچھ//نیشنل پنتھرز پارٹی کے ریاستی سیکریٹری زور آور سنگھ شہباز نے کہا ہے کہ ریاستی اور مرکزی سرکارعوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے ۔پونچھ میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مخلوط سرکار کو حکمرانی کا کوئی حق نہیں ۔اُنہوں نے کہا جب سے ریاست میں یہ مخلوط سرکار بنی ہے تب سے فدائین حملے روز کا معمول بن چکے ہیں، حالیہ دنوں کئی نہتے شہری، کئی فوجی اور کئی پولیس اہلکار شہید ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں دہشت کا ماحول بنا ہوا ہے اور سرکار تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ان کاکہناتھاکہ حدِ متارکہ کے رہائشی علاقوں میں ہر روز گولہ باری ہورہی ہے لیکن عوام کے تحفظ کیلئے کوئی اقدام نہیں کیاگیا ۔انہوںنے کہاکہ مخلوط حکومت کو برخواست کرکے ریاست میں گورنر راج لگایاجائے تاکہ لوگوں کے جان و مال کا تحفظ ہوسکے۔اس موقعہ پر ضلع جنرل سیکریٹری سرجیت سنگھ کوچھڑ ،ضلع ترجمان چندر شیکھر ،ضلع سیکریٹری قاضی محمد رزاق، ایس ٹی کے ضلع صدر رشید مکری ، ضلع پبلک سٹیٹ سیکریٹری چرن جیت سنگھ، رویندر سنگھ لولی ،بلاک صدر بشارت شاہ ،بلاک نائب صدر محمد حمید، ینگ پینیھرز کے محبوب نواز اورمحمد لیاقت بھی موجو دتھے ۔
سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کا تعزیتی اجلاس
پونچھ// نیشنل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے ایک تعزیتی اجلاس زیر صدارت صدر عظیم علی شاہ فوارہ گارڈن پونچھ میں منعقد کیا گیا۔اس دوران مقررین نے محمد سعید ولد محمدحسین ساکن باٹا دوھوڑیاں مینڈھر کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ غم زدہ خانوادہ کے ساتھ اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے مرحوم کے برادر عزیز پروفیسر عبدالقیوم خان وائس پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج راجوری سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ اللہ انہیں صبر جمیل عطا کرے اور مرحوم کی مغرفت فرمائے۔ پروفیسر جتندر سنگھ، ڈاکٹر بشارت انقلابی،کے اے ایس منظور حسین، پروفیسر کملجیت سنگھ،پروفیسر اورنگزیب خان، اے ای ای محمد زمان،لیکچرر رزاق قریشی،پروفیسر محمد اکرم، پروفیسر تحسین عباس،حمید منہاس،امتیاز بانڈے اور ماسٹر محمد رشید نے بھی دکھ کا اظہار کیاہے ۔
تین فیصد ریزرویشن کا خیر مقدم
طبقہ کو پہلی بار شناخت ملی :پہاڑی یوتھ ایسو سی ایشن
مینڈھر //پہاڑی یوتھ ایسوسی ایشن نے پہاڑی طبقہ کو تین فیصد ریزرویشن دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اور دیگر لیڈران کا شکریہ ادا کیاہے ۔ مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ تنویر اقبال قریشی نے کہا کہ وہ تمام پہاڑی طبقہ کی طرف سے ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور سماجی بہبود کے وزیر سجاد غنی لون و دیگر لیڈران کا شکریہ اد اکرتے ہیں اور اس تاریخی فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی کی قیادت والی سرکار کا پہاڑی طبقہ مشکور وممنون ہے جنہوں نے ایک دیرینہ مانگ پورا کرتے ہوئے تین فیصد ریزویشن دی اور اب پہاڑی طبقہ یہ امید کرتاہے کہ ایس ٹی درجہ ضرور ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ سے منظوری ملنے کے بعد قانون سازاسمبلی سے بھی اس بل کاپاس ہونا ایک تاریخی فیصلہ اور اگر چہ اس سے پہاڑی عوام کی مجموعی ترقی نہیں سکے گی لیکن یہ اقدام ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اس سے پہاڑی قوم کی شناخت قائم ہوگئی ہے جس کے لئے پہاڑی طبقہ کی طرف سے کئی دہائیوں سے جدوجہد جاری تھی ۔ ایڈووکیٹ تنویر اقبال قریشی نے کہا کہ پہاڑی طبقہ کے ساتھ سابقہ حکومتوں کی طرف سے ہمیشہ زیادتی ہوتی رہی اور مرکزی سرکار نے بھی باربار یقین دہانیاں دینے کے باوجود شیڈیول ٹرائپ کا درجہ التوامیں ہے لیکن آج 71سالوں کے بعد محبوبہ مفتی کی قیادت والی سرکار نے پہاڑی قوم کو ایک شناخت دی ہے۔ قریشی نے کہا کہ تین فیصد ریزویشن دینے سے شیڈیول ٹرائپ درجہ کی جاری جدوجہد میں آسانی ہوگی۔
ترقیاتی پروجیکٹوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیاجائے :ذوالفقار
پیر پنچال کی7 جھیلوں پر جامع پروجیکٹ رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت
نیوز ڈیسک
راجوری//خوراک،شہری رسدات ، امور صارفین اور قبائلی امور کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے حلقہ انتخاب درہال میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی جانب سے عوامی رسائی پروگرام کے دوران کئے گئے وعدوں کی عمل آوری کا تفصیلی جائیزہ ایک میٹنگ کے دوران لیا۔میٹنگ میں گوجر و بکروال مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین گلزار کھٹانہ، کنٹرولر ایل ایم ڈی، ڈائریکٹر قبائلی امور، گوجر بکروال مشاورتی بورڈ کے سیکرٹری، ایڈیشنل ڈی سی راجوری، ایڈیشنل ڈی سی کوٹرانکہ کے علاوہ ایس ایس پی اور ضلع افسران بھی موجود تھے۔ وزیر موصوف نے وزیر اعلیٰ کے وعدے کے مطابق اُجہان پُل کی رابطہ سڑک کے تعمیری کام کو جلد شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پنیہاڑ ، پیری اور دلہیری میں کمیونٹی ہال اور کیول موڑ۔ کنڈن بگلا، ہلٹارڈ۔ باری درہال، گوڑا سرکاری۔ پنجناڑہ، ٹوپا۔ سموٹ۔ گلی درمن اور پلما۔ بی جی ایس بی یو سڑک، موڑا کوٹرانکہ اور دلہیڑی و پنجناڑہ میں پی ایچ سی کی عمارت کی تعمیر کے علاوہ علاقہ میں صحت و تعلیمی کی اپ گریڈیشن کے علاوہ بجلی اور پانی کی ترسیل سے متعلق کئے گئے وعدوں پر جلد کام شروع کرنے کی بھی ہدایت دی۔چوہدری ذوالفقار نے ان پروجیکٹوں پر جلد کام شروع کرنے کے علاوہ علاقہ میں جاری دیگر ترقیاتی پروجیکٹوں کے کام کی رفتار میں سرعت لاکر انہیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ محکمہ دیہی ترقی دلہیری میں کمیونٹی ہال کی تعمیر کا کام ہاتھ میں لے گا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سی ای او عوام کی توقعات کے مطابق حلقہ انتخاب درہال میں نئے سکولوں کے قیام اور موجودہ سکولوں کی اپ گریڈیشن کی فیزیبلٹی رپورٹ پیش کریں۔سی ای او راجوری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو پیر پنچال کی7 جھیلوں کو ملانے اور وہاں پر سیاحتی بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کے لئے ایک تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت دی گئی۔ذوالفقار علی نے اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ کی قیادت میں ایک انٹر ڈیپارٹمنٹ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی جو کہ ضلع میں ٹرائبل ماڈل ولیج پروجیکٹوں کی عمل آوری کی نگرانی کرے گا۔اس سے قبل وزیر موصوف نے پٹلی قلعہ ایکوپارک پر جاری کام کا جائیزہ لیا۔وزیر کو بتایا گیا کہ ایکو پارک کو ترقی دینے کے لئے 5 کروڑ روپے کی مالیت کا ڈی پی آر محکمہ خزانہ کو پیش کیا گیا۔
پی ڈی پی راجوری میں سب کچھ ٹھیک نہیں
ضلع جنرل سیکریٹری سمیت کئی عہدیداروں نے استعفیٰ پیش کردیئے
سمت بھارگو
راجوری //پی ڈی پی راجوری میں سب کچھ ٹھیک نہیں اورحالیہ دنوں ریاستی و ضلع سطح پر ہوئی تنظیمی نامزدگیوں کے بعد کئی لیڈران نے اپنے استعفیٰ پیش کردیئے ہیں ۔ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ دو ہفتوں میں پانچ سے زائد سینئر ارکان نے اپنے عہدوںسے استعفیٰ دے دیاہے جو ضلع اور زونل سطح پر مختلف عہدوں پر کام کررہے تھے ۔ان میں ضلع جنرل سیکریٹری سید منظور بخاری اوربلاک صدر درہال محمد مناف بھی شامل ہیں جنہوںنے اپنے عہدوںسے استعفیٰ دے دیاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ ان لیڈران نے اپنے استعفیٰ ہائی کمان کو روانہ کردیئے ہیں اور ان کاکہناہے کہ وہ کسی عہدے کے بغیر ہی کام کریںگے ۔ذرائع کاکہناہے کہ یہ نوبت اس لئے آئی ہے کیونکہ تنظیمی سطح پر لیڈران میں کشمکش پائی جارہی ہے اور ان کاکہناہے کہ ہائی کما ن نے کچھ لیڈران کو ان کی رائے کے بغیر نامزد کیاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ ہائی کمان نے ضلع باڈی میں عہدوں کی نامزدگی اپنے طور پرکی ہے جس سے کارکنان میں غصہ پایاجارہاہے اور اسی وجہ سے وہ ایک ایک کرکے مستعفی ہورہے ہیں ۔ذرائع نے بتایاکہ پی ڈی پی کے راجوری میں دو گروپ بنے ہوئے ہیں اور ایک گروپ سے تعلق رکھنے والے کارکنان استعفیٰ دے رہے ہیں ۔نام مخفی رکھنے کی شرط پر ایک سینئر لیڈر نے کہاکہ یہ اندرونی سیاست کا معاملہ ہے اور وہ اس پرزیادہ رائے نہیں رکھ سکتے ۔تاہم انہوںنے اس بات کی تصدیق کی کہ ضلع سطح پر کارکنان میں آپسی کشمکش پائی جارہی ہے اوراسی وجہ سے استعفیٰ دیئے جارہے ہیں ۔ رابطہ کرنے پر سید منظور بخاری نے اس بارے میں کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا ۔ تاہم انہوںنے بتایاکہ انہوںنے ضلع جنرل سیکریٹری کے عہدے سے استعفیٰ پیش کردیاہے اور وہ ایک چھوٹے کارکن کے طور پر کام کرنا پسند کریںگے ۔
پرائمری سکول منجاکیر پٹھانہ تیر
اراضی سرکاری یا ملکیتی
معاملے کی تحقیقات کرواکے کارروائی کی مانگ
جاوید اقبال
مینڈھر// مینڈھر کے پٹھانہ تیر کے لوگوں نے سرکار اور محکمہ تعلیم سے اپیل کی ہے کہ گورنمنٹ پرائمری سکول منجاکیر پٹھانہ تیر کی اراضی کو اپنی ملکیتی جتاکر سرکاری ملازمت حاصل کرناچاہتے ہیں ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ یہ سکول سرکاری اراضی پر تعمیر ہواہے جس کا محکمہ مال میں ریکارڈ بھی موجود ہے تاہم اثرورسوخ رکھنے والے چند مقامی افراد اس زمین کو اپنی ملکیت تصور کرتے ہیں ۔ظفر حسین شاہ نامی ایک شخص نے بتایا کہ محلہ منجاکیر میں 2005-06میں ایک پرائمری سکول تعمیر ہوا تھا جو کہ خسرہ نمبر 401کی اراضی پر بنا اور یہ اراضی سرکاری ہے ۔انہوںنے بتایاکہ سکول بننے کے وقت محکمہ جنگلات میں مداخلت کرکے اسے بند کروادیا لیکن بعد میں چند مقامی لوگوں نے حلقہ پٹواری سے مل کراس کا نقلی رکارڈ بنوایا اور پھر ایک باورچی بھی تعینات کروایا۔انہوںنے کہاکہ سکول میں درجہ چہارم کی ایک اسامی آئی ہے اوراس کو بھی غیر قانونی طور پر یہی لوگ ہڑپ کرناچاہتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ وہ سکول کی اراضی کو اپنی ملکیتی زمین تصور کررہے ہیں تاکہ ملازمت حاصل کی جاسکے جبکہ ایسا ہے نہیں ۔انہوںنے چیف ایجوکیشن افسر پونچھ اور زونل ایجوکیشن افسر مینڈھر سے اپیل کی کہ اس معاملے کی تحقیقات کرواکر کارروائی کی جائے نہیں تو وہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیںگے ۔انہوں نے کہاکہ اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے ۔ رابطہ کرنے پر ڈپٹی سی ای او مینڈھر نے بتایاکہ وہ اس بارے میں لاعلم ہیں کہ سکول سرکاری اراضی پر ہے یا ملکیتی اراضی پر لیکن وہ اس کا پتہ کرائیںگے ۔
پونچھ میں مہا شیو راتر ی کی تیاریاں مکمل
حسین محتشم
پونچھ // پونچھ قصبہ میں تمام شیو مندروں کی انتظامیہ کمیٹیوں کی جانب سے شیو راتر کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ اس دوران ایڈیشنل ترقیاتی کمشنر پونچھ ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی نے شیو کھوڑی پونچھ کا دورہ کرکے وہاں انتظامات کا جائزہ لیا۔تہوار کے پیش نظر تمام مندروں کو خوبصورتی سے سجایا گیاہے اور تمام مندروں میں رامائن کا پاٹھ کیاگیا۔ واضح رہے کہ بدھوار کو شیوراتری منائی جائے گی۔
سالانہ پلان مرتب کرکے وقت پر کام شروع کرنے پر زور
عشرت بٹ
منڈی// پی ڈی پی یوتھ کا ایک وفد نو تعینات شدہ بلاک ڈیولپمنٹ افسر منڈی سے ملاقی ہوا اور سالانہ منصوبہ مرتب کرکے وقت پر کام شرو ع کرنے کی اپیل کی ۔ وفد کی قیادت بلاک صدر منڈی بلال مخدومی کررہے تھے ۔اس موقعہ پر کارکنا ن نے بی ڈی او کو منڈی میں تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے یہاں تعمیروترقی کے کام سست روی سے چل رہے ہیں جن میں تیزی لانے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نریگا، ایس بی ایم،14ایف سی،پی ایم اے وائی اور دیگر سکیموں کے تحت زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ دیاجائے ۔مخدومی نے کہا کہ نریگا اسکیم کے تحت پورے سو دن کا روز گار دینے کے وعدے کو پورا کرنے کیلئے محکمہ کی طرف سے پورا تعاون ملناچاہئے اور واجب الادا رقومات واگزار کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو ان کا حق وقت پر دیا جائے جس کے وہ حقدارہیں۔ مخدومی نے کہاکہ منڈی میں زیادہ لوگ مزدور طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں جو نریگا کے کاموں میں دلچسپی رکھتے ہیں مگر افسوس کی بات ہے کہ انہیں کام کرنے کے باوجود وقت پر اجرت نہیں ملتی ۔انہوںنے کہاکہ اعلیٰ سطح سے وقت پر رقومات واگزار کی جائیں تاکہ مزدوروں کے ساتھ ناانصافی نہ ہونے پائے۔انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ جلد از جلد سالانہ پلان مرتب کرکے کام وقت پر شروع شرو ع کروائے جائیں تاکہ کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے ۔اس دوران بی ڈی او نے یقین دلایاکہ وہ ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریںگے ۔وفد میںشکیل پرے ، عبدالاحد ،اعجاز تانترے ،عبدالصمد ، بشیر نجار، اقبال تانترے، غلام قادر نجار، جاوید گنائی بھی شامل تھے ۔
ایم جی نریگا ورکروں کو جانکاری فراہم کی گئی
پرویز خان
منجاکوٹ //بلاک منجاکوٹ کی کلالی پنچایت میں ایم جی نریگا ورکروں کو جانکاری فراہم کی گئی ۔ یہ جانکاری انہیں2018-19کا سالانہ منصوبہ مرتب کرنے کے بارے میں دی گئی ۔ اس موقعہ پر بڑی تعداد میں لوگوںنے شرکت کی اور اس بات پر زور دیاکہ وہی کام کئے جائیں جو گرام سبھا سے منظور ہوں ۔ اس دوران جی آرآیس اور وی ایل ڈبلیو کے علاوہ پنچایت کلالی کے معززین بھی موجود تھے ۔مقامی لوگوں کو سکیم کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے انہیں اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی تلقین کی گئی ۔یہ پروگرام بی ڈی او منجاکوٹ عابد حسین کی ہدایت پر منعقد ہوا۔