جموں//ضلع کشتواڑ کے مڑواہ علاقہ کے لوگوں نے مدوسر دریا کے کنارے تعمیر کئے جانے والے برسر ہائیڈرو الیکٹر پروجیکٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف سینکڑوں کی تعداد میں کنبے بے گھر ہو جائیں گے بلکہ اس سے علاقہ کا ماحولیاتی توازن بھی بگڑ جائے گا۔ پی ڈی پی کے مڑواہ یونٹ کا ایک وفد ایم ایل سی فردوس ٹاک کی قیادت میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملا اور لوگوں کو درپیش مسائل کے بارے میں انہیں آگاہ کیا۔ انہوں نے مقامی لوگوں کی مشکلات کے ازالہ کے لئے وزیر اعلیٰ سے مداخلت کی مانگ کرتے ہوئے مجوزہ پروجیکٹ کی تعمیر کے نتیجہ میں اپنے بے گھر ہونے کے اندیشوں کا ذکر بھی وزیر اعلیٰ سے کیا۔ نذیر احمد سیکرٹری پی ڈی پی نے بتایا کہ مقامی لوگوں کو پروجیکٹ کے حتمی سروے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا ہے اور انہیں خوف دامن گیر ہے کہ پورا علاقہ اس پروجیکٹ کی زد میں آجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس پروجیکٹ کے خد و خال کے بارے میں مطلع نہیں کیا گیا ہے اس طرح پورا علاقہ اس بات پر متفق ہو گیا ہے کہ اس پروجیکٹ کو تعمیر نہ کیا جائے ، اور وفد نے وزیرا علیٰ کو بھی مطلع کر دیا ہے کہ اس پروجیکٹ کو فی الحال ترک کر دیا جائے اور اس سلسلہ میں وفد نے وزیر اعلیٰ سے مداخلت کی مانگ کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا ہے کہ پی ڈی ڈی اور این ایچ پی سی کے ماہرین کی ایک ٹیم علااقہ میں بھیجی جائے گی جو کہ نہ صرف مقامی آبادی کو اعتماد میں لے گی بلکہ ان کی طرف سے پیش کردہ خدشات کے بارے میں بھی ان کے تحفظات کو دور کرے گی۔ دریں اثنا وفد نے مڑواہ کے لئے ایک آف گرڈ سولر کنکٹیوٹی قائم کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا شکریہ ادا کیا، یہ پروجیکٹ پر کام اگلے ماہ شروع ہونے کی توقع ہے ، وفد نے علاقہ میں موبائل اور انٹر نیٹ سہولیات کی فراہمی کے لئے ائر ٹیل کو ہدایات جاری کرنے اور ہیلی کاپٹر خدمات کی فراہمی کیلئے بھی ممنونیت ظاہر کی۔ وفد نے بے روزگاری سے نبٹنے،مڑواہ اور واڑون کیلئے الگ میڈیکل و ایجویشن بلاکوں کی تشکیل ، باز آباد کاری پیکیج تشکیل دینے کے علاوہ خطے میں مزید سلیولر نیٹ ورک متعارف کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ وفد نے مڑوا میں ایک پیکیجنگ یونٹ قائم کرنے ، ایکو سیاحت کو بڑھاوا دینے کے علاوہ علاقے میںصحت و سڑک رابطوں کی سہولیات کو بڑھاوا دینے کے معاملات کو بھی اُجاگر کیا۔ وزیر اعلیٰ نے وفد کو دھیان سے سنا اور مرحلہ وار ڈھنگ سے ان کے مطالبات پورے کرنے کا یقین دلایا ۔