کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ نے آج ایس ایس پی کشتواڑ ابرار چودھری کے ہمراہ مڑواہ سب ڈویژن کا دورہ کیا اور حالیہ برف باری سے پیدا شدہ صورت حال کا جائیزہ لیا ۔اس موقعہ پر ناواپاچی میں سینکڑوں لوگ جمع تھے ، جنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو اپنے درپیش مسائل کے بارے میں آگا ہ کیا ۔ ان میں سے کئی مسائل کو موقعہ پر ہی حل کیا گیا۔اس موقعہ پر متعدد مقررین جن میں غلام حسن خان،ظہور احمد ،غلام رسول بٹ شامل ہیں ،نے عوام کو درپیش مسائل کے بارے میں ضلع ترقیاتی کمشنر کو آگاہ کیا جن میں راشن کا وقت پر نہ ملنا،مجوزہ برسارڈیم کی تعمیر کو منسوخ کرنا،مال مویشیوں کے علاج کے لئے سنٹر کا قیام عمل میں لانے،سی آئی سی مڑھوا کو قابل کار بنانے،ٹی ایس او کی جانب سے راشن میں کی گئی ہیرا پھیری کی تحقیقات کروانے،مڑواہ کے ایسے ملازم جو کشتواڑ اٹیچ کئے گئے ہیں کو بغیر کسی تاخیر کے مڑواہ واپس لانے کا مطالبہ کیا ۔انگریز سنگھ نے عوام کے مسائل کو غور سے سنا اور پیش کئے گئے مسائل کو مرحلہ وار طور پر حل کرنے کا یقین دلایااور کہا کہ افسروں کی ایک ٹیم علاقہ میں قائم دفتروں کا معائینہ کرے گی اور غیر حاضر پائے جانے والے ملازموں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائے جائے گی۔ ڈی سی نے محکمہ شیپ ہسبنڈری کے حکام کو ہدایات دیں کہ اس علاقہ کے دورے پر جلد ایک ٹیم روانہ کریں تاکہ بیمار مال مویشیوں کا علاج کیا جاسکے ۔ ڈی سی نے ایک بیوہ عورت جانا بیگم زوجہ مرحوم عبدالغنی ملک ساکنہ چنجر کو امدادی سامان دیا ۔ اس کا مکان حالیہ برف باری کے دوران منہدم ہو گیا تھا عوام نے جے اینڈ کے بنک کی برانچ کے منیجر کے خلا ف بھی شکایت کی جس پر ڈی سی اسے فوری طور پر تبدیل کردیااور کہا کہ اگر اسے کسی جرم میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف ضابطے کے تحت سخت کاروائی کی جائے گی۔اس دور دراز علاقہ کا دورہ کرنے کے لئے لوگوں نے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کا شکریہ ادا کیا ۔