طرز تعمیر میں بدلاؤ
تعمیرات کے ضابطہ اخلاق پر سختی کے احکامات کا خیر مقدم
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//ریاستی وزیر برائے آفات سماوی، راحت اور باز آبادکاری جاوید مصطفی کی طرف سے ریاست کے ایسے علاقوں میں جو زلزلوں کے لئے انتہائی حساس ہیں،طرز تعمیرات میں بدلاؤ لانے اور تعمیرات کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل در آمد کروانے کے احکامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈوڈہ ڈیولپمنٹ فرنٹ کے صدر اشتیاق احمد دیو نے کہا ہے کہ یکم مئی 2013 کے خوفناک زلزلے کے بعد ماہرین ارتعاش نے یہ واضح کر دیا تھا کہ چناب خطہ زلزلوں کے لئے انتہائی حساس علاقہ ہے۔لہٰذا یہاں محکمہ آفات سماوی کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے اور حکومت پر یہ لازم ہوتا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں مؤثر اقدامات اْٹھائے۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں اْنہوں نے کہا ہے کہ اس کے لئے طرز تعمیر میں بدلاؤ لایا جانا ناگزیر ہے۔پہاڑی علاقوں میں سرکاری تعمیرات خاص کر اسکولوں، اسپتالوں و طبی مراکز کے لئے تعمیر کی جانے والی عمارتیں اور رہائشی مکانات تعمیرات کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل در آمد کروایا جانا چاہیے تاکہ خدا نخواستہ کوئی آفت پیش آئے تو جانی و مالی نقصان کم بلکہ نہ ہونے کے برابر ہو۔اْنہوں نے کہا ہے کہ ایسی تعمیرات کے نہ صرف بہت سارے فوائد ہیں بلکہ یہ دیگر عمارات کی نسبت سستی بھی ہیں۔جس رقم میں اسکول کے چار عام کمرے تیار ہوتے ہیں اس رقم میں ایسے آٹھ کمرے تیار ہو سکتے ہیں۔اس قسم کے مکانات اور عمارتیں تعمیر کرنے کی سہولت بازار میں موجود ہے اور اگر اسے رائج کیا گیا تو90% عوام کو اس کا فائدہ ہو گا۔اْنہوں نے کہا ہے کہ وہ سابوہ اور موجودہ حکومتوں کو اس طرف توجہ دلاتے رہے ہیں مگر اب جب کہ متعلقہ وزارت کا قلمدان ایسے شخص کے ہاتھ میں جو ہمت، طاقت اور جراء ت سبھی کچھ رکھتے ہیں ،لہٰذا اْنہیں اْمید ہے کہ اس سلسلہ میں کچھ نہ کچھ ضرور ہو گا۔اشتیاق دیو نے وزیرِ موصوف کو ڈوڈہ آنے کی بھی دعوت دی ہے تاکہ وہ یہاں کی صورتِ حال از خود جائزہ لیں تاکہ مختصر المدت اور طویل المدت منصوبہ بندی اْن کے لئے آسان ہو۔
بجلی لائین مین جاں بحق
خاتون کی زہر خوردنی ،ضلع ہسپتال منتقل
اسحق عارف
ڈوڈہ//منگل کے روز نیتا دیوی زوجہ بپن سنگھ ٹھاکر ساکنہ چروٹہ عمر 29سال کو پبلک ہیلتھ سینٹر عسر میں زہر خوردنی کے معاملہ میں داخل کیا گیا ۔اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او پبلک ہیلتھ سینٹر عسر پہونچے جہاں خاتون بے ہوش پڑی تھی اور بیان دینے کے قابل نہیں تھی ۔ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے مزید علاج کیلئے ضلع ہسپتال ڈوڈہ منتقل کیا گیا۔دریں اثناء محمد اقبال ولد دین محمد لائین مین محکمہ بجلی کنچا گائوں میںٹرانسفارمر مرمت کرتے ہوئے بجلی کا جھٹکا لگنے سے جاں بحق ہو گیا اسے فوری طور سے ایس دی ایچ ٹھاٹھری منتقال کیا گیا لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔اس سلسلہ میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہے۔
پی ڈی پی ضلع صدر ریاسی وزیرا علیٰ سے ملاقی
زاہد ملک
جموں//ضلع صدر پی ڈی پی ریاسی شفیق الرحمان بٹ ایڈوکیٹ نے آج سرمائی دارلخلافہ جموں میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی اور ان کی لیڈر شپ پر اپنے بھرپور اعتماد کااظہار کیا اور ضلع ریاسی کے پی ڈی پی صدر کی حثیت سے کام کرنے کا موقعہ دینے کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔شفیق بٹ نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ وہ پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنانے میں سخت محنت اور جانفشانی سے کام کریں گے۔انہوں نے اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کو ضلع ریاسی کے عوام کی مانگوں پر مشتمل ایک یاداشت پیش کی۔جن میں گلاب گڑھ ۔ نندی مرگ سڑک کی تعمیر،ریاسی ۔مہور سڑک پر تار کول بچھانے،نارلو ، تندی بانہ،چسانہ سروٹ،چسانہ کالابن،کندر دھن، مامنکوٹ، ہموسن دندا کوٹ،دھامی دیول،مہور بٹوئی اور دیگر سڑکوں کی تعمیر و پختہ بنانے،ضلع کے وسائل سے مالا مال علاقوں کو سیاحتی نقشہ پر لانے، مہور میں آئی ٹی آئی کالج کا قیام عمل میں لانے،متعدد ہائی سکولوںبشمول ایچ ایس بنا،ایچ ایس سنگلی کوٹ،ایچ ایس بہرہ،ایچ ایس بدر،ایچ ایس نہوچ، ایچ ایس دیول،ایچ ایس لار،ایچ ایس بتھوئی کو ہائی سکولوں کا درجہ دینے اور کچھ مڈل سکولوں کو ہائی سکولوں کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا ۔اس کے علاوہ انہوں نے شیر گڑھی اور گلاب گڑھ کی نیابتوں کو تحصیل کا درجہ دینے کا بھی مطالبہ کیا ۔شفیق بٹ نے نندولی پن بجلی پروجیکٹو ں کی تعمیر کا کام جلد شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے چسانہ میں سب ضلع ہسپتال کا قیام عمل میں لانے کی بھی مانگ کی تاکہ اس علاقہ کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آسکیں۔شفیق بٹ نے وزیر اعلیٰ سے استدعا کی کہ وہ اس حلقہ انتخاب میں عوام کو پینے کے پانی کی بہتر سہولیات فراہم کرنے اور بجلی سے محروم دیہاتوں کو بجلی فراہم کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے حکام کو ضروری ہدایات دیں تاکہ ان بنیادی سہولیات سے محروم عوام کو راحت مل سکے۔