پونچھ// پورے ملک کی طرح سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں بھی مہا شیوراتری کا تہوار مذہبی روادری اورعقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔راجوری میں مندروں میں عقیدتمندوں کی بھیڑدیکھی گئی اورلوگ ہون اوردیگرقسم کی پوجامیں مصروف رہے۔ اس دوران لنگروں کابھی خصوصی انتظام کیاگیاتھا۔پونچھ میں اس سلسلہ کی سب سے بڑی تقریب شیو کھوڑی مندر میں منعقد کی گئی جہاںعقیدت مندوں نے پوری ریاست سے آکر بھگوان شیو کی پوجا کر کے عقیدت کا اظہار کیا۔مندر کی انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے اس دوران ہون کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں عقیدتمندوں نے اپنی عقیدت ظاہرکی۔ اس دوران رکن قانون ساز کونسل پردیپ شرما اور یشپال شرما کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ طارق احمد زرگر،ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے اور دیگر افسران نے بھی شیو کھوڑی پہنچ کر حاضری دی۔ انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے مہا لنگر کا بھی اہتمام کیاگیا تھا جس میں بلا لحاظ مذہب و ملت لوگوں نے شرکت کی۔اُدھر قصبہ کے مختلف مندروں میں صبح سے ہی عقیدت مندوں کا سیلاب ا مڈ پڑا ہے۔ کنہیا شیو مندر میں شیو بھکتوں کے پہنچنے کا سلسلہ صبح سے شام جاری رہا یہاں بھی انتظامیہ کی جانب سے تمام عقیدتمندوں کے لئے کھانے پینے کا اہتمام کیاگیاتھا۔کھکھا ناون مندر میں بھی عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے پوجا ارچنا کی۔ انتظامیہ کی جانب سے مہا شیو راتری کے پر امن انعقاد کے لئے پورے ضلع میں حفاظت کے پختہ انتظامات کئے گئے تھے۔