راجوری//ضلع پولیس نے ایک شخص کی جھلسنے کے سبب ہوئی پراسرارموت کے سلسلے میں افرادخانہ ودیگرلوگوں کے احتجاج کے بعد چارافرادکوپوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیاہے۔پولیس ذرائع کے مطابق پون کمار ولد شام لال ساکن کھیری خواص جس کا ساراجسم جھلسا ہواتھا،دوروزپہلے ملاتھاجسے ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں پراس نے دم توڑدیا۔منگل کے روزبعددوپہر متوفی کے لواحقین نے نعش کوتریاٹھ سڑک پررکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیااورالزام لگایاکہ اس واقعے میں مہلوک کے سسرال والوں کاہاتھ ہے۔اس دوران مظاہرین نے اس معاملے کوقتل قراردیتے ہوئے ملزمان کے خلاف کارروائی کامطالبہ کیا۔ایس ایچ او دھرمسال رومال سنگھ موقعہ پرپہنچے اورمظاہرین سے بات چیت کی اوربتایاکہ اس سلسلے میں ایک معاملہ 306 آرپی سی کے تحت درج اورچارافرادکوپوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیاہے۔پولیس نے معاملے کی تحقیقات کی یقین دہانی کرائی جس کے بعدمظاہرہ ختم کیاگیا۔اس سلسلے میں ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ چارافرادکوپوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیاگیاہے اورتحقیقات جاری ہے۔