ڈوڈہ//کانگریس سیوادل چناب ویلی انچارج سنجے منہاس نے حکومت پر خطہ چناب کے ساتھ سوتیلے سلوک اورتعمیروترقی کے سلسلے میںیکسرنظراندازکرنے کاالزام عائدکیاہے۔ مُختلف علاقہ جات کے دورے کے بعد جاری ایک پریس بیان میںکانگریس سیوادل کے چناب ویلی انچارج نے کہاکہ پی ڈی پی ۔بی جے پی مخلوط حکومت کے قیام سے اب تک خطہ چناب میں کوئی بھی ترقیاتی پروجیکٹ شروع نہیں کیاگیاہے جس سے ظاہرہوتاہے کہ حکومت خطہ چناب کے ساتھ سوتیلاسلوک کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈیولپمنٹ کے نام پرحکومت خطہ چناب کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے ۔سنجے منہاس نے کہاکہ غلام نبی آزادکے دورِ حکومت میں خطہ چناب میں تعمیروترقی کاآغاز ہواتھااوربہت سی سڑکوں کاکام ہاتھ میں لیاگیاتھا لیکن مخلوط حکومت کی جانب سے ادھوری پڑی سڑکوں کوابھی تک مکمل نہیں کیاگیاہے ،جوکہ باعث افسوس ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کوخطہ چناب کی تعمیروترقی کی کوئی فکرنہیںہے۔انہوں نے کہاکہ وادی چناب میں تعلیم کے ڈھانچے کوترقی دینے کے لیے بھی حکومت نے کوئی قدم نہیں اٹھایاہے جس کی وجہ سے تعلیمی اعتبارسے بھی خطہ چناب پسماندگی کاشکارہوکررہ گیاہے۔ منہاس نے کہاکہ محکمہ دیہی ترقی کے تحت چلنے والی منریگاسکیم کے مزدوراب تک اُجرتوں سے محروم ہے۔انہوں نے کہاکہ ابھی تک محکمہ دیہی ترقی نے سال 2015-16 کی ادائیگی بھی نہیں کی ہیں جس سے ترقی کے دعوئوں کی پول کھل جاتی ہے۔ سنجے منہاس نے کہاکہ حکومت نے خطہ چناب کے بے روزگارنوجوانوں کیلئے کوئی بھی پالیسی مرتب نہیں کی ہے جس کی وجہ سے نوجوان دربدرکی ٹھوکریں کھانے کیلئے مجبورہیں ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ خطہ چناب کی تعمیروترقی کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں بصورت دیگر خطہ چناب کی عوام پی ڈی پی اوربی جے پی کومعاف نہیں کرے گی۔