کشتواڑ//ضلع کے تحصیل پاڈر کے عوام نے پاڈر میں گورنمنٹ ڈگری کالج کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحصیل کے سینکڑوں طلاب کو کالج کی عدم دستیابی کی وجہ سے اپنی تعلیم جاری رکھنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ تا ہے۔ یہ لوگ گُذشتہ ددو دہائیوںسے یہ مطالبہ کر رہے ہیںلیکن سرکار اس کی جانب کوئی توجہ نہیں دیتی ہے۔علاقہ کے ایک سماجی کارکُن کا کہنا ہے کہ ہائر سیکنڈری سکول اٹھولی سے سینکڑوں طلاب کو بارہویں جماعت پاس کرنے کے بعدڈگری کالج کی عدم دستیابی کی وجہ سے اپنی تعلیم بیچ میں ہی ترک کرنا پڑتی ہے یا اُنہیں مجبور ہوکر جی ڈی سی کشتواڑ یا بیرون ضلع میں داخلہ لینا پڑتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ دور افتادہ علاقہ زیادہ تر مزدور پیشہ سے تعلق رکھتا ہے جسکی وجہ سے وہ اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کیلئے پاڈر سے دور نہیں بھیج سکتے ہیں۔علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دوران مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈران نے انہیں علاقہ میں ڈگری کالج کھولنے کی یقین دہانی کی تھی ، تاہم انتخابات ختم ہونے کے ساتھ ہی وہ ان یقین دہانیوں کو بھول جاتے ہیںجسکی وجہ سے ابھی تک علاقہ کا یہ مطالبہ پورا نہیں ہواہے۔علاقہ کے لوگوں نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے پاڈر کیلئے گورنمنٹ ڈگری کالج منظور کرنے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ علاقہ کے بچے تعلیم کے منور سے فیضیاب ہوسکیں۔